(منور علی شاہد)

 

ماسٹرز کی ڈگری لینے والی عمر رسیدہ خاتون

پڑھنے لکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ یہ بات 89سالہ معمر امریکی خاتون ڈانوین نے سچ ثابت کردی جنہوں نے امریکہ کی سدرن نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے کریٹیوراٹنگ (Creative Writting) میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور اپنا دیرینہ شوق پورا کیا۔ خاتون کے مطابق انہوں نے 16 سال کی عمر میں اسکول مکمل کیا لیکن گھریلو وسائل کی کمی کے باعث کالج کی تعلیم حاصل نہ کرسکی تھیں۔ بدقسمتی سے اپنی شادی کے بعد بھی اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکیں، تاہم اب بچوں کی شادیوں سے فراغت کے بعد انہوں نے 84سال کی عمر میں چار سالہ ڈگری شروع کی جو اب مکمل ہوئی ہے۔

سعودی عرب کا شہر عجائبات میں شامل

سعودی عرب کے شمال میں واقع ثقافتی شہر العلا کو 2023ء میں دنیا کے عجائب میں شامل کر لیا گیا ہے۔ عجائب کی فہرست مرتب کرنے والے ایوارڈ یافتہ سفرنامہ نگار آرون ملر کے مطابق جب 2022ء میں اس جگہ کو سرکاری طور پر سیاحوں کے لئے کھولا گیا تو عرب کی دو لاکھ پرانی تاریخ سامنے آئی۔ اس شہر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا زیادہ تر حصہ غیر دریافت شدہ ہے اور صرف پانچ فیصد حصہ کی کھدائی کی گئی ہے۔ آرون ملر کے ساتھ تحقیق میں فرانس، ارجنٹینا، برطانیہ، بھوٹان اور جنوبی افریقہ کے ماہرین بھی شامل تھے۔
پاکستان میں زرِمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر
پاکستان کے مرکزی بنک کے زرِمبادلہ کے ذخائر محض5.6 بلین ڈالر باقی رَہ گئے ہیں۔ یہ مالی صورتحال نہ صرف سنگین خطرہ کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے کمرشل بنکوں کے پاس 5.8 بلین ڈالر موجود ہیں،اس طرح مجموعی طور پر پاکستان کے پاس11.4 بلین ڈالر باقی رَہ گئے ہیں۔ تاجروں اور اقتصادی ماہرین کے مطابق کل ملا کر بھی یہ صرف تین ہفتوں کی درآمدات کی ادائیگی کے لئے کافی ہوں گے۔

فلسطینی قیدی چالیس سال بعد رِہا

اسرائیل کی جیل سے ایک ایسے فلسطینی قیدی کو رہائی ملی ہے جو وہاں کے طویل ترین سزا کاٹنے والے قیدیوں میں شامل تھا۔ کریم یونس نامی فلسطینی قیدی کو 40 سال کی سزا پوری کرنے پر رہا کیا گیا ہے۔ کریم یونس کی عمر اس وقت 60 سال ہے۔ 1983ء میں اس کو 40 سال کی قید سنائی گئی تھی۔ اس پر ایک اسرائیلی فوجی کے اغوا اور قتل کا الزام تھا۔ سزا کے وقت اس کی عمر 20 سال تھی۔ کریم یونس کو 5 جنوری کو اسرائیل کے شہر حیفہ کی وادی عارہ کی جیل سے رہائی ملی ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق کریم واحد فلسطینی ہے جس نے اسرائیل جیل میں طویل ترین دورانیے کی مسلسل قید کاٹی ہے۔

ایک ماہ میں کورونا سے 60 ہزار اموات

چینی حکام نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ چین میں ایک ماہ کے دوران کورونا کے باعث مختلف امراض میں مبتلا 60 ہزار افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ان میں زیادہ تعداد معمر افراد کی تھی۔ یاد رہے کہ چین میں نومبر اور دسمبر 2022ء کے دوران کورونا کی نئی قسمیں بی ایف 7 اور ایکس بی بی1-5 پھیلنے کی رپورٹس بھی منظر عام پر آئی تھیں جس پر ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وہاں ایک ماہ کے دوران 25 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

جرمنی کی آبادی میں ریکارڈ اضافہ

گزشتہ سال 2022ء کے اختتام پر جرمن کی آبادی84.3 ملین افراد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ وفاقی شماریات کے ادارے کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے سب سے بڑے ملک جرمنی کی آبادی میں یہ اضافہ امیگریشن کے باعث ہوا ہے،رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے آخر میں نئے رہائشیوں کی سب سے بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ1.42 سے1.45 ملین کے درمیان لوگ جرمنی میں واپس لَوٹے ہیں جو بیرون ملک منتقل ہوگئے تھے۔ رپورٹ میں 2021ء کے مقابلہ میں گزشتہ سال پیدائش کی شرح میں سات فیصد کمی جبکہ شرح اموات میں چار فیصد اضافہ ہوا۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں