دنیا کا سب سے مہنگا آم ؟

آم ایک پھل ہے جو دنیا بھر میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کی بدولت آم اب دنیا بھر میں کاشت ہونے لگا ہے۔ پاکستان، بھارت میں آموں کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ بھارت میں پائی جانے والی اقسام میں بینگن پالی، دسہری، الپھونسو اور لنگڑا قابل ذکر ہیں لیکن دنیا کا سب سے مہنگا ترین آم جاپان میں پایا جاتا ہے۔ اس کا نام میازکی Miyazaki ہے جو جامنی رنگ کا ہے اور جاپان کے جس شہر میں پایا جاتا ہے اس کا نام بھی میازکی ہے یہیں کاشت کیا جاتا ہے۔ یہ آم بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پورمیں بھی کاشت کیا جاتا ہے۔ اس کی فی کلو قیمت دو لاکھ ستر ہزار بھارتی روپے ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس آم کی دو، تین اقسام یہاں کاشت کی جاتی ہیں جس کی حفاظت کے لئے سیکورٹی عملہ ہروقت متعیّن رہتا ہے۔ ان کو ڈائنوسار کا انڈہ بھی کہا جاتا ہے

جرمنی میں افراط زر کی بلند ترین شرح

یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی میں افراط زر کی شرح نے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں اور بلند ترین شرح پر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سے پہلے ایسی افراط شرح تین عشرے قبل سابق مغربی جرمنی میں دیکھنے میں آئی تھی۔ ماہرین کے مطابق اس کی متعدد وجوہات ہیں جن میں کورونا، یوکرین پر روس کا حملہ اور جاری جنگ، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ شماریات سے متعلق دفتر کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق یہ شرح 7.4 تک پہنچ گئی ہے اور جرمنی میں آخری بار 1981 کی دوسری سہ ماہی میں سابق مغربی جرمنی میں اشیاء کی قیمتوں میں ایسا اضافہ ہوا تھا۔

جرمنی میں صحافیوں پر حملوں میں اضافہ

دیگر ممالک کی طرح جرمنی کے صحافی بھی حملوں سے بچ نہ سکے اور گزشتہ سال ان پر حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کا انکشاف یورپی مرکز برائے پریس اور آزادی ابلاغ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔ جرمن شہر Leipzig میں قائم یورپی سنٹر فار پریس اینڈ میڈیا فریڈم(ECPMF) کے مطابق گزشتہ سال جرمنی میں مرد و خواتین صحافیوں پر 83 جسمانی حملے ہوئے جو 2020ء کے مقابلے میں 14کیسز زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 124 میڈیا ورکرز کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ان میں صحافیوں کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

نوزائیدہ بچوں کی منفرد سالگرہ

افریقی ملک مالی میں ایک جوڑے کے ہاں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی جن میں 5 لڑکیاں اور4 لڑکے تھے۔ جن کی اس سال پہلی سالگرہ منائی گئی ہے۔ بیک وقت جنم لینے والے ان 9 بچوں کی پیدائش 4 مئی کو ہوئی تھی۔ اپنی نوعیت کا دنیا میں یہ پہلا واقعہ تھا جب کسی جوڑے کے ہاں بیک وقت 9 بچوں نے جنم لیا اور پھر زندہ رہے۔ ان کی پیدائش قبل از وقت اپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون حلیمہ اور اس کے شوہر بچوں کی پیدائش سے قبل حکومت کے تعاون سے مراکش گئے تھے جہاں طبی معائنہ و نگہداشت کی گئی تھی۔ پیدائش کے مراحل میں 30 ڈاکٹروں اور دیگر طبّی عملے نے کام کیا تھا۔ ایک سال بعد تمام بچے پہلے سے زیادہ صحت مند ہیں۔

روس پر مزید نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ

امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن نے یوکرائن کے دورہ کے دوران اپنی ہم منصب اولینا زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کی ہے اور ماسکو پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں خواتین اوّل کی یہ ملاقات سرحدی گاؤں اوزہورڈ میں واقع ایک سکول میں ہوئی جس کو بےگھر افراد کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکہ نے مزید 2600 روسی اور بیلا روسی افراد پر ویزے کی پابندیاں عائد کی ہیں۔ روس کے یوکرائن پر حملہ کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی۔

جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس

دنیا کے سات بڑے معاشی ممالک(جی سیون) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس 12تا 14 مئی 2022ء شمالی جرمنی میں بالٹک سمندر کے سیاحتی قصبے Weissenhaus میں شروع ہوا جس میں جرمنی کی وزیرِخارجہ Annalena Baerbock کے علاوہ کینیڈا، فرانس، جاپان، برطانیہ کے وزرائے خارجہ اور امریکہ کی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ نے شرکت کی۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق سہ روزہ اجلاس میں یوکرین کی یورپی یونین میں شرکت، عالمی سطح پر خوراک کی بڑھتی ہوئی قلت، روس کے یوکرین پر حملے سمیت دیگر اہم عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اختتامی دن ایک اعلامیہ میں کانفرنس کے مندوبین نے روس سے یوکرین کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ برآمدی جہازوں کی نقل و حرکت شروع ہوسکے۔ اعلامیہ کے مطابق اس کی وجہ سےخوراک کے بدترین بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق جنگ کی طوالت سے مشرق وسطی اور افریقی ممالک میں بھوک کا بحران جنم لے سکتا ہے۔ یاد رہے کہ یوکرین کا شمار دنیا بھر میں اناج فراہم کرنے والے اہم ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

کییف کے نواح سے ایک ہزار لاشیں برآمد

اقوام متحدہ کی کمشنر برائے انسانی حقوق میشیل بیشیلٹ نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں یوکرین کے دارالحکومت کییف کے قریب سے ایک ہزار لاشیں ملی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بہت سے ہلاک افراد ممکنہ جنگی جرائم کا نشانہ ہو سکتے ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے انہوں نے جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی کونسل کو بتایا کہ یہ غیرقانونی ہلاکتیں انتہائی حیرت انگیز ہیں۔ دوسری طرف روس نے اپنی فوجی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔

آسٹریلیا میں پاکستانی 19 ویں بڑی کمیونٹی

آسٹریلیا میں بسنے والے پاکستانی نژاد شہریوں کی تعداد میں ایک دہائی میں تین گنا اضافہ ہوا اور ملک کی 19 ویں بڑی کمیونٹی بن گئے۔ آسٹریلوی محکمہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق جون 2019ء تک آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں کی تعداد 91 ہزار 480 تک پہنچ گئی تھی جو 30 جون 2009ء میں 27 ہزار 250 تھی، یعنی اس میں 3 گنا زیادہ اضافہ ہوا۔

ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ

پاکستانی وزارت داخلہ کے مطابق ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ایمنسٹی اسکیم کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ہے جس کا اطلاق ان پاکستانیوں پر ہو گا جو ایک سے زائد شناخت رکھتے ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق یہ ایمنسٹی اسکیم 31 دسمبر 2022 تک نافذ رہے گی۔ ایک سے زائد شناخت رکھنے کی سزا 3 سال تک کی ہے اس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک سے زائد شناخت رکھنے والوں کو ایک دفعہ سزا سے معافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آثار قدیمہ کی دریافت

برطانیہ میں تعمیری کام کے لئے جاری کھدائی کے دوران قدیم اور تاریخی آثار قدیمہ دریافت ہوئے جس نے لوگوں کو حیران کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی جزائر اوئٹر ہیبرائڈز میں آبی انجینئرز کی جانب سے نئے پائپوں کی تنصیب کے لئے کی گئی کھدائی میں قرون وسطی کی ایک نایاب اور تاریخی جگہ دریافت ہوئی ہے۔ اس جگہ کے بارے کہا جا رہا ہے کہ500 سال قبل بھیڑوں کو پالنے کے لئے استعمال کی جاتی تھی۔ ماہرین کے نزدیک یہ جگہ چودھویں اور سولہویں صدی کے درمیان آباد تھی۔ ان کھنڈرات سے ملنے والی اشیاء میں جانوروں کی ہڈیاں، پتھر کی چیزیں اور برتنوں کے 100 ٹکڑے بھی شامل ہیں۔

دو پہاڑوں کے درمیان واقع طویل ترین پل

یورپی ملک چیک ری پبلک میں دو پہاڑی چوٹیوں کے درمیان بنایا گیا پُل سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا جو اس نوعیت کا دنیا کا طویل ترین پل ہے۔ اس پل کی لمبائی721 میٹر ہے۔ اسکائی برج721 نامی یہ پل زمین سے 95 میٹر بلند ہے جو دو بلند پہاڑوں کی چوٹیوں کو ملاتا ہے۔ اس کی تعمیر 2 سال میں مکمل ہوئی جس پر 8.4 ملین ڈالر اخراجات ہوئے۔ اس پل کی تعمیر سے قبل پرتگال کے پل اروکا برج کو دنیا کا طویل ترین پل ہونے کا اعزاز حاصل تھا جو516 میٹر طویل تھا۔ پل پر جانے کے لئے بکنگ کرانی پڑتی ہے اور 350 چیک کورونا(کرنسی) ادا کرنے پڑتے ہیں۔

بی ایم ڈبلیو گرین پاور پلانٹ لگائے گی

کاریں بنانے والی جرمنی کی مشہور کمپنیBMW یورپی ملک ہنگری میں کار سازی کا نیا پلانٹ لگانے جارہی ہے جو صرف قابلِ تجدید ذرائع سے پیدا شدہ بجلی یعنی گرین پاور سے چلے گا۔ کمپنی بی ایم ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹیو اولیور سپزے نے کمپنی کے سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ ہنگری میں اپنے نئے پیداواری یونٹ میں روایتی معدنی ایندھن بالکل استعمال نہیں کرے گا۔ اجلاس میں انہوں نے کمپنی کے حصص کے مالکان کو بتایا کہ صرف گرین انرجی پر انحصار کرکے کاریں بنانے والا دنیا میں یہ پہلا پلانٹ ہوگا۔

فن لینڈ اور سویڈن نیٹو میں شمولیت پر رضامند

یورپی اہم ممالک سویڈن اور فن لینڈ نے نیٹو میں شمولیت کے لئے مشترکہ درخواست جمع کرا دی اور روس کے دباؤ کو مسترد کردیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق دونوں ممالک نے نیٹو میں شامل نہ ہونے کی پالیسی کو یوکرین پر روسی حملہ کے تناظر میں ترک کیا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مسٹر اسٹولٹن برگ نے شمولیت کی درخواستیں وصول کیں۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں