بڑھتی شدّت پسندی ترقی کے لئے خطرہ

جرمنی میں دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کی مقبولیت جرمنی کی ترقی میں خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ اس تشویش کا اظہار جرمنی کے مرکزی بنک کے صدر یوآخم ناگل (Dr. Joachim Nagel) نے فنکے میڈیا گروپ کے مختلف اخبارات سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کے رنگ میں کہا کہ یہ شدت پسندی سرمایہ کاروں اور باہر سے آنے والے ملازمین کو خوفزدہ کرتی ہے۔ انہوں نے ان خدشات کا اظہار حالیہ انتخابات میں سیاسی پارٹی AFD کی مقبولیت کے تناظر میں کیا ہے۔

ماسکو حملہ میں ہلاکتیں 133 سے تجاوز کر گئیں

22 مارچ 2024ء کو ماسکو کے کنسرٹ ہال میں فائرنگ اور دستی بموں کے نتیجہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دہشت گرد عالمی تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ روس نے ابتدائی بیان میں اس حملہ کا ذمہ دار یوکرائن کو ٹھہرایا تھا۔ اقوام متحدہ، یورپین یونین، جرمنی سمیت عالمی ممالک نے اس حملہ کی مذمت کی ہے۔ روسی حکام کی طرف سے اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں 4 دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ ایک جرمن دفاعی ماہر کے مطابق پوٹن انتظامیہ کو قبل از وقت متنبّہ کیا گیا تھا جسے نظر انداز کیا گیا تھا۔

اب فلسطینی ریاست قائم ہو جانی چاہئے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ وقت آ پہنچا ہے کہ اب فلسطینی ریاست قائم کر دی جائے۔ انہوں نے غزہ کے علاقے پر اپنی تشویش اور فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں پہلے سے کہیں زیادہ انسانی مدد اور خوراک کی ضرورت ہے۔ جنگ روکنے کا ہمارے پاس اختیار نہیں ہے، جن کے پاس اختیار ہے وہ اس جنگ کو فوری طور پر روکیں۔ انہوں نے متنبّہ کیا کہ رَفح کے علاقے میں زمینی آپریشن سے انسانی تباہی میں مزید اضافہ ہوگا، اب مزید انسانوں کو مَرتے نہیں دیکھا جاسکتا۔ اسرائیل کے ہاتھوں اب تک 32226 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

توہین مذہب، طالبات کو سزائیں سنا دی گئیں

پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی ایک عدالت نے توہین مذہب کے ایک کیس میں قتل کا جرم ثابت ہونے پر دینی مدارس کی 2 طالبات کو سزائے موت جبکہ ایک کم سن طالبہ کو عمرقید کی سزا سنائی ہے۔ سزا میں 20،20 لاکھ اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزائیں بھی شامل ہیں۔ قتل کا یہ واقعہ 29 مارچ 2022ء میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے انجم آباد کے مدرسہ جامعہ اسلامیہ فلاح البنات میں پیش آیا تھا جب تین طالبات نے اپنی معلّمہ کو گلے پر چھری پھیر کر قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش پتہ چلا کہ ان طالبات کی کسی رشتہ دار نے خواب میں دیکھا تھا کہ مقتولہ نے توہین مذہب کی ہے۔

بھارت میں مذہبی آزادی کی ابتر صورت حال

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی انسانی حقوق کی رپورٹ میں بھارت میں مذہبی آزادیوں کے بارہ میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذہبی آزادی کے حوالہ سے بھارت میں مزید 11 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ مسلمان اور عیسائی سب سے زیادہ ظلم و بربریت کا شکار ہوئے۔ اسی طرح دَلّت ذات کے ہندو بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ لکھا گیا کہ مودی سرکار نے اپنے دَور میں ‘ہندو توا’ نظریہ کو بہت زیادہ فروغ دیا ہے جس کے باعث دیگر اقلیتیں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور ان کے خلاف تشدّد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

دنیابھر میں مہنگائی میں اضافہ کا خطرہ

گلوبل وارمنگ دنیا بھر میں مہنگائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہے۔ اس حوالے سے زرعی ماہرین اور یورپین بنک نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ ہیٹ ویو، خشک سالی اور بےتحاشہ سیلاب زراعت اور خوراک کی پیداوار شدید متاثر کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ سے خوراک کی عالمی منڈیوں میں خوراک کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جس سے ترقی پذیر ممالک براہ راست زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

(اخبار احمدیہ جرمنی اپریل 2024ء صفحہ30)

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں