کیا جرمنی کے دفاعی بجٹ میں اضافہ ممکن ہوگا؟

جرمن چانسلر اولاف شولس نے حال ہی میں ایک جرمن اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن فوج کے لئے مختص دفاعی فنڈ کو عام بجٹ سے پورا کرنے کی بات کی تھی جس کے بعد جرمنی کی متعدد بڑی سیاسی جماعتوں نے شدید ردِّعمل اور تحفّظات کا اظہار کیا ہے۔ ان میں حکمران اتحاد کی دو جماعتیں بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ یوکرائن پر روس کے حملہ کے بعد جرمن چانسلر کی زیرِقیادت اتحادی حکومت نے وفاقی جرمن فوج کے لئے 100 بلین یورو کا خصوصی فنڈ قائم کیا تھا۔ اس فنڈ کی معیاد اب پوری ہونے والی ہے جس کو جرمن چانسلر عام بجٹ سے اپ گریڈ کرنا چاہتے ہیں۔

یورپین باشندے یوکرین جنگ سے مایوس

یورپین ممالک میں کرائے گئے ایک سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ یورپین ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد روس کے خلاف یوکرائن کی فتح نہیں دیکھتے۔ برلن میں قائم تھنک ٹینک دی یورپین کونسل آف فارن ریلیشنز کی طرف سے کرائے گئے سروے کے مطابق دو سال سے جاری جنگ میں صرف دس فیصد یورپین شہریوں نے روس کے خلاف یوکرین کی کامیابی کی جبکہ 20 فیصد نے روس کی فتح کی توقع ظاہر کی ہے۔ 37 فیصد کا کہنا تھا کہ جنگ کا خاتمہ مذاکرات سے ہی ہوگا لیکن اس وقت تک یوکرین اپنے بڑے حصے سے محروم ہو جائے گا۔

قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے رحجان میں کمی

جرمن پارلیمان کے اندر بائیں بازو کی جماعت ڈی لنکے کی طرف سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے اندر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کے رحجان میں کمی ہو رہی ہے اور شہری مقررہ وقت تک ملازمت کرنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 63 سے 67 سال تک کے ایسے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو ریٹائرمنٹ کی عمر تک پیشہ وارانہ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ 2020ء میں ایسے افراد کی تعداد1.31 ملین تھی جو اب بڑھ کر گزشتہ سال1.67 ملین ہوگئی ہے۔

یورپین یونین کے رکن ممالک میںDisability Card کا اجراء

یورپین یونین کے رکن ممالک نے باہم اتفاق رائے سے معذوروں کے لئے Disability Card کے نام سے ایک یکساں کارڈ جاری کرنے اتفاق کیا ہے جس کی وجہ سے یورپین رکن ممالک میں مقیم معذور شہریوں کو تمام ممالک میں یکساں سہولیات میسر ہوں گی۔ جن میں پارکنگ، عجائب گھروں سمیت دیگر مقامات میں ترجیحی بنیاد پر داخلے کی اجازت ملنا ہے۔ یہ بغیر فیس کے ڈیجیٹل کارڈ ہوگا۔ اس معاہدے کی اب یورپی پارلیمان اور کونسل سے منظوری لینا باقی ہے۔

پاکستانی فیملی کے قاتل کو عمر قید کی سزا

کینیڈا کی ایک عدالت نے قوم پرستی کی بنیاد پر پاکستانی فیملی کے قاتل 22سالہ کینیڈین شہری کو پانچ مرتبہ عمرقید سزا سنائی ہے جس میں چار قتل اور ایک اقدام قتل شامل ہے۔ عدالتی فیصلہ میں لکھا ہے کہ مجرم Nathaniel Veltman کا عمل سفید فام قوم پرست دہشت گردی کے مترادف ہے۔ ججز نے گزشتہ سال نومبر میں اسے مجرم قرار دیا تھا۔ اس شخص نے 2021ء میں لندن اونٹاریو میں چہل قدمی کرنے والے خاندان کو ٹرک کے ذریعہ کچل دیا تھا۔

UNRWA غیر فعال ہونے کو ہے

فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی UNRWA کے کمشنر نے متنبہ کیا ہے کہ اسرائیلی دباؤ اور منجمد فنڈ کے باعث ادارہ مکمل طور پر غیرفعال ہونے کے قریب ہے جس کے باعث لاکھوں فلسطینیوں کی امداد کرنے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جنرل اسمبلی کے صدر کو لکھے گئے اس ایک خط میں کہی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے ادارے کو ختم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اور 150 سے زائد ایجنسی کی حدود اسرائیلی بمباری کی زد میں آچکی ہیں جس میں 390 فلسطینی شہید اور 1300 زخمی ہوئے ہیں۔ 16 ڈونر ممالک کی طرف سے450 ملین ڈالرز کی امداد کی معطلی سے ایجنسی کے تمام آپریشنز متاثر ہوں گے۔

(منور علی شاہد)

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ مارچ 2024ء صفحہ 44)

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں