تقریب آمین

شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی لوکل امارت ہمبرگ کو مرکزی ہدایت کے مطابق مورخہ 28 جنوری کو بعداز نماز ظہر و عصر مسجد فضل عمر میں مقامی سطح پر بچوں اور بچیوں کے لئے تقریب آمین منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تمام حلقہ جات سے بچوں و بچیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ رجسٹریشن کے بعد 9 بچوں اور 7 بچیوں کے ساتھ تقریب منعقد ہوئی۔

آغاز میں محترم لوکل امیر صاحب نے تمام احباب کو قرآن کریم کی کلاسز میں شمولیت و شعبہ کے مختلف کاموں کی اہمیت اور جلسہ سالانہ پر وقف عارضی کی طرف توجہ دلائی۔ بعدازاں مکرم لئیق احمد منیر صاحب مربی سلسلہ نے بچیوں اور بچوں سے قرآن کریم سنا اور قرآن کریم کی تلاوت کی اہمیت اور درست تلفظ کے ساتھ پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے بعد تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

اس تقریب میں کل 55 احباب و خواتین اور بچے شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن کریم کی برکات سے فیض حاصل کرنے والا بنائے۔

ہمبرگ میں چرچ کی حفاظت

اسلام ہر مذہبی عبادت گاہ کی عزت اور حفاظت کا حکم دیتا ہے۔اسی سلسلہ میں ہمبرگ کے احمدی احباب نے Sankt Petri چرچ کی حفاظت کے لئے اپنی خدمات پیش کیں جس پر حملہ کی دھمکیاں کچھ عرصہ سے مل رہی تھیں۔ چنانچہ مؤرخہ 20 جنور ی2024ء کو تیس انصار و خدام انتظامیہ کی اجازت سے چرچ کی حفاظت کے لئے آئے اور ڈیوٹی دی۔ تمام احباب نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھاکہ’’ مَیں مسلمان ہوں اور چرچ کی حفاظت کے لئے کھڑا ہوں‘‘ اور ’’اسلام عبادت گاہوں کی عزت اور حفاظت کی تعلیم دیتا ہے‘‘۔ اس موقعہ پر مکرم داؤد عطا صاحب سیکرٹری تبلیغ لوکل امارت ہمبرگ نے لوگوں کو اسلام کی پُراَمن تعلیمات سے آگاہ کیاجس کا بہت مثبت اثر ہوا۔

عیسائی نوجوانوں کا دورہ مسجد فضل عمر

مؤرخہ 25 فروری کو چرچ سے نوجوانوں کے ایک وفد نے مسجد کا دورہ کیا۔ اس وفد میں ایک پادری بھی تھے۔ ان مہمانوں کو ایک گھنٹہ اسلامی تعلیمات سےآگاہ کیا گیا۔

مہمانوں نے اسلامی تعلیمات کے متعلق سوالات پوچھے جن کے جوابات مکرم لئیق احمد منیر صاحب مربی سلسلہ نے دئیے۔ پادری صاحب نے مسجد فضل عمر میں آنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد لوگوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دیتی ہے۔

مسجد فضل عمر کی ویب سائٹ کا اجراء

مسجد فضل عمر ہمبرگ جرمنی میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد ہے جو 1957ء میں قائم ہوئی تھی۔ اس تاریخی حیثیت کی وجہ سے بہت سے لوگ اسے دیکھنے آتے ہیں۔ جن میں فیمیلیز، سکول کی کلاسز وغیرہ شامل ہیں۔ مؤرخہ 26 فروری 2024ء کو مکرم امیر صاحب جرمنی نے مہمانوں کی سہولت کے لیے ایک ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ مسجد کے دورہ کے خواہشمند افراد ویب سائٹ پر جا کر آنے سے قبل بکنگ کر سکیں گے۔

(طاہر محمود، نمائندہ اخبار احمدیہ جرمنی)

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ مارچ 2024ء صفحہ 40)

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء