جرمنی میں انسانی اسمگلروں کی گرفتاریاں

سمندروں میں کشتیوں کے ڈوب جانے کے نتیجہ میں انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے مسلسل واقعات کے نتیجہ میں یورپین ممالک میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ جرمنی میں گزشتہ چھ ماہ میں 700 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جرمن وزیر داخلہ نے ایک علاقائی اخبار گروپ کو اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جرمنی غیرقانونی نقل مکانی کے حوالے سے بڑی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ ہمارے سرحدی اہلکاروں نے چھ ماہ میں708 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے اور 17600 افراد کو غیرقانونی طور پر جرمنی میں داخل ہونے سے روکا ہے۔

پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر سالانہ رپورٹ 2024ء جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال بھی انسانی حقوق کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں دکھائی دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں کوئی سزا دینے بارے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی پامالیوں میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، سیاسی قیدی، آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح توہین مذہب کے قوانین، اقلیتوں کے خلاف کے خلاف واقعات اور کم عمری اور جبری شادیاں کے واقعات بھی شامل ہیں

جرمنی میں 3 چینی جاسوس گرفتار

جرمنی کے حکام نے تین ایسے مقامی افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر چین کے لئے جاسوسی کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کارلسروہے میں وفاقی دفتر استغاثہ کے مطابق ایک جرمن باشندے تھوماس آر کے علاوہ ایک جوڑے ہیروگ اور اینا ایف کو باڈہمبرگ اور ڈسلڈورف سے گرفتار کیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق تھوماس آر ایک چینی انٹلیجنس افسر کا ایجنٹ ہے جو ایسی جدید ترین ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا جو عسکری طور پر استعمال ہوتی ہیں۔ خبر کے مطابق گرفتار ملزمان کی حاصل کردہ معلومات چین کے بحری جنگی جہازوں کے لئے کارآمد ہوسکتی تھیں۔

غزہ یکجہتی کیمپ امریکی یونیورسٹیوں تک

کولمبیا امریکہ کی یونیورسٹی میں گزشتہ ہفتہ غزہ کی حمایت اور یکجہتی میں ایک کیمپ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے لگایا تھا جس کے اثرات دیگر کیمپس اور یونیورسٹیوں تک پہنچنے کے نتیجہ میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کرنے والوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ کلاسز منسوخ کردی گئیں اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یونیورسٹیوں کی انتظامیہ مظاہرین کے ساتھ گفتگو میں مصروف ہے مختلف کلاسز آن لائن بھی شروع کردی گئیں ہیں۔

علی گڑھ یونیورسٹی کی پہلی خاتون چانسلر

برصغیر کی معروف علمی درسگاہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھارتی صدر و الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد پروفیسر نعیمہ خاتون کو تعلیمی ادارے کی 123 سالہ تاریخ کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ سابق وائس چانسلر کے مستعفی ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی پڑا تھا۔ بھارتی وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خاتون وائس چانسلر کی مدت عہدہ کی معیاد تقرر سے پانچ سال تک یا ان کی عمر ستر برس ہو جانے تک ہوگی۔

ممبئی ایشیا کا سب سے بڑا ارب پتی شہر

بھارت کے شہر ممبئی نے تاریخ میں پہلی بار ایشیا کے سب سے زیادہ ارب پتی افراد رکھنے والے شہر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز چین کے شہر بیجنگ کو حاصل تھا۔ شنگھائی سے تعلق رکھنے والے ایک ادارے ہورون ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق بھارت میں ارب پتی افراد کی کل تعداد 271 ہے جن میں سے 92 ممبئی میں مقیم ہیں۔ اس اعزاز کے ساتھ ممبئی ارب پتی افراد کے حوالے سے دنیا کے دس سر فہرست ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں کل ارب پتی افراد کی تعداد3279 ہے جن میں پچھلے سال167 نئے ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ 814 ارب پتی افراد کے ساتھ چین پہلے نمبر ہے جبکہ امریکہ800 ارب پتی افراد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور انڈیا تیسرے نمبر پر ہے۔برطانیہ نے جرمنی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ مئی 2024ء صفحہ 45)

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں