جینیاتی ایڈیٹنگ

اسرائیلی محققین کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے جینیاتی ایڈیٹنگ کی مدد سے ایسی مرغیاں تیار کی ہیں جن کے انڈوں سے صرف مادہ مرغیاں ہی نکلیں گی۔ اس پیش رفت کے باعث ان اربوں نروں کو مارے جانے سے روکا جاسکے گا جنہیں صرف اس لیے مار دیا جاتا ہے کیونکہ وہ انڈے نہیں دے سکتے۔ ان مادہ مرغیوں اور ان کے انڈوں میں بڑے ہونے کے بعد جینیاتی ایڈیٹنگ کا کوئی سراغ نہیں رہ جاتا۔ جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘‘کمپیشن اِن ورلڈ فارمنگ’’ نے اس ریسرچ کی حمایت کی ہے1۔

مردوں کے سپرم کاؤنٹ میں 51 فیصد کمی

گذشتہ 50 برسوں کے دوران مردوں کے سپرم کاؤنٹ میں 51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اسرائیل کی ہیبریو یونیورسٹی آف یروشلم اور امریکہ کے ماؤنٹ سنائی سکول آف میڈیسن کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ اس کمی کی وجوہات پانچ ہیں۔ یعنی موٹاپا، نشے کی عادت، جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن، لیپ ٹاپ گود میں لے کر بیٹھنا اور زہریلے مادے کیڑے مار ادویات وغیرہ2۔

چاند کا چکر لگا کر ‘اورائن’ واپس پہنچ گیا

امریکی خلائی ادارے ناسا کا بنایا گیا جدید ترین خلائی جہاز ‘اورائن’ چاند کے گرد چکر لگا کر 26 دن بعد زمین پر واپس پہنچ گیا ہے۔
انتہائی تیز رفتاری سے زمین کی بالائی فضا میں داخل ہونے کے بعد پیراشوٹس نے اس کی رفتار دھیمی کردی جس کے بعد یہ میکسیکو کے قریب بحرالکاہل میں اتر گیا۔ 2024ء کے لیے طے شدہ اگلی پرواز میں خلاباز ہوں گے3۔

پست قد افراد کے لیے خوشخبری

اب پست قد افراد اپنے قد میں اضافہ کے لیے میڈیکل سرجری کی مدد لے سکتے ہیں۔ اس عمل میں انسان کی ٹانگوں کی ہڈیوں کو کاٹ کر ان میں ایک ہڈی کا جوڑ ڈال دیا جاتا ہے۔ زخم مندمل ہو جانے کے بعد ایسے افراد کے قد میں خاطرخواہ اضافہ دیکھا جا سکتا ہے4۔

گنجے پن کا موروثی انتقال

برطانوی جریدے پی ایل او ایس جینیٹکس میں شائع ہونے والی 2017 کی ایک تحقیق میں برطانوی محققین کے ایک گروپ نے موروثی گنجے پن کے شکار 52 ہزار مردوں کا جائزہ لیا۔
محققین کا دعویٰ تھا کہ وہ کم از کم 287 ایسی جینز کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے تھے جو ان افراد میں گنجے پن کا سبب ہو سکتی تھیں۔ ان 287 جینز میں سے ماہرین ایسی 40 جینز کو الگ کرنے میں بھی کامیاب ہوئے جن کا تعلق ایکس کروموسوم سے تھا، یعنی وہ کروموسوم جو ان افراد کو اپنی ماؤں کی طرف سے ورثے میں ملا تھا۔
یہ سچ ہے کہ سب سے زیادہ طاقتور جینز ماں کی طرف سے آتے ہیں لیکن چونکہ گنجے پن کا سبب ایک سے زیادہ قسم کی جینز ہوتی ہیں اور یہ جینز دونوں طرف سے آ سکتے ہیں، لہٰذا گنجا پن (ماں اور باپ) دونوں کی طرف سے آسکتا ہے5۔

 

:حوالہ جات

1-https://www.bbc.com/urdu/articles/c295ydpy779o
2-https://www.bbc.com/urdu/articles/cqq217qp0p1o
3-https://www.bbc.com/urdu/articles/c9rl69k62yno
4-https://www.bbc.com/news/world-55146906
5- https://www.bbc.com/urdu/articles/c90yweq2540o

متعلقہ مضمون

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی