نئے سال کي آمد پر ايک پر وقار تقریب

جماعت احمدیہWittlich کو سالِ نَو کے موقع پر مؤرخہ 10 جنوري 2024ء کو مسجد بیت الحمد ميں ایک تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی جس ميں شہر کے مئير Joachim Rodenkirch اور قومي اسمبلي کے ممبر Patrick Schnieder، شہر کي انتظاميہ کے افسران، پوليس کے منتظمينِ اعليٰ، مذہبي شخصيات، سياست دان اور تعلیم کے شعبہ سے منسلک احباب و خواتين شامل ہوئے۔ مکرم نيشنل امير صاحب جرمني نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کريم وجرمن ترجمہ کے بعد جرمني جماعت کی صد سالہ کارگزاري پر مشتمل وڈیو فلم دکھائي گئي۔ مہمانان کرام نے جماعت احمدیہ کے بارے ميں مثبت خيالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کي خدمات کو سراہا۔ مکرم امير صاحب نے غزہ و فلسطين کے علاقے ميں ہونے والے ظلم و بربريت کا اظہار بڑے جذباتي اور پُر اثر انداز ميں کيا۔ پروگرام کے آخر شاملین کے لئے کھانے کا انتظام تھا۔ اس پروگرام ميں 46 مہمانان کرام شامل ہوئے۔

اَمن و آشتي کے ليے دعائيہ تقريب

مؤرخہ20 جنوري کو Wittlich شہر کے ايک ہال ميں دنیا میں امن و آشتی کے لئےدعائيہ تقريب منعقدہوئی جس میں مختلف مذاہب کے نمائندگان شامل ہوئے۔ اس پروگرام کی تجویز مذاہب کے درميان ہم آہنگي پيدا کرنے والي ايک تنظيم Bistum Trier کے نگران جناب Rene Richtscheid کي طرف سے آئی۔ پروگرام کے انعقاد کے ليے شہر کي مرکزی لائبريري ميں دو ميٹنگز ہوئيں جن ميں خاکسار، صدر صاحب جماعت، سيکرٹري صاحب تبليغ اور جنرل سيکرٹري صاحب شامل ہوئے۔ جماعت کي طرف سے پروگرام کي ابتداء تلاوت ِقرآن کريم سے کرنے کي تجويز دي گئي اور اسي طرح امن و آشتي کے موضوع پر معروف احمدي جرمن شاعر و اديب مکرم ہدايت اللہ ہيوبش صاحب کي جرمن زبان ميں ايک نظم پڑھنے کا مشورہ ديا گياجسے منظور کر لیا گیا۔ مقررہ دن وقت پر اس پروگرام کا آغاز ہوا جس ميں مختلف مذاہب کے نمائندگان کے علاوہ شہر کے مئير جناب Rodenkirch صاحب اپنی اہلیہ کے ساتھ شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن کريم و جرمن ترجمہ ايک ترک مسلمان نے پيش کيا جس کے بعدقرآن کريم و احاديث سے دعا پيش کرنے کی سعادت مکرم Kasim Dalkilic سيکرٹری صاحب تبليغ اور عمران احمد ظفرصاحب کے حصّہ ميں آئي۔ بعدہٗ جرمن نظم جماعت وٹلش کے اطفال نے Muslime Für Frieden (مسلمان برائے امن) کی شرٹس پہنے ہوئے پيش کرنے کی توفيق پائی۔ اس کے بعد عيسائيوں کے نمائندگان نے بائبل اور اپنی مذہبی کتب سے چند دعائيں پيش کيں۔ پروگرام کےآخر ميں مئير صاحب نے اس تقریب کے انعقادپر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےجماعت کی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کے پروگرام بار بار رکھنے کی خواہش کا اظہار کيا۔ اس تقریب میں جماعت احمدیہ کا ماٹو Liebe Für Alle Hass Für Keine يعنی ’’محبّت سب کے ليے نفرت کسی سے نہيں‘‘ نماياں طور پر لہرا رہا تھا۔ تقریب میں شاملين کی تعداد 46 رہی۔

(رپورٹ: مکرم جاوید اقبال ناصر صاحب، مربی سلسلہ وٹلش)

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ فروری 2024ء صفحہ 42)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں