مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام مؤرخہ 16 دسمبر 2023ء کو Hanau کی مسجدبیت الواحد میں بیک وقت نیشنل تبلیغ سیمینار اور سولہویں آل جرمنی علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ یہ دونوں پروگرام مجلس انصاراللہ جرمنی کے یو ٹیوب چینل کے ذریعہ براہِ راست دکھائے گئے۔ ان پروگرامز کی افتتاحی تقریب صبح دس بجے زیرِصدارت صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مکرم مبارک احمد شاہد صاحب منعقد ہوئی۔ آغاز میں مکرم حافظ محمد ظفراللہ صاحب قائدتعلیم نے تلاوت کی اور اردو ترجمہ پیش کیا جبکہ مکرم ڈاکٹر راشد نواز صاحب قائد اشاعت نے جرمن ترجمہ پڑھا۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے عہد دہرایا اور افتتاحی کلمات کے بعد دعا کروائی۔

دوسرا تبلیغ سیمینار

صبح پونے گیارہ سے شام چھ بجے تک جاری رہنے والا دوسرا نیشنل تبلیغ سیمینار تین نشستوں پر مشتمل تھا جس میں چار لیکچرز، ایک سوال جواب کی محفل اور دیگر پروگرامز شامل تھے۔ یہ سیمینار مسجد کے مردانہ نماز ہال میں منعقد ہوا۔ پہلی نشست میں اوّلین لیکچر مکرم محمد احمد راشد صاحب مربی سلسلہ نے ‘کامیاب داعی اللہ کی خصوصیات’ کے موضوع پر دیا۔ اس کے بعد دوسرا لیکچر مکرم شمشاد احمد قمر صاحب مربی سلسلہ و پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے ‘اسلام پر ہونے والےعمومی اعتراضات اور ان کے جوابات’ کے عنوان پر اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دیا۔ 12 بجے سوال و جواب کی مجلس شروع ہوئی جس میں مذکورہ بالا مربیان سلسلہ نے سوالات کے جوابات دیئے۔ اس کے بعد قائدصاحب تبلیغ نے 2023ء کے لائحہ عمل قیادت تبلیغ کےبارے ایک دستاویزی رپورٹ پیش کی جس کے اختتام کے ساتھ ہی نمازوں اور کھانے کا وقفہ کیا گیا۔

وقفہ کے بعد دوسری نشست میں تنازعہ فلسطین و اسرائیل پر گروپ میٹنگ کی گئی۔ انصار کے چار گروپس نے موضوع کی مناسبت سے مختلف سوالات کے جوابات تیار کئے جنہیں بعدازاں گروپ لیڈرز نے پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد چار بجے شام سیمینار کی تیسری اور آخری نشست کا آغاز ہوا جس میں آن لائن ویڈیو کے ذریعہ مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ یوکے نے حضرت مسیح موعود کےانداز تبلیغ کے متعلق لیکچر دیا۔ شا م چار بج کر پچاس منٹ پر سیمینار کا آخری لیکچر شروع ہوا جس میں مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے اپنے موضوع ‘تبلیغ کی راہ میں مشکلات اور ان کا حل’پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ سیمینار میں کل 290 انصار نے اصالتاً شرکت کی۔

16ویں آل جرمنی علمی مقابلہ جات

انصاراللہ کےعلمی مقابلہ جات صبح پونے گیارہ بجے بیت الواحد کے لجنہ ہال میں مکرم بشیر احمد رہان صاحب نائب صدر اوّل کی نگرانی میں شروع ہوئے۔ ان میں حفظ القرآن، مقابلہ نظم معیار اوّل اور دوم، پرچہ، پیغام رسانی اور بیت بازی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ نمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے وقفہ کے ساتھ شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہےجن کے بعد اختتامی تقریب زیرِصدارت مکرم مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کے بعد صدر صاحب انصاراللہ نے امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے اور مختصر خطاب کیا۔اس موقعہ پر کل 162 انصار حاضر تھے جن میں سے131 انصار نے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔مقابلہ جات میں شامل ہونے والےتمام انصار کو اسناد شرکت بھی دی گئیں۔

شام چھ بجے صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے اختتامی کلمات کہے جس کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

(منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ جنوری 2024ء صفحہ 18)

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء