مجلس صحت جرمنی ہر سال ایک خاص اجلاس کا انعقاد کرتی ہے جس میں سال بھر کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کی جاتی ہے نیز مختلف کھیلوں اور مہمات میں حصہ لینے والوں میں انعامات و سنداتِ خوشنودی تقسیم کی جاتی ہیں۔

امسال یہ پروگرام مؤرخہ 13 جنوری 2024ء بروز ہفتہ بیت السبوح میں مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر امیر جماعت احمدیہ جرمنی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔

شام 17:50 پر تلاوت قرآن کریم سے اس کا آغاز ہوا جو مکرم علیم احمد بھٹی صاحب نے کی اور اس کا جرمن ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد مکرم ملک ابرارالحق صاحب صدر مجلس صحت نے بعض ضروری امور بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حاضرین و اراکین مجلس کا شکریہ ادا کیا۔

انگلستان میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ میں شمولیت اور حضورانور سے ملاقات کی سعادت پانے والی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی خاص طور پر قابلِ ذکر رہی۔ اسی طرح بیڈ منٹن، ہائیکنگ، سائیکلنگ، باسکٹ بال، فٹ بال، ٹیبل ٹینس کے نگران صاحبان نے اپنے اپنے شعبہ کی رپورٹس پیش کیں اور ان کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں جو حاضرین کے لیے دلچسپی کا باعث بنیں۔ ان مہمات و پروگرامز میں حصہ لینے والے احباب نے اپنے تجربات و مشاہدات بھی بیان کئے اور آئندہ کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ جن میں فٹنس اور صحت مند خوراک سے متعلق ہدایات شامل تھیں۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب جرمنی نے اسناد تقسیم کیں۔ ان میں وہ احباب بھی شامل تھے جو جلسہ سالانہ یوکے اور جرمنی میں سائیکل سفر کرکے شامل ہوئے۔

محترم امیر صاحب جرمنی نے مجلس صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ مجلس صحت جماعت کی مختلف تنظیموں میں سے کسی ایک تنظیم سے مختص نہیں بلکہ جماعت احمدیہ کا ہر فرد اس میں شامل ہوسکتا ہے۔ محترم امیر صاحب نے اس کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مختلف طبقات کے لوگوں سے روابط مضبوط ہوتے ہیں اور خدمت خلق و تبلیغ کی راہ ہموار کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔ امیر صاحب نے کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ افراد کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نیز بتایا کہ 10 فروری کو گروس گیراؤ میں ’’لانگ واک‘‘ ہوگی اس میں زیادہ سے زیادہ دوستوں کو شامل کریں۔

محترم امیر صاحب نے حضورانور کے فلسطین کے حوالہ سے ارشادات و ہدایات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ جرمن افراد تک حالات کی سنگینی اور نزاکت کے پیش نظر پیغام پہنچانے کی تلقین کی۔

شام سوا سات بجے یہ پروگرام دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس کے خاطر خواہ مفید نتائج پیدا فرمائے اور جماعتی خدمات و ترقیات میں دور رَس اثرات ظاہر فرمائے،آمین۔

(رپورٹ: صادق محمد طاہر)

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ فروری 2024ء صفحہ 40)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں