منور علی شاہد

جرمنی میں انگریزی کی تعلیم ختم ہو سکتی ہے
جرمن ٹیچر ایسوسی ایشن کے صدر ہائنز پیٹر نے پرائمری سطح پر جرمن بچوں کو انگریزی پڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے اس کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پبلک براڈ کاسٹر اے آر ڈی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو انگریزی پڑھانے کی بجائے جرمن زبان پڑھنے کی صلاحیت کو نکھارنے اور ریاضی کے مضمون میں صلاحیت بڑھانے کی طرف زیادہ توجہ کرنی چاہیے۔ اس کی وجہ انہوں نے بین الاقوامی پرائمری سکول ریڈنگ سروے کے نتائج بتائی جس میں جرمن بچوں کے نتائج دوسرے ممالک کے بچوں کی نسبت سب سے خراب آئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگریزی کے مضمون کو بس پڑھنے کی حد تک شامل کیا جاسکتا ہے۔
شینگن ویزہ اب آن لائن
یورپین یونین کے رکن ممالک اور قانون سازوں نے شینگن ویزہ کے موجودہ سسٹم میں تبدیلی لانے پر اتفاق کرلیا ہے اور اسٹیکرز کی بجائے ویزہ کو ڈیجیٹلائز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے نظام کے مطابق اب یورپین ممالک کے سیاحتی شینگن ویزہ کے لئے قونصل خانے یا ویزہ سروسز دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور لوگ آن لائن درخواست بھیج سکیں گے۔ شینگن علاقوں میں قبرص، آئرلینڈ، بلغاریہ، رومانیہ کے علاوہ یورپی یونین کے 27 ممالک بھی شامل ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ سہولت ان افراد کو میسر نہیں ہوگی جو پہلی بار شینگن ویزہ کے لئے اپلائی کریں گے یا جن کا نیا پاسپورٹ ہوگا یا جن کا بائیو میٹرک ڈیٹا تبدیل ہوا ہو۔ ایسے درخواست دہندہ کو ذاتی طور پر حاضر ہونا پڑے گا۔
ہر دسویں جرمن فرم پر سائبر حملے
جرمنی کی معیشت سے وابستہ پیداواری اور کاروباری ادارے اور فرمیں گزشتہ سال سائبر حملوں اور دیگر سیکورٹی سے متعلق خدشات کی زَد میں رہی ہیں۔ یہ بات ٹیکنیکل انسپیکشن ایسوسی ایشن یا ٹئوف(TÜV) کی طرف سے کئے گئے ملک گیر سروے میں بتائی گئی ہے۔ سروے کے مطابق 2022ء میں 501 جرمن کاروباری ادارے سائبر یا ملتے جلتے واقعات کی زَد میں رہے۔ تنظیم کے صدر کے مطابق جرمن معیشت میں اب کوئی ادارہ محفوظ نہیں رہا اور یہ معمول بن چکا ہے۔
برلن میں اسپیشل اولمپکس کھیلوں کا آغاز
ذہنی یا جسمانی طور کسی بھی معذوری کا شکار کھلاڑیوں کی کھیلیں اسپیشل اولمپکس کہلاتی ہیں۔ جرمنی کو پہلی بار ان کھیلوں کی میزبانی کرنے موقع ملا ہے۔ ان کھیلوں کا باقاعدہ افتتاح 17 جون کو جرمن صدر شٹائن مائر نے برلن کے اولمپک گراؤنڈ میں کیا جس کی افتتاحی تقریب میں پچاس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ان کھیلوں میں 176 ممالک سے سات ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے 26 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ یہ مقابلے 25 جون تک جاری رہے۔ پاکستانی سپیشل کھلاڑیوں نے 11 کھیلوں میں حصہ لیا جبکہ ایتھلیٹس پاور لفٹنگ، سائیکلنگ، ایتھلیٹکس، لانگ جمپ، ہاکی، ٹینس، باسکٹ بال، بیڈمنٹن اور فٹبال سمیت مختلف مقابلوں میں مجموعی طور پر 80 میڈلز حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ان میڈلز میں 11 گولڈ، 29 سلور اور 40 برانز میڈل شامل ہیں۔
انسانی ہمدری کا انعام
برطانیہ میں ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری احسان شاہد چودھری کو ضرورت مند لوگوں کو مفت کھانا فراہم کرنے پر برٹش ایمپائر میڈل سے نوازا گیا ہے۔ انہیں یہ میڈل شاہ چارلس کی سالگرہ کی تقریب میں دیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ پنجم نے1917ء میں یہ اعزاز فنون لطیفہ، خیراتی اور عوامی خدمات سرانجام دینے والوں لوگوں کے لئے قائم کیا تھا۔ اب یہ میڈل ہینڈ انہیں دی اوپن کچن(Hand the open kitchen) کی صورت میں خدمتِ انسانیت کرنے پر دیا گیا۔ احسان شاہد نے 1993ء میں بوسنیا کے مسلمانوں کی امداد کے لئے عطیات اور خیرات اکٹھی کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا جو اب تک جاری ہے اور 2018ء میں اوپن کچن کا آغاز کیا تھا۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں