شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی جماعت جرمنی

مؤرخہ 12 نومبر2023ء کو شعبہ تعلیم القرآن وقفِ عارضی جرمنی کے زیرِ اہتمام سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت جرمنی کی زیرِصدارت بیت السبوح فرانکفرٹ میں منعقد ہوئی۔ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوئے۔

امسال دو طلباء عزیزم حافظ ساحل ادریس اور عزیزم حافظ تحسین محمود نے تکمیل حفظ القرآن کی سعادت حاصل کی۔ علاوہ ازیں حفظ کلاس کے سالانہ امتحانات میں احسن کارکردگی دکھانے والے طلباء، نیز معلّمین کلاسز اردو و جرمن ترجمہ اور ترتیل القرآن کے امتحانات پاس کرنے والے طلباء کو بھی انعامات و اسناد دی گئیں۔ اسی طرح سن 2022-23ء میں وقف عارضی میں مثالی کارکردگی دکھانے والی جماعتوں/حلقہ جات میں بھی اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعود کے منظوم کلام سے ہوا۔ اس کے بعد انچارج حفظ القرآن کلاس مکرم لئیق احمد صاحب نے حفظ مکمل کرنے والے دو طلباء کا مختصر تعارف پیش کیا۔

عزیزم حافظ ساحل ادریس

عزیزم حافظ ساحل ادریس صاحب ابن مکرم عاطف علیم ادریس صاحب کا تعلق لوکل امارت Dietzenbach کے حلقہ بیت الہادی سے ہے۔ عزیزم نے 17 جولائی 2017ء کو حفظ کلاس میں داخلہ لیا اور 17 جون 2023ء کو پانچ سال اور 11 مہینے کے عرصہ میں بعمر 18سال قرآن مجید مکمل حفظ کرنے کی سعادت پائی، الحمدللہ۔ اس عرصہ میں عزیزم نے اپنے سکول کی پڑھائی کے ساتھ ساتھ محنت، عزم اور دلی لگن کے ساتھ یہ سعادت بھی پائی۔ ان کے والدین نے بھی شعبہ ہذا سے بھرپور تعاون کیا۔

مکرم حافظ عقیل باجوہ صاحب نے بطور استاد خدمت قرآن کی سعادت پائی۔ اسی طرح مکرم رانا شیراز صاحب مربی سلسلہ نے بھی اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کیا،فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔

عزیزم حافظ تحسین محمود

دوسرے طالب علم حافظ تحسین محمود صاحب ابن مکرم انتصار محمود صاحب جماعت Oldenburg ہیں۔ انہوں نے 27 اگست 2019ء کو حفظ قرآن کلاس میں داخلہ لیا اور 20 جون 2023ء کو صرف 3 سال اور 10 ماہ کے عرصہ میں بعمر 15سال حفظ القرآن مکمل کرنے کی سعادت پائی۔ انہوں نے بھی بڑی محنت اور لگن سے اس کی توفیق پائی۔ بطور استاد مکرم لمعات مرزا صاحب نے اپنی خدمات پیش کیں۔ آپ قاعدہ ترتیل القران کے مصنف ہیں اور جرمنی بھر سے بچے آپ کی خدمات سے مستفیض ہو رہے ہیں۔

عزیزم کو مقامی مربی سلسلہ مکرم سیّد سلمان شاہ صاحب کا بھی بھرپور تعاون حاصل رہا۔

حفاظ کے تعارف کے بعد امیر صاحب نے دونوں طلباء میں اسناد و نقد انعام اور اساتذہ و مقامی مربیان سلسلہ کو تحائف تقسیم کئے۔

بعد ازاں مبلغ انچارج جرمنی مکرم صداقت احمد صاحب نے قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرنے اور تعلیم کوپھیلانے کی اہمیت پر تقریر کی۔

تقریر کے بعد مکرم حشام احمد صاحب معاون شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی نے حفظ القرآن کلاس، معلّمین کلاس کے امتحانات اور وقف عارضی 23-2022ء کی رپورٹ کارکردگی پریزنٹیشن کی صورت میں پیش کی۔

حفظ القرآن کلاس کے امتحانات مؤرخہ 31 جولائی تا 4 اگست بمقام جامعہ احمدیہ جرمنی منعقد ہوئے جس میں 52 طلباء نے حفظ کردہ سپاروں کا امتحان دیا۔ اس میں 16 ممتحنین اور انتظامیہ کے 17 کارکنان نے خدمت کی توفیق پائی۔ ان امتحانات میں احسن کارکردگی دکھانے والے طلباء کو بھی انعامات دئیے گئے۔

تقسیم انعامات کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نے اختتامی تقریر میں خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے حفظ مکمل کرنے والے طلباء اور امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی نیز حفظ القرآن، تعلیم القرآن اور وقف عارضی سے متعلق اپنی قیمتی نصائح سے نوازا۔ بچوں کو قرآنی تعلیم دِلوانے کی طرف والدین کو توجہ دلائی۔ مکرم امیر صاحب نے طلباء اور معلّمین اور صدران جماعت کو انعامات سے بھی نوازا۔

معلّمین ترجمۃالقرآن درجہ اولیٰ کے 12 طلباء اور درجہ ثانیہ کے 14 طلباء اور درجہ ثالثہ کے 11 طلباء نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔ معلّمین جرمن ترجمۃالقرآن درجہ اولیٰ کے 5، درجہ ثانیہ کے 6 طلباء نے اور معلّمین جرمن ترتیل القران کلاس کے 5 طلباء نے اپنا کورس مکمل کیا ان سب طلباء کو بھی انعامات دئیے گئے نیز معلّمین کلاسز کے اساتذہ و مربیان سلسلہ مکرم امتیاز شاہین صاحب، مکرم شمس اقبال صاحب اور مکرم انصر بلال صاحب کو بھی تحائف دئے گئے۔

آخر میں ناظم اعلی تقریب محترم عباس احمد صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا نیز اس تقریب کے انتظامات میں مددگار جماعتوں اور وقف عارضی کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس تقریب میں خواتین کی شمولیت کا انتظام بھی کیا گیا تھا جس میں شعبہ سمعی و بصری نے آواز اور براہِ راست ویڈیو کے لیے سہولت مہیا کی۔ نیشنل شعبہ ضیافت اور جائیداد اور انتظامیہ بیت السبوح نے اس تقریب کو کامیاب کرنے میں خصوصی تعاون کیا۔ تقریب میں قریباً 300 احباب و خواتین شامل ہوئے۔

مکرم انتصار محمود صاحب، مکرم امیر صاحب جرمنی، عزیزم حافظ تحسین محمود، مکرم لمعات مرزا صاحب

مکرم امیر صاحب جرمنی، عزیزم حافظ ساحل ادریس، مکرم عاطف علیم ادریس صاحب

حفظ القرآن کلاس جرمنی 2017ء سے جاری ہے جس میں ہر سال نئے طلباء کا اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل سے 58 بچے حفظ القرآں کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

سال 2024ء کی کلاس میں داخلہ کے لیے رجسٹریشن جاری ہے اور اس کی آخری تاریخ 31 جنوری 2024ء ہے۔ آٹھ سے گیارہ سال تک کی عمر کے بچے شعبہ تعلیم القرآن و وقفِ عارضی کی مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر آن لائن درخواست بھجوا سکتے ہیں۔

www.taleem-ul-quran.de/quran/hifz-ul-quran-klassen/

بچوں کی مصروفیات یعنی اسکول اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے مقررہ کردہ استاتذہ اور مقامی مربیان سلسلہ بچوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن ویڈیو کلاسز کا اہتمام کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ خدمت قرآن کرنے والے تمام اساتذہ، کارکنان، طلباء اور والدین کو اپنے بےحد فضل سے نوازے، آمین۔

رپورٹ: مکرم بلال اویس صاحب مربی سلسلہ، شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی جرمنی

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں