سال 2023ء میں مجلس صحت جرمنی کو کھیلوں کے مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔ ان تمام پروگرامز میں مجموعی طور پر سینکڑوں اطفال خدام اور انصار نے شمولیت اختیار کی۔

جنوری 2023ء میں مجلس صحت گالا ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم امیر صاحب جماعت جرمنی نے سال 2022ء کے دوران مختلف کھیلوں میں شامل ہونے والے افراد کی کارکردگی کو سراہا اور اعزازی اسناد دیں۔

کرکٹ

کرکٹ کی نیشنل ٹیم کے سکواڈ کی ٹریننگ کے لئے ماہانہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس وقت نیشنل ٹیم کے اسکواڈ میں جرمنی بھر سے 49 کھلاڑی شامل ہیں۔ امسال تمام کھلاڑیوں کا مقصد انٹرنیشنل مسرور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شامل ہونا تھا۔ ان کیمپس میں شاملین کی اوسط تعداد 25 رہی جس کی بنیاد پر جماعت جرمنی کی نمائندگی کے لئے ایک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حتمی ٹیم کے انتخاب کے بعد دوستانہ میچز کا اہتمام کیا گیا جو جماعت احمدیہ ہالینڈ کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہالینڈ میں کھیلے گئے۔

29 مئی 2023ء کو کرکٹ ٹیم بیت السبوح فرانکفرٹ سے دعاؤں کے ساتھ انگلینڈ کے لئے روانہ ہوئی اور ایک لمبے عرصہ کے بعد فائنل میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی، الحمدللہ۔ جماعت احمدیہ جرمنی کی صد سالہ جوبلی کی مناسبت سے ملکی سطح پر کرکٹ کا تین روزہ ٹورنامنٹ بھی منعقد کروایا گیا جس میں چھ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹیم ‘احمد’ نے کامیابی حاصل کی۔

سائیکلنگ

جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت کی غرض سے مکرم امیر صاحب جرمنی کی قیادت میں 40 سائیکل سواروں کا قافلہ 23 جولائی 2023ء کو ناصر باغ سے روانہ ہو کر براستہ بیلجئیم و فرانس مؤرخہ 27 جولائی کو جلسہ گاہ حدیقۃالمہدی پہنچا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

اس قافلہ میں 6 افراد جماعت احمدیہ امریکہ کی نمائندگی میں اور ایک بھائی جماعت احمدیہ متحدہ عرب امارات سے شامل ہوئے۔ Dover کے مقام پر جماعت احمدیہ آئرلینڈ کا 17 افراد پر مشتمل گروپ بھی اس قافلہ کے ہمراہ ہوگیا۔

دوران سال مختلف مواقع پر سائیکل اسفار کا انعقاد کیا گیا۔ تمام سائیکل سوار جماعت کی طرف سے تیار کئے گئے مخصوص سائیکلنگ سوٹ پہنتے ہیں جن کی شرٹ پر جرمن میں جماعت کا ماٹو’محبّت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘ اور ’مسلمان امن کے نمائندے‘تحریر ہے۔ یہ پُرکشش پیغامات جرمنی کے رہائشیوں کی توجہ کھینچتے ہیں اور اس طرح تبلیغ کے مواقع بھی میسر آتے ہیں،الحمدللہ۔

کوہ پیمائی

ہر سال کی طرح سال 2023ء میں بھی مجلس صحت جرمنی کے زیر انتظام ہائیکنگ کے تین پروگرام ہوئے۔

Hochgern

جرمنی کے صوبہ بائرن میں واقع 1748میٹرز بلند پہاڑ Hochgern پر ہائیکنگ کے لیے 44 افراد کا قافلہ مؤرخہ 11 فروری کو بذریعہ بس ناصرباغ گروس گیراؤ سے روانہ ہوا۔ رات میونخ کے قریب احمدیہ’مسجد المہدی‘ نوئے فارن میں قیام کیا گیا۔ اگلے روز صبح سویرے قافلہ بذریعہ بس پہاڑ کی طرف روانہ ہوا۔ آٹھ بج کر پانچ منٹ پر پارکنگ سے چوٹی کی طرف پیدل سفر کا آغاز ہوا۔ چودہ سو میٹر کے بعد شدید برف موجود ہونے کی وجہ سے چڑھائی کافی مشکل تھی البتہ موسم بہت خوشگوار تھا، الحمدللہ۔ چند افراد کے علاوہ اکثریت پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب رہی۔ چوٹی پر پہنچ کر نعرہ ہائے تکبیر بلند کئے گئے اور لوائے احمدیت لہرایا گیا۔

Vincent Pyramide

اس سال کا دوسرا پروگرام ایسے افراد پر مشتمل تھا جو کسی حد تک کوہ پیمائی کا تجربہ رکھتے ہوں۔ اس کے لیے اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے سرحدی علاقہ Monte Rosa کے پہاڑی سلسلہ میں واقع 4215میٹرز بلند پہاڑ Vincent Pyramide کا انتخاب کیا گیا۔ 12 افرادپر مشتمل یہ قافلہ مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کی قیادت میں مؤرخہ 14 جولائی 2023ء کی شام کو ناصرباغ سے روانہ ہوا۔ ساری رات سفر کرنے کے بعد قافلہ اگلے روز صبح سویرے Monte Rosa کے مقام Staffel پہنچا جہاں ناشتہ کے بعد لفٹ کے ذریعہ 3200 میٹر تک کی بلندی تک پہنچے۔ وہاں سے آگے دشوار گزار راستوں اور گلیشیرز کو پیدل پار کرتے ہوئے 3600 میٹرز تک پہنچ کر خیمے لگائے گئے اور کھانا تیار کیاگیا۔ رات درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ گیا تھا۔ اگلی صبح 16 جولائی کو 9 افراد چوٹی کی طرف پیدل روانہ ہوئے جن میں سے 7 افراد 4215 میٹرز جبکہ 2 افراد 4147میٹرز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ بادلوں اور شدید سرد ہواؤں کی وجہ سے چوٹی تک پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔ چوٹی پر پہنچ کر ٹیم کے افراد نے چند لمحات گزارے اور لوائے احمدیت لہراتے ہوئے نعرہ ہائے تکبیر بلند کئے۔ شدید سردی اور ناہموار جگہ کی وجہ سے چندافراد بیماری یا تھکاوٹ کی وجہ سے چوٹی پر جانے والے قافلہ میں شامل نہ ہوسکے اور انہوں نے خیموں والی جگہ پر ٹھہر کر اوپر جانے والی ٹیم کی واپسی کا انتظار کیا۔ 16 جولائی 2023ء کو کامیاب مہم کے بعد قافلہ واپسی کے لیے روانہ ہوا اور رات بخیروعافیت ناصرباغ گروس گیراؤ پہنچا، الحمدللہ۔

Wank

4 نومبر 2023ء کو جرمنی کے صوبہ بائرن کے پہاڑی سلسلہ آلپن میں 1780 میٹرز بلند پہاڑ Wank پر ہائیکنگ کا پروگرام رکھا گیا۔ 3 نومبر کی رات کو دو بسوں پر مشتمل قافلہ گروس گیراؤ سے روانہ ہوا۔ صبح سویرے پارکنگ میں پہنچ کر ناشتہ کیا گیا۔ چونکہ 2023ء کا سال جماعت احمدیہ جرمنی، سو سالہ جشن تشکر کے طور پر منا رہی تھی اسی مناسبت سے ٹارگٹ رکھا گیا تھا کہ کم از کم 100 افراد اس مہم میں شامل ہوں جو الحمدللہ مکمل ہوگیا۔ شاملین نے پارکنگ میں جمع ہو کر 100 کا ہندسہ بنایا جسے ڈرون کیمرہ کی مدد سے فلمبند بھی کیا گیا۔

ان پروگراموں میں اطفال، خدام، و انصار قدرت کے حسین و دلفریب نظاروں سے محظوظ ہوئے۔ شاملین نے مجلس صحت جرمنی کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے پروگرامز جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

فٹ بال

سال 2023ء میں انگلینڈ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل احمدیہ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تیاریاں جوش و جذبہ سے ہوئیں۔ اس سلسلہ میں جرمنی اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو دوستانہ میچز کا انعقاد کیا گیا۔ ماہ جنوری میں جماعت احمدیہ جرمنی کی نیشنل فٹ بال ٹیم ہالینڈ روانہ ہوئی اور ماہ فروری میں جماعت احمدیہ ہالینڈ کی ٹیم جرمنی آئی۔ ان دوستانہ میچز کے علاوہ ٹریننگ کے لئے ہر ماہ کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ مئی 2023ء میں جرمنی سے 3 ٹیمیں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شمولیت کی غرض سے روانہ ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی کی ٹیم اے نے اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، والی بال کے ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کیا جاتا رہا۔

خاکسار تمام ناظمین اور معاونین کے لیے دعاگو ہے جنہوں نے ان پروگرامز کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، فجزاہم اللہ احسن الجزاء

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ جولائی 2024ء صفحہ 38)

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش