مجلس ادارت اخبار احمدیہ جرمنی کے رُکن مکرم سلطان احمد قمر صاحب کی اہلیہ محترمہ امۃالمجیب طاہرہ صاحبہ بنت مکرم مرزا مجید احمد صاحب مؤرخہ 12 جون 2023ء کو بعمر44 سال قریباً دو سال تک کینسر کے موذی مرض کا بڑی ہمت سے مقابلہ کرتے ہوئے بقضائے الٰہی وفات پاگئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مرحومہ کے پڑدادا مکرم علم دین صاحب مرحوم نے تحریری بیعت کی جبکہ دادا مکرم فیروز دین صاحب پیدائشی احمدی اور تحریکِ جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں بھی شامل تھے۔ آپ کے نانا مکرم غلام حیدر صاحب نے 15سال کی عمر میں حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کے عہدِخلافت میں بیعت کی۔ آپ 17 فروری 2014ء میں جرمنی آئیں۔
نمازوں کی حفاظت کرنے والی، دوسروں کی مدد اور صدقہ و خیرات کرنے والی خاتون تھیں۔ آپ کو مالی قربانی کا اس قدر شوق تھا کہ اپنی شادی کے وقت والدین سے ملنے والا سارا سامان مریم شادی فنڈ میں عطیہ کر دیا۔ اسی طرح جب آپ جرمنی آئیں تو حضورِانور سے پہلی ملاقات 2014ء میں ہوئی اور اس ملاقات میں بھی آپ نے اپنا زیور حضورِانور کی خدمت میں پیش کر دیا۔ اس کے علاوہ غرباء کے لئے روزانہ کچھ نہ کچھ چندہ نکال کر کسی نہ کسی مدّ میں لکھوا دیتیں۔ تحریکِ جدید میں بھی ایک ہزار یورو چندہ لکھوایا۔ بچوں کو قرآنِ مجید خود پڑھایا۔ اپنی بیماری کے دوران بھی گھر آنے والوں مہمانوں کی خدمت کرتیں اور سارا کام اپنے ہاتھ سے کرنے کی کوشش کرتی تھیں۔ بچوں کو سکول کے لئے خود تیار کرتیں اور ناشتہ بنا کر دیتیں۔ یہاں تک کہ کیموتھیراپی کے بعد جب جسم میں کافی کمزوری محسوس ہوتی ہے اس وقت بھی گھر کے مختلف کاموں میں مشغول رہتیں اور اپنے میاں سے کہا کرتی تھیں کہ آپ میری فکر نہ کریں خداتعالیٰ نے چاہا تو مَیں جلد صحت یاب ہوجاؤں گی ۔
باقاعدگی سے حضورِانور کو خط لکھا کرتی تھیں۔ بہت صبر و ہمت کے ساتھ بیماری کا عرصہ گزارا۔ مرحومہ نے 2018ء میں وصیت کا فارم بھجوانے کے ساتھ ہی چندہ وصیت کی ادائیگی شروع کر دی تھی۔ مرحومہ نے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ آپ مکرم فہیم الدین ناصر صاحب مربی سلسلہ رومانیہ کی بہن تھیں۔
آپ کی نمازِ جنازہ 15 جون کو مسجد بیت العزیز ریڈشٹد میں مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے پڑھائی اورتدفین مؤرخہ 16 جون کو Südfriedhof فرانکفرٹ میں ہوئی۔ تدفین کے بعد مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے دعا کروائی۔
ادارہ مرحومہ کے جملہ لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے ساتھ مغفرت کا سلوک کرتے ہوئے جنت الفردوس میں درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے،آمین۔

متعلقہ مضمون

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا