خداتعالیٰ کے فضل سےمجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو 28،29 نومبر 2023ء کو Odenwald میں دوسرا”ہائیک اینڈ سروائیو “ کیمپ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد شاملین میں مشکل حالات کا سامنا کرنے کی قوت پیدا کرنا اور ان کے صبر، ہمت اور استقامت میں اضافہ کرنا تھا۔ کیمپ میں کل 38 احباب شامل ہوئے۔

مؤرخہ 28 نومبرکو صبح 10 بجےپروگرام کا آغاز ہوا جس میں کیمپ کے متعلق اہم ہدایات دی گئیں۔ شاملین کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیااور ہر گروپ میں ایک فرد کو کپتان مقرر کیا گیا۔ اسی طرح ہر گروپ میں ایک Mentor کو بھی شامل کیا گیا، جو مشکل حالات میں مدد کرتا اور مختلف گُر سکھاتا تھا۔ شاملین کو سروائیول کِٹ دی گئی جس میں ایک اگنیشن کمپاس، ایک چھری اور دیگر ضروری چیزیں شامل تھیں۔ علاوہ اَزیں تمام شاملین کو کھانے کی کچھ ضروری اشیاء دی گئیں۔

کھانے کے بعد گروپس کو پہلا ٹاسک دیا گیا۔ ہر گروپ کو صرف ایک نقشہ اور ایک کمپاس کی مدد سے جنگل میں راستہ دیکھنا تھا۔ ہائیک کرتے ہوئے Mentors نے گروپس کو مختلف کام دئیے، جیسا کہ جنگل میں موجود مواد سے ہتھیار بنانا۔ چنانچہ ایک دوست نے اپنے بنائے ہوئے’’ہتھیار‘‘ سے واضح فرق کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کیا۔ انتظامیہ نے اسی دوران گیلی لکڑی سے ایک Camp Fire جلایا، اور ٹیم کے ایک شکاری عدیل صاحب نے دو ہرن پیش کئے۔ گروپس کی واپسی کے بعد ان کودکھایا گیا کہ ہرن کی کھال کس طرح اُتاری جاتی ہے۔ اس کے بعد تمام شاملین نے بغیر تیل کے ہرن کا گوشت اپنے اپنے لیے بنایا۔ خدام نےیہ بھی کوشش کی کہ بغیر کسی چکناہٹ یا تیل کے انڈے تلیں۔ حضورِ انور نے بھی ایک مجلس سوال وجواب کے دوران جامعہ احمدیہ کے ایک طالبِ علم کو ہدایت کی تھی کہ کسی دن صرف پانی میں انڈا تلیں جیسا حضور نے بھی اپنی طالبِ علمی کے زمانے میں کیا تھا۔

شام کو صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کیمپ میں تشریف لائے۔ آپ نے شاملین سے گفتگو کی اور ہر حال میں خداتعالیٰ سے تعلق مضبوط رکھنے کی اہمیت کے بارے میں نصائح کیں۔ اس نشست کے اختتام کے ساتھ رات کے پہرے کے لیے ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔

مؤرخہ 29 نومبرکو صبح نماز فجر کے بعد ہنگامی صورتِ حال کے لیے ٹریننگ دی گئی۔ اس پروگرام میں شاملین کو جنگل میں ایک زخمی شخص کو تلاش کرنا تھا۔ اس عمل میں دھماکوں کی آواز بھی شامل کی گئی تاکہ حقیقی زندگی میں اچانک پیش آنے والی صورتِ حال کو کسی قدر سمجھا جا سکے۔ ناشتہ کی تیاری کے بعد النصرت کی طرف سے تدفین کے عمل کے بارہ میں تربیت دی گئی۔ اس کے بعد اگلے تربیتی مرحلہ کے چار حصے تھے۔ Self-Defence، خیمہ اتارنے کی تربیت، فوری طبّی امداد، اور CBRN ایکسرسائیز۔ چنانچہ ان امور کے متعلق شاملین کو آگاہ کیا گیا۔

کیمپ کے اختتامی اجلاس میں اسناد تقسیم کی گئیں اور تمام شاملین سےان کے تاثرات لیے گئے۔ اس طرح یہ کیمپ اختتام پذیر ہوا۔

(شاہ زیب احمد، ناظمِ اعلیٰ ہائیک اینڈ سر وائیو 2023ء)

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ جنوری 2024ء صفحہ 40)

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش