شجر کاری مہم

مجلس انصاراللہ جرمنی ہر سال مختلف شہروں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کے تحت درخت لگاتی ہے۔ 15 اپریل کو صوبہ Rheinland Pfalz کے شہر Wirges میں نئے تعمیرشدہ سوشل سینٹر کے مرکزی دروازے کے سامنے دو پودے لگائے گئے۔ اس تقریب میں شہر کےمیئراور پانچ جرمن مہمانوں کے علاوہ مقامی احمدی احباب بھی موجود تھے۔ اسی طرح 20 اپریل کو مجلس Bad Marienberg کے انصار نے شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر 300 پودے لگائے۔ اس موقع پر شہر کی میئر Mrs. Sabine Willwacher اور ایک شہری نمائندے Mr. Björn Scheyer بھی موجود تھے۔ نیز پانچ جرمن مہمان بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔

تبلیغی سرگرمیاں

مجلس انصاراللہ جرمنی کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے باقاعدگی کے ساتھ جرمنی کے مختلف شہروں میں تبلیغی سٹال لگانے اور اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں 13 اور 14 اپریل کو جرمنی بھر میں یومِ تبلیغ منایا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصولہ رپورٹس کے مطابق 89 مجالس کے 522 انصار نے فلائرز تقسیم کرنے اور تبلیغی سٹال پر ڈیوٹی دینے کی توفیق پائی اور 72085 فلائرز تقسیم کئے۔ فلائرز کے علاوہ تبلیغی سٹالز پر مزیدجماعتی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا اور اسلامی امن کی تعلیمات اور فوری جنگ بند ی سے متعلق بڑے پوسٹرز بھی آویزاں کئے گئے۔ اسی طرح 27 اپریل کو فرانکفرٹ میں انصار نے ایک تبلیغی سٹال لگایا اور 200 کے قریب جماعتی لٹریچر تقسیم کیا۔

نیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ

مجلس انصاراللہ جرمنی دورانِ سال صحت جسمانی کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے مختلف ورزشی مقابلہ جات منعقد کرواتی ہے۔ اس سلسلہ میں مورخہ 21 اپریل کو Marburg میں نیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جس کے لیے دو سپورٹس ہال ریزرو کئے گئے تھے۔ امسال فٹ بال، والی بال، بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کو اس ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ محترم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیرِصدارت افتتاحی تقریب کے بعد کھیلوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے وقفہ کے بعد تلقینِ عمل کا پروگرام کیا گیا جس میں محترم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے انصاراللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد کھیلوں کا دوبارہ آغاز ہوا جو شام 7 بجے تک جاری رہا۔ کھیلوں کے اختتام کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں نمایاں پوزیشن لینے والی ٹیموں اور انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کے آخر میں محترم انس جاوید صاحب مربی سلسلہ نے اختتامی دعا کروائی اور یہ سپورٹس ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

 

احمدیہ چیریٹی واک

13 اپریل کو علاقہ Bayern کی مجلس میونخ نے علاقہ کے میئر Mr. Franz Heilmeier کی سرپرستی میں چیریٹی واک کا انعقاد کیا۔ یہ واک Neufahrn میں منعقد ہوئی جس میں 90 افراد شامل ہوئے جن میں 58 جرمن مرد اور خواتین شامل تھے۔ اس موقع پر جمع ہونے والی رقوم کے امدادی چیک دو مقامی سماجی تنظیموں میں تقسیم کئے گئے۔ مقامی اخبارات اور میڈیا میں بھی اس چیریٹی واک کی تشہیر کی گئی جس کے ذریعہ جماعت کا پیغام ہزاروں جرمن احباب تک پہنچا۔

علاقائی اجتماع Württemberg

علاقہ Württemberg کا اجتماع مورخہ 28 اپریل کو منعقد ہوا۔ محترم صدر صاحب انصاراللہ جرمنی کی زیرِصدارت افتتاحی تقریب کے بعد علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم اور تقاریر کے مقابلہ جات شامل تھے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں 800 میٹر دوڑ، تیز چلنا، فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، کلائی پکڑنا اور مشاہدہ معا ئنہ شامل تھے۔ نمازوں کی ادا ئیگی اور کھانے کے وقفہ کے بعدتلقینِ عمل کا پروگرام ہوا جس میں محترم شارق افتخار صاحب مربی سلسلہ نے منصب خلافت اور انصاراللہ کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے انصار کو توجہ دلائی۔ جس کے بعد مقابلہ جات کا دوبارہ آغاز ہوا جو کہ شام 18:30بجے تک جاری رہا۔ مقابلہ جات ختم ہونے کے بعد اختتامی تقریب کا آغاز ہواجس میں علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ محترم صدر صاحب انصاراللہ جرمنی کے اختتامی خطاب اور دعا کے بعد اجتماع اختتام پذیرہوا۔

متعلقہ مضمون

  • 42 ویں مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ جرمنی

  • آگے بڑھتے رہو دَمبدم دوستو!

  • جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام

  • جرمنی میں جلسہ ہائے مصلح موعودؓ و مسیح موعودؑ کا انعقاد