جماعت احمدیہ جرمنی ڈیڑھ دہائی سے اسلام احمدیت کے تعارف کے لئے جرمنی کے مختلف شہروں میں اسلام و قرآن نمائش لگا رہی ہے۔ اس کے ذریعہ اسلام احمدیت کا پیغام اہلِ جرمنی تک پہنچ رہا ہے، الحمدللہ۔ گزشتہ چند ماہ میں شعبہ تبلیغ کے ذریعہ جرمنی کے مختلف شہروں میں لگنے والی اسلام و قرآن نمائش کی مختصر رپورٹ بغرضِ دعا پیش خدمت ہے۔

Kiel

مؤرخہ 8 تا 12 اگست 2023ء کو جرمنی کے شہر Kiel میں اسلام و قرآن نمائش کا انعقاد ہوا۔ اس پانچ روزہ نمائش کو تین ہزار افراد نے دیکھا جن میں سے تقریباً 300 افراد نے اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ ان میں سے چند تاثرات بغرض دعا پیش ہیں۔
اس نمائش میں اسلامی اقدار کو بہت عمدگی سے پیش کیا گیا ہے۔ ڈیوٹی پر موجود افراد بہت ملنسار اور شائستہ گفتگو کرنے والے تھے جنہوں نے ہمیں اس نمائش کو دیکھنے اور اسلام کو سمجھنے میں مدد کی، ہمارے ذہنوں سے اسلام کے بارے میں منفی خیالات اور پراپیگنڈا کو زائل کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
ایک جرمن مہمان نے لکھا کہ آپ کی نمائش بہت دلچسپ اور معلوماتی ہے۔ تعلیمات کے علاوہ اس نمائش میں سب سے زیادہ چیز جو مجھے پسند آئی وہ آپ کا دوستانہ رویہ تھا۔
ایک جرمن میاں بیوی نے لکھا کہ آپ کی نمائش بہت خوبصورت اور علم کا خزانہ ہے ڈیوٹی پر موجود احباب نے ہمارے تمام سوالات کا بڑی عمدگی، حکمت اور احسن طریق سے جواب دیا۔ ہم آپ لوگوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور ہم گرمجوشی سے اس نمائش کی جس قدر ممکن ہوا تشہیر کریں گے تاکہ مزید لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔

Niedernhausen

Niedernhausen کے ساتھ واقع قصبہ Idstein میں مؤرخہ 3 تا 5 نومبر 2023ء کو ایک تاریخی ہال میں اسلام و قرآن نمائش لگائی گئی۔ اس ہال میں قبل ازیں دو مرتبہ 2013ء اور 2017ء میں بھی لگائی جا چکی ہیں۔
نمائش کا افتتاح علاقائی پارلیمنٹ میں شہر کے نمائندہ Dr. Alexander Koch نے کیا۔ اس موقع پر جرمن و دیگر قومیتوں کے افراد بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی و دیگر حاضر مہمانوں نے نمائش کو گہری دلچسپی لیتے ہوئے دیکھا۔ ہر روز صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ جن کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات مقامی مربیان سلسلہ مکرم نعمان خالدصاحب اورمکرم آفاق احمد صاحب نے دیئے نیز عرب اور ترک مہمانوں سے گفتگو کرنے کے لئے مرکزی شعبہ تبلیغ کے دو مربیان مکرم ہارون احمدعطا صاحب اور مکرم عبدالنور خواجہ صاحب موجود رہے۔
مہمانوں نے نمائش کو بہت سراہا۔ ایک جرمن مہمان نے کہا کہ اسلام میں امام مہدی کی آمد کے بارہ میں نمائش سے پہلے مجھے علم نہیں تھا۔ نمائش میں آکر اسلام کی صحیح تصویر میرے سامنے آئی ہے۔ عامۃالمسلمین کو بھی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔
ایک جرمن نے کہا کہ اس شہر میں اسلام مخالف سیاسی پارٹی کے لوگ 12 فیصد ہیں۔ آپ لوگوں کو اسی طرح محنت کرکے ان کا اثر زائل کرنا پڑے گا۔

Eppelheim

مؤرخہ 27 تا 29 نومبر 2023ء کو جرمنی کے شہر Eppelheimمیں تین روزہ نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ اس نمائش کی تیاری اور جملہ انتظامات کو مقامی جماعت نے مکرم نویل احمد شاد صاحب مربی سلسلہ اور مکرم شبیر احمد صاحب صدر جماعت کی زیرنگرانی بخوبی سر انجام دیا۔
نمائش کی تیاری تقریباً ایک ماہ قبل شروع کی گئی اور پانچ ہزار دعوت نامے مقامی احباب جماعت نے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں تک پہنچائے۔ اس نمائش میں اسلامی تعلیمات پر مبنی 16 قدآدم بینرز ترتیب کے ساتھ لگائے گئے تھے اسی طرح دُنیا بھر کی 70 سے زائد زبانوں میں جماعت احمدیہ کی طرف سے کئے جانے والے تراجم قرآن نمائش کے لئے رکھے گئے۔
اس تین روزہ نمائش کو 62 افراد نے وزٹ کیا۔ ان میں سے چند مہمانوں نے اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔
جرمن مہمانوں کے تاثرات
ایک مہمان نے کہا کہ مَیں دعا کرتا ہوں کہ آپ لوگوں کی تعداد بڑھے اور آپ لوگ اپنا اَمن کا پیغام زیادہ سے زیادہ پھیلا سکیں۔
ایک شخص نے ہال میں داخل ہوتے ہی کہا کہ مجھے اسلام سے بہت اختلافات ہیں شائد تم انہیں دور نہ کرسکو۔ نمائش کو مکمل دیکھنے اور ڈیوٹی پر موجود احباب جماعت سے گفتگو کے بعد جاتے ہوئے اس نے کہا: ‘‘مَیں اس نیّت سے آیا تھا کہ شائد آپ لوگ میرے اسلام سے اختلافات اورتحفّظات کو دور نہ کرسکو گے لیکن آپ نے میری سوچ اور منفی خیالات کو یکسر بدل دیا ہے’’۔
ایک مہمان نے حضرت مسیح موعود کی تصویر کو دیکھ کر کہا: ‘‘مجھے روحانی لوگوں کی پہچان ہے اور اس شخص کا یقیناً بہت اونچا روحانی درجہ ہے اور خدا کی معرفت اسے حاصل ہے’’۔

Mannheim

مؤرخہ 30 نومبر تا 22 دسمبر 2023ء کو Mannheim میں اسلام و قرآن نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ اس 22 روزہ نمائش کو ایک اسکول میں لگایا گیاجسے 62 افراد نے تفصیلی وزٹ کیا البتہ 1800 سے زائد افراد نے نمائش میں کچھ وقت گزارا اور اپنے ساتھ لٹریچر لے کر گئے۔ نمائش میں 80 افراد آنحضرتﷺ کی سیرت کی کتاب، 45 افراد ترکی زبان میں دعوت الامیرلے کرگئے۔ جبکہ جرمن زبان میں حضورِانور کی کتاب عالمی بحران اور امن کاراستہ لینے والوں کی 225 تعداد تھی۔ اس کے علاوہ 2000سے زائد مختلف قسم کے پمفلٹ تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ 400 افراد نے نوٹس بلاک اور 700 سے زائد افراد نے نمائش سے جماعت کے نام والی پنسلیں لیں۔

Hemer

Nordrhein Westfalen کے شہر Hemer میں جماعت احمدیہ Iserlohn کو مؤرخہ 2 تا 4 فروری 2024ء سہ روزہ نمائش لگانے کا موقع ملا۔ نمائش کی تشہیر کے لئے فلائرز تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مرکزی سڑکوں پر پوسٹرز لگائے گئے اور مختلف سیاستدانوں، مذہبی نمائندگان اور اساتذہ سے بذریعہ ای میل اور ٹیلیفون رابطہ کیا گیا نیز انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس نمائش کی بھرپور تشہیر کی گئی۔ نمائش سےدو روز قبل پریس کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں علاقہ کے سب سے بڑےاخبار Iserlohner Kreisanzeiger und Zeitung (IKZ)کا نمائندہ بھی شامل ہوا اور یوں جمعہ کے روز اخبار میں اس نمائش کے حوالہ سے ایک بڑی خبر شائع ہوئی جو بعد ازاں اخبار کی ویب سائٹ پر بھی نشر کی گئی۔ نیز اس ریجن کے سب سے بڑے ریڈیوسٹیشن Radio MK نے بھی نمائش کی خبر اپنی ویب سائٹ پر نشر کی۔
نمائش کا باقاعدہ افتتاح مؤرخہ 2 فروری کو دوپہر بارہ بجے ہوا جس میں مہمانان خصوصی Christian Schweitzer شہر Hemer کے میئر، پروفیسر ڈاکٹر Roland Schröder ہمسایہ شہر مینڈن Menden کے میئر اور نیشنل شعبہ تبلیغ سے مبلغ سلسلہ محترم سہیل احمد ریاض صاحب شامل ہوئے۔ نیز ماڈریٹر کا فریضہ تجربہ کار مخلص احمدی دوست مکرم چنگیز وارلی (Cengiz Varli) صاحب نے ادا کیا۔ موصوف نے اپنے استقبالیہ کلمات میں قیامِ اَمن کے لئے قابل عمل اسلامی تعلیمات کو پیش کیا، نیز فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے امن کی ضرورت پر زور دیا۔ موصوف نے جماعت کا مختصر تعارف اور مقامی جماعت کی تاریخ بھی بیان کی۔ بعد ازاں دونوں میئرز نے اپنے تعارفی کلمات میں جماعت احمدیہ کی سرگرمیوں کو سراہا اور نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آخر میں محترم سہیل احمد ریاض صاحب مربی سلسلہ نے نمائش کا تعارف اور اس کے انعقاد کی اغراض کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
شام پانچ بجے ایک نہایت دلچسپ پینل ڈسکشن ‘‘عالمی بحران اور اَمن کا راستہ’’ کے عنوان سے منعقد کی گئی جس میں مکرم فرہاد غفار صاحب مربی سلسلہ، ایک مقامی FDP سیاستدان محترمہ Andrea Lipproß صاحبہ، شہر کے سکول کے پرنسپل Kai Hartmannاور جماعت کے فلاحی ادارہ النصرت کے نمائندہ مکرم ظہیر احمد صاحب شامل ہوئے۔ نمائش کے دوسرے روز مکرم شاہد احمد بٹ صاحب مربی سلسلہ نے ‘‘گلوبلائزیشن کے دَور میں مذہب کا کردار’’ کے عنوان سے ایک مؤثر لیکچر دیا جس میں مختلف پہلوؤں سے قانون کی پاسداری، نسل پرستی، انصاف، جنگ اور ماحولیاتی تحفّظ کے بارہ میں اسلامی تعلیم کو پیش کیاگیا۔ نمائش کے آخری روز بھی مختلف طبقوں سے لوگ نمائش دیکھنے آتے رہے۔ یہ تین روزہ نمائش اتوار کی شام کو اپنے اختتام کو پہنچی اور اگلے روز اخبار Iserlohner Kreisanzeiger میں ایک مرتبہ پھر اس پروگرام کی ایک تفصیلی اور مثبت رپورٹ شائع ہوئی جس میں صحافی نے مندرجہ ذیل الفاظ استعمال کئے:
‘‘احمدیہ مسلم جماعت ایزرلون نہ صرف ہیمر کے لئے ایک وسیع نمائش لائی بلکہ معاشرہ کے مختلف افراد کو ایک ساتھ لاکر ایک کھلی اور انتہائی دوستانہ گفتگو کا موجب بنی’’۔
اس نمائش کے متعلق بعض مہمانوں نے اپنے تأثرات بھی درج کئے، جن میں سے بعض پیش خدمت ہیں۔
جناب Christian Schweitzer ہیمر شہر کے میئر نے لکھا:
‘‘بہت بہت شکریہ اس دلچسپ اور اہم تقریب کے لئے۔ ‘محبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں’ ہم سب کے لئے مرکزی پیغام ہے’’۔
محترمہ Andrea Lipproß، صدر FDP برائے شہر Hemer نے پینل ڈسکشن میں شمولیت کے بعد اپنے تأثرات یوں بیان کیے: ‘‘انسانی اقدار! قیام امن کے لئے یکجائیت کے ساتھ کوشش کے لئے یہ ایک بہت اچھی گفتگو تھی۔ آپ کے اس مشن کے لئے بہت بہت شکریہ’’۔
جناب Franz Josef Spiekermann نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا: ‘‘آج کا پروگرام، پینل ڈسکشن میں خیالات کا اظہار اور اس اچھے انداز میں گفتگو کرنا میرے لئے ایک خوبصورت اور قیمتی تجربہ تھا میں ہر چیز کے لئے آپ کا بہت شکر گزار ہوں’’۔

Erzhausen

جماعت Erzhausen کو پہلی بار اپنے شہر کے کمیونٹی سنٹر میں مؤرخہ 2 تا 4 فروری 2024ء کو سہ روزہ اسلام و قرآن نمائش لگانے کا موقع ملا۔
نمائش کی افتتاحی تقریب میں 7 جرمن افراد نے شرکت کی۔ مہمانوں کو اسلام احمدیت کا تعارف کروانے کے لئے مکرم صغیر بٹ صاحب اور مکرم احیاءالدین صاحب مربیان سلسلہ کے علاوہ 9 مقامی احباب جماعت نے مدد کی۔ زائرین کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ ہفتہ کے روز شہر کی مئیر محترمہ Claudia Lange صاحبہ نمائش کو دیکھنے کے لئے تشریف لائیں۔ مجموعی طور پر اس نمائش کو دیکھنے کے لئے 40 مہمانان تشریف لائے۔

Ingelheim

مؤرخہ 17 اور 18 فروری 2024ء کو جماعت Mainz Süd کو دو روزہ اسلام نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ اس نمائش کی تشہیر کے لئے چار ہزار دعوت نامے تقسیم کئے گئے۔ یہ نمائش شہر کے کونسل ہاؤس میں صبح دس تا شام چھ بجے تک جاری رہی۔ دو دنوں میں 20 سے زائد جرمن احباب و خواتین نے اس سے استفادہ کیا۔

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء