منور علی شاہد

 

جرمنی بھر کے لیے 49 یورو کا سفری ٹکٹ

جرمنی میں گزشتہ سال 9 یورو ماہانہ ٹکٹ کی کامیابی کے بعد اب 3 اپریل 2023ء سے 49 یورو ماہانہ سفری ٹکٹ کی فروخت شروع ہو چکی ہے جو کہ یکم مئی سے قابل استعمال ہوگی۔ یہ سہولت جرمنی بھر کی ریجنل ٹرینوں، بسوں، ٹراموں اور زیرِ زمین چلنے والی ریل گاڑیوں کے لئے کارآمد ہوگی۔ اس بارہ میں جرمنی کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین مذاکرات کئی ماہ سے جاری تھے۔ یہ ٹکٹ تیز رفتار انٹرسٹی اور انٹرسٹی ایکسپریس کے لئے کارآمد نہیں ہوگا۔ ریل کمپنی جرمن ریلوے (DB) کے ترجمان اس سکیم کی کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ صارفین کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔ یہ ٹکٹ چپ کارڈ، موبائل فون کے علاوہ ٹریول کارڈ کے طور پر بھی خریدا جاسکتا ہے۔

دنیا کا امیر ترین شہر

دنیا کے امیر ترین شہروں میں امریکہ کا شہر نیویارک سرِفہرست قرار پایا ہے۔ اس شہر میں کروڑ پتی افراد کی تعداد تین لاکھ چالیس ہزار ہے۔ عالمی تنظیم Henley & Partners کے مطابق نیویارک کے بعد جاپان کے شہر ٹوکیو میں کروڑ پتی افراد کی تعداد دو لاکھ 90 ہزار جبکہ امریکہ ہی کے دوسرے شہر سان فراسسکو میں کروڑ پتی افراد کی تعداد دو لاکھ 85 ہزار ہے۔

پاکستان میں چینی انجینئر پر توہین مذہب کا الزام

پاکستانی عدالت نے توہین مذہب کے الزام میں گرفتار چینی شہری انجینئر کو دو ہفتوں کے لئے جیل بھیج دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ‘داسو ڈیم’ کے منصوبے پر کام کے دوران پیش آیا تھا۔ ملزم نے دوران ڈیوٹی مبینہ طور پر دو ڈرائیوروں کو نماز کے لئے ضرورت سے زائد وقت لگانے پر ان کی باز پُرس کی تھی۔ چینی شہری کی شناخت Tian نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے پولیس کے سامنے الزام کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اسلام یا پیغمبر اسلام کے خلاف کسی قسم کی کوئی حرکت نہیں کی۔

جرمنی میں جوہری توانائی گھروں کی بندش

جرمنی نے 2002ء میں اپنے تمام جوہری پلانٹس تدریجی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجہ میں اپریل 2023ء میں اپنے آخری تین جوہری پلانٹس بھی بند کر دیئے ہیں۔ 2011ء میں فوکو شیما جاپان میں جوہری حادثہ کے بعد ان کوششوں کو تیز کردیا گیا تھا۔ جرمن شہریوں اور تحفظ ماحولیات کے لیے سرگرم تنظیموں نے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ماضی میں ان کے خاتمہ کے لئے تحریک بھی چلتی رہی ہے۔ یوکرائن اور روس کی جنگ کے بعد سے جرمنی توانائی کے بحران کا شکار ہے۔ ان حالات میں ان جوہری پلانٹس کا بند کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔

منفرد عالمی اعزاز سے محروم ہونے کی توقع

چین دہائیوں تک دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے لیکن اب یہ منفرد اعزاز بھارت کو منتقل ہونے کی توقع ہے۔ اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی عالمی آبادی سے متعلق رپورٹ میں بھارت کی آبادی کا تخمینہ ایک ارب 42 کروڑ 86 لاکھ لگایا گیا ہے جبکہ چین کی آبادی ایک ارب 42 کروڑ 57 لاکھ رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ 70 برسوں سے انڈیا اور چین کی آبادی عالمی آبادی کا ایک تہائی حصے سے زیادہ ہے۔ گزشتہ برس چین کی آبادی میں 1961 کے بعد پہلی بار کمی واقع ہوئی ہے۔
دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا نیا منصوبہ
آج کل دبئی کے برج الخلیفہ کے پاس سب سے بلند ترین عمارت کا اعزاز ہے جس کی بلندی 828 میٹر ہے۔ لیکن مستقبل میں یہ اعزاز دبئی سے کویت منتقل ہونے کی امید ہے۔ کویت نے 1001 میٹر دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس عمارت میں 234 منزلیں ہوں گی اور 7000 افراد قیام کر سکیں گے۔ اس عمارت کے ڈیزائن کی ذمہ داری سپین کے آرکیٹیکٹ Santiago Calatraua کو سونپی گئی ہے۔ اس منصوبہ پر اربوں ڈالرز کی لاگت آئے گئی۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں