فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء کا فاتح ارجنٹائن

18 دسمبر کو قطر میں کھیلے گئے فیفا فٹ بال ورلڈکپ 2022ء کے سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں ارجنٹائن نے فرانس کو پنالٹی ککس پر شکست دے کر 36 سال بعد تیسری بارفٹ بال ورلڈ کپ جیت لیا۔ اس سے قبل ارجنٹائن نے 1986ء میں یہ اعزاز جیتا تھا۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2015ء میں ایک ٹویٹر صارف نے ارجنٹائن کے ورلڈکپ جیتنے کے بارے میں ٹویٹ کی تھی کہ دسمبر 2022ء میں لیونل میسی فیفا ورلڈکپ ٹرافی اُٹھائیں گے۔ جوز میگوئیل پولانکو نامی ٹوئٹر صارف نے قطر ورلڈکپ کے شیڈول جاری ہونے کے بعد یہ پیشگوئی کی تھی۔ اس صارف نے بھی یہ فائنل میچ دیکھا ہے۔

تیز ترین 10 مرچیں کھانے کا نیا ورلڈ ریکارڈ

کیلیفورنیا میں ایک شخص نے غیرمعمولی ہمت دکھاتے ہوئے دنیا کی کڑوی ترین دس مرچیں کھا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ عام افراد یہ ایک مرچ بھی حلق سے نہیں اتار سکتے۔ کیونکہ اس کے کیمیکل منہ میں ناقابلِ برداشت جلن پیدا کرتے ہیں۔ خبروں کے مطابق گریگری فوسٹر نامی شخص نے سان ڈیاگو میں یہ ریکارڈ بناتے ہوئے 15.33 سیکنڈ میں دنیا کی تیز ترین مرچیں چبا ڈالیں۔ 8 ماہ قبل اسی شخص نے تین مرچیں 8.72 سیکنڈ میں کھا کر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

سابق جرمن ٹینس اسٹار بورس بیکر رِہا

3 بار ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والے جرمن ٹینس سٹار بورس بیکر کو برطانیہ کی جیل سے رِہا کردیا گیا۔ وہ اس سال اپریل 2022ء سے جیل میں تھے۔ وہ دیوالیہ پن کے حوالے سے متعدد مقدموں میں ملوث تھے۔ خبروں کے مطابق ان کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد اب برطانیہ بَدر کردیا جائے گا۔ برطانیہ کے ہوم آفس کے مطابق کوئی بھی غیرملکی جو کسی جرم کا مرتکب ہو اور سزا یافتہ ہو، وہ ملک بدر کیا جاتا ہے۔

غزہ میں رومن دَور کے قبرستان کی دریافت

آثارِ قدیمہ کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے میں رومن عہد کے درجنوں مقبرے دریافت ہوئے ہیں۔ ان کی دریافت تعمیراتی کاموں کے دوران ہوئی ہے۔ نوادرات اور سیاحت کے ایک محقق حیام البطار کے مطابق مجموعی طور پر63 قبروں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ ایک قبر سے ملنے والی ہڈیاں اور نمونے دوسری صدی کے ہیں۔ خبر کے مطابق تعمیراتی کمپنی کے کارکنوں نے رواں سال جنوری میں بیت لاہیا کے قریب 31 مقبرے دریافت کئے تھے۔ اس جگہ مزید تحقیقی کام جاری ہے اور مزید قبریں ملنے کی توقع ہے۔

دنیا کا سب سے چھوٹا انسان

ایران کے ایک شہری کو دنیا کا سب سے چھوٹے قد والا انسان قرار دیا گیا ہے۔ 20 سالہ افشین غدرزادہ کا قد 2 فٹ ایک اعشاریہ67 انچ ہے۔ دبئی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کمیٹی نے اس کے دنیا کے سب سے چھوٹے قد والے انسان ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پانچ وکٹیں لینے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی
کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ کارنامہ سرانجام دیتے وقت کرکٹر کی عمر محض 18 سال اور 126 دن ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے پاس تھا، جنہوں نے 18 سال اور 193 دن کی عمر میں ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان سے برین ڈرین میں اضافہ

پاکستان کی ابتر معاشی و سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان سے راہ فرار اختیار کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سات لاکھ پینسٹھ ہزار افراد روزگار کی تلاش میں پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں