رپورٹ: مکرم سعادت احمد صاحب، سیکرٹری وَقفِ نَو جرمنی

 

جرمنی کے واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو کا چوتھاسالانہ اجتماع مؤرخہ 18 جون 2023 بروز اتوار Sport und Freizeitzentrum Kalbach فرانک فورٹ میں منعقد ہوا جس میں 1295 واقفاتِ نَو، 1444 واقفین نَو اور 1984 مہمانوں، والدین، نیشنل عاملہ ممبران اور مربیانِ کرام نے شرکت کی۔ اس طرح کل 4723 افراد نے اس اجتماع کو رونق بخشی۔ اجتماع کا مرکزی موضوع سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس کا وہ تاریخی خطبہ جمعہ تھا جو حضورِانور نے مؤرخہ 28؍اکتوبر 2016ءکو مسجد بیت الاسلام کینیڈا میں ارشاد فرمایا تھا۔
دو ماہ قبل ناظمین کی ٹیم بنائی گئی اور اجتماع کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔ سیکرٹریان کے ذریعے واقفینِ نَو تک پروگرام اور نصاب پہنچایا گیا اور گا ہے بگاہے یا ددہانی بھی کروائی جاتی رہی۔ مؤرخہ 17 جون 2023ء بروز ہفتہ صبح 8 بجے وقارِعمل کے لئے احباب تشریف لائے اور ساتھ ہی مہمانوں کی آمد و رَفت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
مؤرخہ 18 جون کو اجتماع کا افتتاحی اجلاس مکرم لقمان احمد کشور صاحب (انچارج شعبہ وقفِ نَو مرکزیہ لندن) کی زیرِصدارت ہوا۔ تقریباً سوا دس بجے افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم اور اردو و جرمن ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد مکرم لقمان احمد کشور صاحب نے افتتاحی تقریر میں حضورانور کے ارشادات کی روشنی میں واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ افتتاحی تقریب کے بعد واقفاتِ نَو کا الگ پروگرام جاری رہا۔
امسال واقفینِ نَو کو عمر کے اعتبار سے چار بڑے گروپس اور چالیس چھوٹے گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ کے لئےایک مربیٔ سلسلہ بطور نگران مقرر ہوئے۔ ہال میں خدام اور اطفال کے لئے الگ الگ جگہیں مختص کی گئیں۔ اطفال واقفینِ نَو کےلئے علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیاگیا جبکہ خدام واقفینِ نَو کے لئے ایک خاص پروگرام رکھا گیا جس میں خدام واقفینِ نَو کو مختلف شعبہ جات اور اس میں خدمات کے حوالہ سے راہنمائی کی گئی۔ اس پروگرام میں جماعت جرمنی کے متعدد جماعتی شعبہ جات کے انچارج صاحبان نے اپنے اپنے شعبہ کے پراجیکٹ کا تعارف کروایا۔ اس پروگرام کے اختتام پرواقفینِ نَو کو ہال میں قائم کیے گئے مختلف معلوماتی جماعتی سٹالز سےا ٓگاہ کیا گیا اور انہیں اپنی دلچسپی کے مختلف شعبہ ہائے خدمت کے سٹالزپر جاکر معلومات اور گفتگو میں حصہ لینے کا کہا گیا۔
بعداَزاں خدام کے علمی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ واقفینِ نَو کے اس اجتماع میں ہونے والے تمام مقابلوں کے منصفین کے فرائض مربیان کرام نے ادا کئے۔ بعداَزاں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کے پروگرام میں مکرم مولانا مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز کی اہمیت و برکات کے موضوع پربہت پُراثر تقریر کی۔
امسال پیارے آقا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس نے خصوصی طور پر واقفینِ نَو اور واقفاتِ نَو جرمنی کے لیے ایک پیغام بھجوایا جس کو مکرم لقمان احمد کشور صاحب اور مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے پڑھ کر سنایا۔
مکرم لقمان احمد کشور صاحب انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ، مکرم مولانا صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی، مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی، مکرم عمران ذکا صاحب نیشنل محاسب جماعت احمدیہ جرمنی اور مکرم شعیب عمر صاحب استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے خدام واقفینِ نَو سے گفتگو کی جس میں انہوں نے واقفینِ نَو کو جماعت کے مختلف شعبہ جات میں خدمت کرنے، عبادتوں میں اعلیٰ معیار قائم کرنے کی اور ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃالمسیح الخامس  کے ارشادات پر کامل وفا سے عمل پیرا ہونے کی طرف توجہ دلائی۔ گفتگو میں واقفینِ نَو کو مختلف شعبہ جات میں درکار خدمات کے حوالہ سے جماعتی ضروریات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اطفال واقفینِ نَو کے لئے ڈاکٹر ببلو اور مدبّر بھائی کے ساتھ ایک مخصوص پروگرام واقفینِ نَو کی پہچان کے حوالے سے رکھا گیا جس سے اطفال واقفین بہت لطف اندوز ہوئے۔
واقفینِ نَو کے لئے مقابلہ کوئز بھی رکھا گیا جس کے لئے ایک آن لائن پلیٹ فارم استعمال کیاگیا۔ تمام واقفینِ نَو اپنے موبائل کے ذریعہ اس کوئز میں شامل ہوئے۔ کوئز پروگرام کے بعد ہر سوال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صحیح جوابات بتائے گئے۔ اس کے علاوہ محترم سیّد ہاشم اکبر صاحب والد محترم سیّد طالع احمد صاحب شہید کے ساتھ ایک خصوصی نشست آن لائن منعقد کی گئی جس میں آپ نے مکرم سیّد طالع احمد صاحب شہید سے متعلق سنہری اور ایمان افروز یادوں اور اوصاف کا تذکرہ کیا۔
7بجے اختتامی تقریب کا آغاز ہوا جس کی صدارت انچارج شعبہ وقفِ نَو مرکزیہ نے کی۔ تلاوت اور نظم کے بعد مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج اپنی نصائح میں تمام واقفینِ نَو کو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی سے آگاہ کرتے ہوئے قربانی کا فلسفہ بیان کیا۔ اس کے بعد تمام مقابلہ جات میں اعزاز حاصل کرنے والے واقفینِ نَو کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات تقسیم کئے گئے۔تقریب کے آخر پر مکرم لقمان احمد کشور صاحب (انچارج شعبہ وقفِ نَو مرکزیہ لندن) نے دعا کروائی۔

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش