مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے پروگرامز

نئے سال کے موقع پرنماز تہجد اور وقار عمل

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے زیر انتظام سال ِنَو کے آغاز پر حسب سابق تمام مجالس میں نماز تہجد کا اہتمام کیا گیاجس میں 266 مجالس کے 4980 خدام اور 1206 اطفال شامل ہوئے۔ نمازوں کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کا پیغام سنایا گیا۔ اکثر مقامات پر احباب جماعت کے لئے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔ بعدازاں وقارِعمل کیا گیا جس میں سال نَو کے استقبال کے لئے مقامی افراد کی طرف سے کی جانے والی آتش بازی سے پیدا ہونے والے کوڑا کرکٹ کی صفائی کی گئی۔ خدمت خلق کے اس کام کو مقامی شہری انتظامیہ اور شہریوں کی طرف سے سراہا گیا۔ وقارِعمل میں 3778 خدام اور 978 اطفال نے حصہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقارِعمل میں پورے جرمنی میں 3192 کوڑے کی بوریاں جمع ہوئیں۔

نیشنل تربیتی کلاس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے 23 تا 28 دسمبر 2023ء کو اپنی انیسویں نیشنل تربیتی کلاس جامعہ احمدیہ جرمنی میں منعقد کرنے کی توفیق پائی جس میں 275 خدام نے شمولیت اختیار کی۔ خدام کو 7 کلاسز میں تقسیم کیا گیا جبکہ 14 طلباء جامعہ احمدیہ Mentor کے طور پر تربیتی کلاس کے دوران خدام کے ساتھ رہے اور اخوت اور دوستانہ ماحول میں خدام کی تعلیم و تربیت اور راہنمائی کرتے رہے۔ نیز خدام کو تہجد، تلاوت اور نمازوں کی تلقین کے ساتھ ساتھ روزانہ ورزش کی ترغیب بھی دلاتے رہے۔ کلاس کے دوران خدام کوتفسیر، کلام، تاریخ اسلام اورتاریخ احمدیت کے مضامین پڑھائے گئے۔ اسی طرح ورزش کے لئے فٹبال، والی بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، تیراکی، ذاتی تحفّظ اور پنجہ آزمائی کا انتظام کیا گیا۔

ہر شام بزرگان سلسلہ کے ساتھ خصوصی نشستیں منعقد ہوتی رہیں۔ ایک نشست میں حضورانور کی خصوصی اجازت سے محترم حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ انگلستان نے شرکت کی۔ دیگر نشستوں میں نیشنل امیر صاحب جرمنی، مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی اور مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی شامل ہوئے۔

تربیتی کلاس کے آخر پر تمام خدام کا امتحان لیا گیا۔ 28 دسمبر 2023ء کو تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب ہوئی جس میں مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے شرکت کی۔

نیشنل تبلیغ سیمینار

مؤرخہ 23 تا 25 دسمبر 2023ء مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو نیشنل تبلیغ سیمینار ناصرباغ، گروس گیراؤ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں 1131 خدام کو شامل ہونے کی توفیق ملی۔ اس سیمینار میں مندرجہ ذیل علماء نےلیکچرز دئیے۔

مکرم عبداللہ واگس ہاؤزرصاحب امیر جماعت جرمنی، مکرم سعید عارف صاحب مربی سلسلہ، مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی، مکرم شرجیل خالد صاحب مربی سلسلہ، مکرم افتخار ملک صاحب، مکرم طارق ہیوبش صاحب، مکرم طاہر چوہدری صاحب، مکرم حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ یوکے، مکرم افتخار احمد صاحب مربی سلسلہ، مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی، مکرم حسنات احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ جرمنی، مکرم منیر عودہ صاحب ڈائریکٹر ایم ٹی اے انٹرنیشنل، مکرم باسل اسلم صاحب مربی سلسلہ، مکرم شعیب عمر صاحب مربی سلسلہ، مکرم رضی اللہ نعمان صاحب مربی سلسلہ، مکرم پروفیسر نبیل اسلم صاحب، مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے۔

لیکچرز کے علاوہ مکرم عدیل خالد صاحب مربی سلسلہ اور مکرم راشد پاک ترک صاحب مربی سلسلہ کے ساتھ ایک مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ ان ایام میں مجلس انصار سلطان القلم کی طرف سے خدام کے لئے تبلیغ ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا۔

(رپورٹس: مکرم اسامہ احمد صاحب مربی سلسلہ ومعتمد مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی)

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ فروری 2024ء صفحہ 30)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں