منور علی شاہد

 

جرمن ادب کے اعلیٰ ترین اعزاز کا اعلان
جرمن زبان میں ادبی خدمات کے اعتراف میں ہر سال گیورگ بیوشنر (Georg Büchner) نامی اعزاز دیا جاتا ہے۔ امسال یہ اعزاز لٹس زائلر (Lutz Seiler) کے نام ہوا ہے۔ ساٹھ سالہ ادیب مشہور شاعر اور ایسی کتب کے مصنف بھی ہیں جو متعدد اعزازات حاصل کرچکی ہیں۔ موصوف کو جرمن ادب کا یہ اعلیٰ اعزاز دینے کا فیصلہ جرمن اکیڈیمی برائے زبان و ثقافت نے 18 جولائی 2023ء کو کیا۔ یہ اعزاز ڈارمشٹڈ میں چار نومبر 2023ء کو منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا۔
روسی جنگی جرائم اور جرمنی کی ذمہ داری
جرمنی کی وزیر خارجہ اینا لینا بیئربوک نے کہا ہے کہ ماضی میں نسل کشی اور انسانیت سوز ریکارڈ کے تناظر میں اب جرمنی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مستقبل میں ہونے والی جنگوں اور جرائم کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داری نبھائے۔ انہوں نے یہ بات عالمی فوجداری عدالت(آئی سی سی) کے قیام کی 25 ویں سالگرہ پر ڈی ڈبلیو سے ایک خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین سے لاحق خطرات کو ختم کرنے کے لئے برلن کا مؤقف امریکہ جیسا ہی ہے۔
سینکڑوں بچے سمندر میں غرق
بچوں کے حقوق وتحفظ کی عالمی تنظیم یونیسف نے حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ سال رواں کے ابتدائی چھ مہینوں میں 300 بچے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوئے ہیں۔ میڈیا بریفنگ میں ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ وسطی بحیرہ روم میں متعدد بحری جہازوں کے حادثات میں کوئی نہیں بچا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 2023ء کے پہلے چھ ماہ میں 11600 بچے سفر پر نکلے تھے جو 2022ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔
آبادی کے اعتبار سے پانچواں بڑا ملک
ہر سال ملکی آبادی میں چار اعشاریہ دو فیصد کی رفتار کے ساتھ اضافے سے پاکستان نے دنیا میں آبادی کے لحاظ سے 5 ویں بڑے ملک کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاپولیشن کونسل کی طرف سے آبادی کے عالمی دن پر جاری کردہ ہوشربا اعداد و شمار کے ساتھ ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں اس اعزاز کا ذکر کیا گیا ہے۔ تمام ایشیائی ممالک میں پاکستان کی اس میدان میں پیش قدمی کی رفتار سب سے تیز ہے۔ یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں کہ جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے ایٹمی ملک بھارت نے اسی سال سب سے بڑی آبادی والے ملک کا اعزاز اپنے نام کیا ہے
خونی آبشار کا معمہ حل
1911ء میں انٹارکٹیکا میں ایک مہم کے دوران برطانوی محققین اس وقت دَنگ رہ گئے جب انہوں نے ایک گلیشیئر سے خون کو بہہ کر برف سے ڈھکی ایک جھیل میں گرتے دیکھا تھا۔ بعدازاں اس کو بلڈفال(Blood Fall) کا نام دیا گیا۔ یہ معمہ ایک صدی بعد حل ہوا ہے۔ تازہ ترین تحقیق کے مطابق گلیشیئر میں برف سے سینکڑوں میٹر نیچے سائنسدانوں نے خوردبینی تصاویر میں آئرن سے بھرپور قدیم جرثوموں کو دیکھا۔ یہ ننھے ذرات گلیشیئر کے پگھلنے والے پانی میں وافر مقدار میں موجود تھے ان میں سیلیکون،کیلشیم، ایلومینیم اور سوڈیم جیسی معدنیات بھی موجود تھیں۔
شامی نوجوان ٹاؤن میئر بن گیا
8 سال قبل شام سے غیر قانونی طریقے سے جرمنی پہنچنے والا 29 سالہ شامی نوجوان ریان الشبل جرمن ٹاؤن کا میئر بن گیا۔ شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے وہ بھاگ کر شام پہنچا تھا۔ جرمن زبان سیکھنے کے بعد الشبل نے ایک ٹاؤن ہال میں انٹرن شپ کی اور پہلی بار عوامی ادارے کو کام کرتے دیکھا۔ شامی نوجوان نے بینکنگ اور فنانسنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔ اپریل میں 2500 افراد کی آبادی والے قصبہ سوابیان کمیونٹی نے 55.4 فیصد ووٹوں سے اس کو میئر منتخب کیا جس نے اب حلف اٹھا لیا ہے۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں