اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کی بیالیسویں مجلسِ شوریٰ مؤرخہ 17 تا 18 مئی 2024ء بمقام بیت السبوح فرانکفرٹ جرمنی منعقد ہوئی۔
مجلس شوریٰ کی تیاری
قواعد کے مطابق جماعتوں میں شوریٰ کے انتخاب کروائے گئے۔ مجلس شوریٰ کے تمام ممبران کو انفرادی طور پر دعوت نامہ، ایجنڈا، پروگرام اور بجٹ کی کاپی بھجوائی گئی۔ ان تمام نیشنل شعبہ جات سے میٹنگز کی گئیں جو شوریٰ کی تیاری میں شامل تھے۔ ان تمام امور میں اطہرسہیل صاحب مربی سلسلہ نے بہت مدد فرمائی۔
امسال پہلی مرتبہ مجلس شوریٰ کے لئے ایک نیا سافٹ وئیر استعمال کیا گیا جسے مکرم مامون فاروق صاحب مربی سلسلہ نے بڑی محنت سے تیار کیا۔ اس سافٹ وئیر کے ذریعہ مقامی جماعتوں میں نمائندگان شوریٰ کے انتخاب کی رپورٹ براہِ راست بھی مرکز کو موصول ہوتی رہی۔ مرکزی مجلس شوریٰ میں شاملین کی حاضری کی رپورٹ بھی سٹیج پر براہِ راست امیر صاحب دیکھ سکتے تھے۔
ممبران شوریٰ کی تعداد
جماعتوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ ایسی جماعتیں جن میں چندہ دہندگان کی تعداد75 سے کم ہے ان کا نمائندہ صدر جماعت ہوگا۔ ایسی جماعتیں جن میں چندہ دہندگان کی تعداد75 سے زیادہ اور 100 سے کم ہے ان کا صدر جماعت کے علاوہ ایک نمائندہ ہوگا۔ اور ایسی جماعتیں جن میں چندہ دہندگان کی تعداد100 سے زیادہ ہے ان کےصدر جماعت کے علاوہ دو نمائندگان شوریٰ ہوں گے۔ اس لحاظ سے مجلس شوریٰ کے 517 ممبران میں سے 475 نے شرکت کی۔
صدران جماعت 183
جماعتوں میں منتخب ممبران شوریٰ 89
لوکل امراء 12
لوکل امارتوں میں منتخب ممبران شوریٰ 52
نیشنل عاملہ کے ممبران 32
خدام الاحمدیہ کے نمائندگان 2
انصاراللہ کے نمائندگان 2
لجنہ اماء اللہ کی ممبرات 27
فیلڈ مربیان 60
جامعہ احمدیہ سے مربیان 3
دفاتر کےمربیان 2
اعزازی ممبران (کوٹہ نیشنل امیر صاحب) 11
کل حاضری 475
پہلے دن کی کارروائی
مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز مؤرخہ 17 مئی 2024ء بروز جمعہ شام پانچ بجے تلاوت قرآنِ مجید سے ہوا۔ مکرم نورالدین اشرف صاحب مربی سلسلہ نے سورۃ آل عمران کی آیات 160 تا 161 تلاوت کیں اور جرمن و اردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب جرمنی نے ممبرانِ شوریٰ کو اپنی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں آج کے زمانہ میں پہلے سے زیادہ اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ کیا ہمارے دین کی ہماری زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت ہے یا نہیں اور کیا ہم اپنی نمازوں کی کما حقّہ حفاظت کر پاتے ہیں؟ حضورانور بار بار جنگِ عظیم کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔ اگر جنگ شروع ہو جاتی ہے تو کیا ہماری روحانی حالت اتنی تسلی بخش ہے کہ ہم اپنی زندگیاں قربان کرسکیں؟ امیر صاحب نے مجلس شوریٰ کے آداب کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ سوچ سمجھ کر اپنا مشورہ دیں تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔ امیر صاحب نے پچھلے سال کے فیصلہ جات پر عمل نہ ہو سکنے پر حضورانورکی ناراضی کے اظہار سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ امیر صاحب نے ممبران شوریٰ کو اپنے اندر سچا تقویٰ پیدا کرنے اور تقویٰ کے ساتھ اپنے بجٹ لکھوانے کی طرف توجہ دلائی۔ بعدازاں دعا کروائی۔
اس کے بعد خاکسار سیکرٹری مجلس شوریٰ نے وہ تجاویز پیش کیں جو نیشنل مجلس عاملہ کی طرف سے ردّ کی گئی تھیں اور حضورانور کی ہدایت کے مطابق سیکرٹری صاحب وقفِ نو جرمنی، سیکرٹری صاحب رشتہ ناطہ جرمنی، قائمقام سیکرٹری صاحب تربیت جرمنی اور سیکرٹری صاحب تبلیغ جرمنی نے اپنے شعبہ جات کی گزشتہ سال مساعی کی رپورٹ پیش کی۔
رَدّ شدہ تجاویز کے بعد قائمقام سیکرٹری تربیت جرمنی نے مجلس شوریٰ 2023ء کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعد سب کمیٹی صنعت و تجارت، سب کمیٹی تربیت اور سب کمیٹی مال کے ممبران کا انتخاب ہوا اور ساڑھے سات بجے سب کمیٹیوں نے اپنے اجلاسات شروع کئے۔ اس دوران دیگر ممبران شوریٰ کا ایک معلوماتی اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں افسر صاحب جلسہ سالانہ کی طرف سے اس سال کے جلسہ سالانہ جرمنی کی معلومات دی گئیں، جماعت جرمنی کی صد سالہ کمیٹی کے صدر مکرم محمد داؤد مجوکہ صاحب نے رپورٹ پیش کی کہ مختلف مرکزی شعبہ جات نے صد سالہ جوبلی کے حوالہ سے اس سال کیا کام کئے۔ مکرم انس ملک صاحب نے Data Protection کے حوالہ سے پریزنٹیشن پیش کی اور مکرم محمد الیاس منیر صاحب مربی سلسلہ نے تاریخ کمیٹی جرمنی کے کام کے بارہ ممبران شوریٰ کو آگاہ کیا اور ان سے تعاون کی درخواست کی۔
مجلس شوریٰ کے پہلے دن کا اختتام ساڑھے آٹھ بجے ہوا اور شام کے کھانے اور نمازِ مغرب و عشاء کے بعد سب کمیٹی مال، سب کمیٹی تربیت اور سب کمیٹی صنعت و تجارت نے اپنے اجلاسات جاری رکھے۔
شوریٰ کے دوسرے دن کی کارروائی
مجلس شوریٰ کی دوسرے دن کی کارروائی مؤرخہ 18.05.2024 بروز ہفتہ بوقت 10:00 بجے تلاوت قرآنِ مجید سے ہوئی۔ مکرم انس جاوید صاحب مربی سلسلہ نے سورۃ شوریٰ کی آیات 37 تا 41 تلاوت کیں اور جرمن اور اردو ترجمہ پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم شاہد محمود صاحب صدر سب کمیٹی مال نے اپنی رپورٹ پیش کی اور سیکرٹری صاحب مال جرمنی نے ہر فنڈ کے بارہ میں ممبران شوریٰ کو آگاہ کیا اور ممبران کو اپنی آراء پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ تحریری طور پر پیش کی گئی تجاویز کا انتخاب کیا گیا۔ افسر صاحب جلسہ سالانہ نے جلسہ کے اخراجات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
سب کمیٹی مال کی رپورٹ اور جماعت کے بجٹ کے بعد مکرم راشد نواز صاحب صدر سب کمیٹی تربیت نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ ممبران شوریٰ نے اپنی تجاویز پیش کیں اور ان کا انتخاب کیا۔ سب کمیٹی تربیت کی رپورٹ کے بعد مکرم منصور احمد صاحب صدر سب کمیٹی صنعت و تجارت نے اپنی رپورٹ پیش کی اور سیکرٹری صاحب صنعت و تجارت جرمنی نے اپنے شعبہ کے وہ کام پیش کئے جن پر اس وقت کام ہو رہا ہے۔
دوسرے دن کا اختتام رات نَو بجے نیشنل امیر صاحب کی تقریر اور دعا سے ہوا۔
مجلس شوریٰ کی تیاری میں مختلف شعبہ جات نے خدمت کی توفیق پائی۔ شعبہ جائیداد نے ہال تیار کیا، کھانے اور شعبہ جات کے ٹینٹ لگائے۔ شعبہ ضیافت نے مہمانوں کے کھانے اور رہائش کا انتظام کیا۔شعبہ سمعی و بصری نے لاؤڈسپیکر اور لیپ ٹاپ کا انتظام کیا۔ شعبہ تعلیم کی طرف سے مکمل شوریٰ کے دوران جرمن اور اردو ترجمہ کا انتظام کیا گیا۔ مجلس خدام الاحمدیہ نے پارکنگ کی ڈیوٹی دی۔
شوریٰ کی تیاری، کارروائی کے دوران اور وائںڈاپ میں جامعہ احمدیہ جرمنی کے 54 طلبا نے مختلف شعبہ جات میں احسن رنگ میں ڈیوٹی دی۔
اللہ تعالیٰ اس مجلس شوریٰ کو جماعتی ترقی کا موجب بنائےاور ہمیں حضورانور کی تمام ہدایات پر کماحقّہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔
(اخبار احمدیہ جرمنی جون 2024ء صفحہ 42 تا 43)