اللہ تعالیٰ کے فضل سے لوکل امارت میورفیلڈن والڈورف کو 24 مارچ 2024ءبروز اتوار جلسہ یوم مسیح موعودؑ منانے کی توفیق ملی۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم مرزا عطاءالحلیم صاحب نے سورۃ الجمعہ کی پہلی چار آیات سے کی اور جرمن زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ جبکہ اردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت خاکسار کو حاصل ہوئی۔ بعدازاں مکرم رضوان احمد جٹھول صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کے منظوم کلام بعنوان ’’محاسنِ قرآن کریم‘‘ سے منتخب اشعار پیش کیے اور مکرم علی شاہد صاحب نے ان اشعار کا جرمن ترجمہ پیش کیا۔ جلسہ کی پہلی تقریر جرمن زبان میں مکرم حمزہ محمود صاحب نے ‘‘حضر ت مسیح موعود علیہ السلام کی اللہ تعالیٰ سے محبّت’’ کے عنوان پر کی۔ اس تقریر کے بعد چاند اور سورج گرہن کی پیشگوئی کے بارہ میں ایک ویڈیو دکھائی گئی۔
جلسہ میں ایک کوئز پروگرام بھی کیا گیا اور صحیح جوابات دینے والوں کو موقع پر ہی انعامات دئیے گئے۔ جلسہ کی اختتامی تقریر مکرم نفیس احمد عتیق صاحب مربی سلسلہ نے سیرت حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے موضوع پر کی۔ اس بابرکت جلسہ کے آخر میں مکرم مبشر احمد باجوہ صاحب لوکل امیرمیورفیلڈن والڈورف نے شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اِختتامی کلمات کہے اور مکرم نفیس احمد عتیق صاحب مربی سلسلہ نے دعا کروائی۔ خدا کے فضل سے اس جلسہ میں 348 افراد کو مسجد میں شرکت کی توفیق ملی۔ پروگرام کے آخر میں شاملین جلسہ کے لئے افطار اور کھانے کا بھی انتظام تھا۔