رپورٹ: مکرم عبدالحفیظ صاحب، ناظم دارالقضاء جرمنی

 

دارالقضاء جرمني کا بيسواں سالانہ ريفريشر کورس امسال مؤرخہ27 تا 28 مئي 2023ء بمقام بيت النور (سوئٹزرلینڈ) منعقد ہوا۔ جس ميں کل 36 ممبران قضاء ميں سے 17 اصالتاً اور 9 آن لائن شامل ہوئے۔ مقامی جماعت سے 7 مربيان و عہديداران نے بھی بطور زائر شرکت کي۔
ہفتہ 27 مئي کی صبح نو بجے ريفريشر کورس کا آغاز صدر قضاء بورڈ جرمنی مکرم عبدالرفیق احمدصاحب کی زیرِصدارت تلاوت قرآن حکيم سے ہوا۔ اس کے بعدگزشتہ ريفريشرکورس کي رپورٹ پيش کي گئی۔ بعدہ مکرم صدر صاحب قضاء بورڈ نے اپنے افتتاحي کلمات ميں ریفریشر کورس کا مقصد اور اس میں پیش کئے جانے والے مقالہ جات کی اہمیت بیان کی اور قضاء کے فارمز میں بعض تبدیلیوں کا ذکر کیا۔
دوروزہ ریفریشر کورس کے دوران تین اجلاس ہوئے جن میں مندرجہ ذیل مقالے پیش کئے گئے:
1۔ تحرير فيصلہ: مکرم عبدالحفيظ صاحب ناظم دارالقضاء
2۔ یورپین قانون کے دائرے میں قضاء کا کردار: مکرم عبدالرفیق احمدصاحب
3۔ ترتیب مسل:مکرم عزيز احمد طاہر صاحب
4۔ کوائف کے تحفظ کے قوانين(Data protection laws):مکرم انس ملک صاحب (ڈيٹا پروٹيکشن آفيسر) موصوف نے آن لائن لیکچر دیا۔
5۔ خلفاء سلسلہ کي قضاء سے توقعات: مکرم رحمت اللہ بنديشہ صاحب
ہر مقالہ کے بعد سوال و جواب کا موقع بھی دیا جاتا رہا۔ اسی طرح قاضیان نے دوران سماعت پیش آنے والے مختلف امور بھی پیش کئے اور ان کے حل باہمی تبادلہ خیال سے تلاش کئے گئے۔
ریفریشر کورس کے دوسرے روز کا اجلاس ‘‘تجزيہ کيس اور گروپ ڈسکشن’’ کے لئے وقف تھا۔ چنانچہ اس اجلاس ميں مختلف موضوعات پر باہمي گفتگو کي صورت ميں سير حاصل بحث کي گئي جس ميں تقريباً تمام شرکاء نے بھرپور حصہ ليا۔ اسی طرح مختلف مقدمات کا خاکہ شرکاء کے سامنے رکھ کر ان کا فیصلہ کرنےکی مشق کروائی گئی۔
اس دلچسپ سیشن کے بعد ریفریشر کورس کا اختتامي اجلاس شروع ہوا جس میں امير جماعت سوئٹزرلینڈ مکرم وليد طارق ٹارنٹزر صاحب نےبھی شرکت کی اور اپنی تقریر میں قرآني آيات اور حضرت خلیفۃالمسیح الخامس کے ارشادات کے حوالہ سے عدل و انصاف کي اہميت اور ضرورت پر نہایت مؤثر اور جامع انداز میں روشنی ڈالی۔موصوف کی تقریر کے بعد مکرم صدر صاحب قضاء بورڈ جرمنی نے مکرم امير صاحب اور احباب جماعت سوئٹزرلینڈ کا شکريہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل ہونے کے باوجودتمام شاملين کے ليے قيام و طعام کے بہترين انتظامات کئے گئے، اسی طرح ریفریشرکورس کے دوران مکرم سامی حفیظ صاحب کی تکنیکی معاونت بھی حاصل رہی۔ اللہ تعاليٰ ان سب احباب کو جزائے خير عطا فرمائے۔ اس کے بعد اجتماعي دعا کے ساتھ يہ اجلاس اور ریفریشر کورس بخير وخوبي اختتام کو پہنچا۔
اس موقع پر شرکاء نے مقامی احباب کی رہنمائی میں خوبصورت سوئٹزرلینڈ کے بعض قریبی مقامات کی سیر بھی کی۔ ایک روز جملہ شرکاء نے نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی جماعت کی تاریخی اور اوّلین مسجد محمود زیورخ میں ادا کیں، فالحمدللہ رب العالمین۔

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش