یورپی یونین کا مہاجرین سے متعلق قوانین میں اصلاحات پر اتفاق

یورپی یونین کے ممبر ممالک اور پارلیمنٹ نے 20 دسمبر 2023ء کے دن تارکین وطن سے متعلق قوانین میں اہم ترامیم پر اتفاق کر لیا ہے۔ جرمن خبر رساں ادارہ DW کے مطابق ان اصلاحات کا بنیادی مقصد غیرقانونی ہجرت کو کم کرنا، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہوں ان کی جلد ملک بدری، سرحدی حراستی مراکز کی تشکیل، غیرقانونی تارکین وطن کی آمد کی تیز رفتار جانچ پڑتال شامل ہیں۔ معاہدے کے مطابق سیاسی پناہ کے متلاشی پناہ گزینوں کو دیگر ممبر ممالک میں بھیجا جاسکے گا۔ ان تمام اصلاحات پر اتفاق رائے کے بعد ان کو ایک معاہدے کی شکل دی گئی ہے۔

اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کی شرط

اسرائیل حماس لڑائی کس سطح تک پہنچ گئی ہے اس کا اندازہ جرمنی کی ایک ریاست زاکسن کی اس نئی پالیسی سے لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق ریاست میں مقیم افراد کے لئے لازم قرار دیا گیاہے کہ جرمنی شہریت لینے کے لئے یہ لکھ کر دینا ہوگا کہ وہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں اور اسرائیل کے بطور ریاست وجود کے خلاف کسی بھی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ زاکسن ریاست کے حکام کے مطابق یہ پابندی عوامی بےچینی کو روکنے اور یہود دشمنی سے نبٹنے کے لئے لگائی جا رہی ہے۔ خبر کے مطابق شہریت کے قوانین وفاقی سطح پر بنتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد ریاستوں پر منحصر ہوتا ہے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ نا اہل قرار

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اگلے سال کے لئے نا اہل قرار دےدیا گیا ہے۔ منگل 18 نومبر کی شام امریکی ریاست کولو راڈو کی سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنایا جس میں ٹرمپ نااہل قرار دیئے گئے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل پر حملے میں ان کا کردار ثابت ہونے پر یہ سزا سنائی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بغاوت کی شق کا بھی حوالہ دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اب ٹرمپ صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتے۔ اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ کے ترجمان نے امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

خشک سالی سے 100 ہاتھی ہلاک

زمبابوے کے سب سے بڑے نیشنل پارک میں خشک سالی کے باعث 100 ہاتھیوں کی ہلاکت کی خبر عالمی ذرائع ابلاغ کی زینت بنی ہوئی ہے۔ جنوبی افریقی ملک زمبابوے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی شدت سے پانی کی کمی واقع ہو رہی ہے جس کے باعث اتنی بڑی تعداد میں ہاتھی ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ان ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرنے والوں میں بڑی تعداد بڑی عمر کے ضعیف اور بیمار ہاتھیوں کی تھی جو پانی کی تلاش میں دور دور تک جانے سے قاصر تھے۔

ایک روز میں مزید 100 فلسطینی شہید

عارضی جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود غزہ میں فلسطینیوں کی شہادت کا سلسلہ جاری ہے۔ 20 دسمبر کے روز بمباری میں مزید 100 نہتے فلسطینی شہید کردیئے گئے اور 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے شمالی اور جنوبی علاقوں پر کی جانے والی بمباری کی زد میں پناہ گزینوں کے کیمپ بھی آئے ہیں۔ غزہ میں’جبالیہ‘ سب سے بڑا کیمپ ہے جس میں ایک لاکھ سولہ ہزار پناہ گزین ہیں۔ خوراک اور پانی تو بند ہے لیکن بمباری روز ہو رہی ہے۔

برلن تا پیرس نائٹ ٹرین

11 دسمبر 2023ء سے براستہ برسلز برلن تا پیرس نائٹ ٹرین ’ Nightjet ‘ کا دوبارہ آغاز ہوا ہے جو ابتداءً ہفتہ میں تین بار سفر کرے گی۔ 2014ء میں مسافروں کی عدم دلچسپی کے باعث اسے بند کر دیا گیا تھا۔ آئندہ اس نائٹ ٹرین کی مقبولیت کی روشنی میں اکتوبر 2024ء میں مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ ہوگا۔ مغربی یورپ کے چار ممالک کی ریل کمپنیاں اسے چلائیں گی اور تین دارالحکومتوں کو ملائیں گی۔

(منور علی شاہد)

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں