مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے تحت جرمنی کے طلبا کا سفر برطانیہ

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے تحت جرمنی کے طلبا کے ایک وفد کو مؤرخہ 18 تا 21 اپریل 2024ء اسلام آباد یوکے کا سفر کرنے اور سیّدنا حضرت امیرالمؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس سفر میں 100 طلبا، دو مربیان سلسلہ اور کمیٹی کے ممبران شامل تھے۔

18 اپریل کی صبح بیت السبوح فرانکفرٹ سے دو بسوں پرسفر کا آغاز ہوا۔ آخن اور ڈنکرک میں مختصر قیام کے بعد وفد اسی روز شام کو بیت الفتوح پہنچ گیا۔ اگلے روز طلبا کو مسجد مبارک اسلام آباد میں سیّدنا حضرت امیرالمؤمنین خلیفۃالمسیح الخامس کی اقتداء میں نماز جمعہ پڑھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ بعدازاں مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیرجماعت یوکے اور مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صدر انصاراللہ یوکے سے الگ الگ ملاقات کا موقع ملا۔

20 اپریل طلبا کے لئے خصوصی طور پر یادگار دن تھا۔ اس روز طلبا کو سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس سے ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی جس میں شاملین کو مختلف موضوعات پر سوال پوچھنے کا موقع بھی ملا۔ ملاقات کے اختتام پر حضورانور نے مختلف خدام سے ان کی تعلیم کے حوالہ سے استفسار فرمایا۔ بعدازاں خدام کو اپنے پیارے آقا کے ساتھ تصاویر بنوانے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اسی روز صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ یوکے محترم عبدالقدوس عارف صاحب سے بھی وفد کی ملاقات ہوئی۔

بعدازاں وفد نے جامعہ احمدیہ یوکے کا تفصیلی دورہ کیا۔ شام کو بیت الفتوح کمپلیکس میں مجلس خدام الاحمدیہ یوکے اور مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے مابین والی بال کاایک دوستانہ مقابلہ ہوا۔ 21 اپریل بروز اتوار وفد نے جرمنی واپسی کا سفر اختیار کیا۔ راستہ میں بیلجیئم میں قیام کرتے ہوئے وہاں خدام کے ساتھ کھانا کھایا اور شام کو بخیر وعافیت بیت السبوح فرانکفرٹ پہنچ گئے۔

الحمدللہ یہ سفر ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ تمام شاملین سفر حضورانور سے ملاقات کے بعد خوشی سے سرشار تھے اور اپنے اندر نیا جوش و جذبہ محسوس کر رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ ہم تمام خدام کو خلیفہ وقت کی کامل اطاعت کرنے والا اور تمام احکام پر لبیک کہنے والا بنائے۔ آمین۔

(اخبار احمدیہ جرمنی جون 2024ء صفحہ 41)

متعلقہ مضمون

  • ہم احمدی انصار ہیں

  • 42 ویں مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ جرمنی

  • جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام

  • جرمنی میں جلسہ ہائے مصلح موعودؓ و مسیح موعودؑ کا انعقاد