مجلس انصاراللہ جرمنی کو اپنا 43 واں سالانہ اجتماع مؤرخہ 12 تا 14 جولائی 2024ء Messe Karlsruhe میں منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ مجلس انصاراللہ کے اس سال کا عنوان منصب خلافت اور انصاراللہ کی ذمہ داریاں تھا۔ مرکز سے محترم عبدالخالق صاحب تعلق دار اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار سیکشن حضورانور کی اجازت سے بطور مرکزی نمائندہ شریک ہوئے۔ سیّدنا حضورانور سے مقام اجتماع و تواریخ کی منظوری کے بعد تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس سلسلہ میں16 افراد پر مشتمل اجتماع بورڈ اور 116 منتظمین پر مشتمل اجتماع کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں نیشنل مجلس عاملہ کے اراکین کے علاوہ ناظمین اعلیٰ علاقہ بھی بطور نائب منتظمین اعلیٰ شامل تھے۔ اجتماع کمیٹی کی متعدد آنلائن جبکہ ایک بالمشافہ میٹنگ 9؍ جون 2024ء کو مسجد سبحان میورفیلڈن میں منعقد ہوئی۔ وقار عمل کے ذریعہ انصار نے مقام اجتماع کو تیار کیا۔ 46 انصارنے اس دوران وقف عارضی کی اور اجتماع کی تیاریوں میں مصروف عمل رہے۔

سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس نے صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی درخواست پر ازراہ شفقت انصارکے لئے پیغام بھجوایا جو اجتماع کے موقع پر پڑھ کر سنایا گیا نیز اس پیغام کو حضورانور کی اجازت سے تصویر کے ساتھ شائع کرکے انصار میں تقسیم کیا گیا۔

پہلے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی ادائیگی اور درس قرآن سے ہوا۔ روحانی و دینی اور پاکیزہ ماحول میں تین دن گزارنے والے مہمانوں کی جوق دَر جوق آمد سے مقام اجتماع کی رونق اور گہما گہمی بڑھتی گئی۔ مہمانوں کی آمدپر ان سب کی رجسٹریشن بھی ہوتی رہی اور یہ سلسلہ دوپہر کے کھانے اور نماز جمعہ کی تیاری تک جاری رہا۔ نماز جمعہ اور عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین اجتماع نے حضورانور کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ کچھ دیر کے وقفہ کے بعدپرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب جرمنی نے قومی پرچم اور صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے لوائے انصار لہرایا، بعد ازاں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے دعا کرائی۔

اس کے بعد افتتاحی تقریب زیر صدارت مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن اور جرمن و اردو ترجمہ کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے انصاراللہ کا عہد دُہرایا۔ نظم کے بعد صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے افتتاحی تقریر کی جس کے آخر پر حضورانور کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ یہ پیغام اجتماع کے لئے بطور خاص صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی درخواست پرموصول ہوا تھا۔ اس موقع پر دعا سے قبل مکرم نیشنل امیر صاحب نے شاملین اجتماع کو مختصر نصائح کیں۔ مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے دعا کرائی اور اہم اعلانات کے بعد اجتماع کی افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی۔ اس کے بعد حسبِ پروگرام علمی و ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے جو نمازوں تک جاری رہے۔ پہلے روز کے علمی مقابلہ جات میں حسن قرأت اور نظم کے مقابلے شامل تھے جس میں معیار اوّل اور صف دوم کے انصار نے حصہ لیا۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد اور فجر کی ادائیگی اور درس قرآن سے ہوا۔ سیر کے بعد ایک نمائشی کرکٹ میچ ناظمین اعلیٰ علاقہ اورممبران نیشنل عاملہ کے درمیان کھیلا گیا۔ ناشتہ کے بعد جرمن تقریر اور فی البدیہہ تقریر کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ مجلس انصاراللہ کے اجتماع کا ایک اہم پروگرام تلقین عمل ہے۔ یہ پروگرام تقریبا ًبارہ بجے زیرِصدارت مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی شروع ہوا۔ تلاوتِ قرآن کے بعدمکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسل جامعہ احمدیہ جرمنی نے تربیت اولاد اورمکرم مبارک احمد تنویر صاحب نے قیامِ نماز اور تعلق باللہ کے موضوع پرتقاریر کیں۔ اس کے بعد نمازوں اور کھانے کا وقفہ ہوا جس کے بعد علمی و تربیتی پروگرام زیر صدارت مرکزی نمائندہ مکرم عبدالخالق صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصاراللہ منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں منصبِ خلافت اور انصاراللہ کی ذمہ داریاں کے عنوان پر مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے تقریر کی۔ بعدازاں اسی موضوع کی نسبت سے ڈاکیومنٹری بھی شاملین اجتماع کو دکھائی گئی۔ اس کے بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے سال 2023ء کی سالانہ رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ اس اجلاس میں مکرم نائب صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے سیّدنا حضورانور کا پیغام اجتماع دوبارہ پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ اسی دن شام سات تا آٹھ بجے ملٹی نیشن انصار کا اہم پروگرام زیرِصدارت مکرم نیشنل امیر صاحب منعقد ہوا جس میں نیشنل امیر صاحب نے حضورانور کے پیغام کا جرمن ترجمہ پڑھ کر سنایا نیز دیگر تربیتی امور پر نصائح کیں۔ رات پونے دس بجے نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ دوسرے دن کا پروگرام بھی اختتام پذیر ہوا۔

آخری روزنماز تہجد اور فجر کی ادائیگی اور درس قرآن کے بعد ورزشی مقابلہ جات کے فائنل کھیلے گئے۔ نیز ملٹی نیشن انصار کے مابین ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔ اسی کے ساتھ علمی مقابلہ جات کے فائنل منعقد ہوئے۔ بیت بازی کا فائنل مقابلہ سٹیج سےکرایا گیا جو دوپہر کھانے اور نمازوں کے وقفہ تک جاری رہے۔

وقفہ کے بعد اجتماع کی اختتامی تقریب زیرِصدارت مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی منعقد ہوئی جس میں منتظم اعلیٰ اجتماع نے سالانہ اجتماع سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔ برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے مکرم عبدالخالق تعلق داد صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری انصار سیکشن نے تربیتی اور تنظیمی امور پر نصائح کیں۔ جس کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی اور مکرم عبدالخالق صاحب تعلق دار نے انعامات تقسیم کئے۔ بہترین کارکردگی دکھانے پر جن شعبہ جات کو انعامات دیئے گئے ان میں قیادت مال میں سو فیصد وصولی کرنے والے پہلے دس علاقہ جات، قیادت ایثار میں لنگر خانہ میں بہترین کارکردگی پر پہلے پانچ علاقہ جات، چیریٹی واک میں پہلی دس مجالس کو انعامات دیئے گئے۔ قیادت عمومی کے تحت حسن کارکردگی میں چھوٹی مجالس میں پہلی پانچ مجالس اور بڑی مجالس میں پہلی دس مجالس کو انعامات دیئے گئے۔ بڑی مجالس میں پہلی پوزیشن اور علم انعامی مجلس Nidda نے حاصل کیا۔ چھوٹی مجالس میں مجلس Rhein نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح علاقہ جات کے سالانہ اجتماعات میں بہترین کارکردگی پر پہلے دس علاقہ جات کو سند امتیاز سے نوازا گیا۔ علاقہ Württemberg نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ششماہی مضمون نویسی کے انعامات بھی پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم کئے گئے۔ اسی طرح مرکزی مہمانوں کے علاوہ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ ہالینڈ اور ان کی مجلس عاملہ کے اراکین کو بھی تحائف دیئے گئے۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی طرف سے اظہار تشکر کے کلمات اور محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی کے اختتامی خطاب و دعا کے ساتھ سالانہ اجتماع اختتام پذیر ہوا، الحمدللہ ذالک۔

اجتماع کے موقع پرمجلس انصاراللہ کی قیادت ایثار (احمدیہ چیریٹی واک، احمدیہ لنگر اور شجرکاری)، اشاعت اور شعبہ ملٹی میڈیا نے اپنے اسٹال لگائے۔ اسی طرح شعبہ وصایا، اشاعت، تعلیم الاسلام اولڈ سٹوڈینٹس ایسوسی ایشن، النصرت، ہیومینٹی فرسٹ اور IAAAE نے بھی سٹال لگائے۔

امسال صدرمجلس نے انصار میں سائیکل چلانے کی ترغیب دینے کے لئے نائب صدر صف دوم کے تحت ایک شعبہ Fahrradtour بنایا جنہوں نے بھرپور طریقے سے اپنا اسٹال لگایا۔ اس شعبہ کے تحت محترم نیشنل امیر صاحب جرمنی 11 سائیکل سواروں کے ساتھ اجتماع گاہ میں 120 کلومیٹر کا سفر طے کرکے شامل ہوئے۔ اس اجتماع پر شعبہ ضیافت میں پہلی مرتبہ کوڑے کو الگ کرنے (Mülltrennung) کا تجربہ کیا گیا جو کہ کافی کامیاب رہا۔

امسال اجتماع کی کل حاضری 6416 رہی جس میں انصار کی تعداد 3405 تھی۔ جبکہ 1690 خدام اور 1008 اطفال نے بھی شرکت کی۔ یورپ کی دو مجالس ہالینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی مجالس عاملہ کے نمائندگان اپنے صدور کے ساتھ بھی شامل ہوئے۔ ہالینڈ سے 8 افراد پرمشتمل قافلہ صدر مجلس کے ساتھ اجتماع میں شام ہوئے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے روحانی اور بابرکت اجتماعات منعقد کرنے اور ان سے بھرپور استفادہ کرنےکی توفیق عطا فرماتا رہے، آمین ثم آمین۔

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ اگست 2024ء صفحہ 39)

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء