حضر ت کریب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ امّ فضل بنت حارث نے انہیں امیر معاویہؓ کے پاس شام بھیجا۔ وہ کہتے ہیں میں شام آیا اور ان کا کام مکمل کیا۔ مَیں شام میں ہی تھا کہ رمضان کا چاند طلوع ہوگیا۔ میں نے چاندجمعہ کے دن دیکھا، پھر مہینہ کے آخر میں مدینہ آگیا۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے مجھ سے (حال احوال)پوچھا پھر نئے چاند کا ذکر کیا اور کہا کہ تم نے نیا چاند کب دیکھا؟مَیں نے کہا ہم نے اسے جمعہ کی رات دیکھا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا تم نے خود اسے دیکھا؟ مَیں نے کہا ہاں اور دوسرے لوگوں نے بھی اسے دیکھااور انہوں نے روزہ رکھااور امیر معاویہؓ نے بھی روزہ رکھا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا ہم نے اسے ہفتہ کی رات دیکھا ہم روزے رکھتے رہیں گے یہاں تک کہ تیس پورے کرلیں یا ہم اسے(چاندکو) دیکھ لیں۔ مَیں نے کہا کیا آپؓ کے لیے امیر معاویہؓ کی رؤیت اور ان کا روزہ رکھنا کافی نہیں؟تو انہوں نے کہا نہیں، ہمیں رسول اللہﷺ نے ایسا ہی حکم دیا تھا۔ (یعنی ہم اپنے اُفق پر نظر آنے والے چاند کی رؤیت کا خیال رکھیں گے)

(صحیح مسلم کتاب الصیام باب بیان أَنَّ لِکُلِّ بَلَدٍ رُؤْیَتَھُمْ…)

سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس  اس کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
’’اِن ملکوں میں جو مغربی ممالک ہیں، یورپین ممالک ہیں نہ ہی حکومت کی طرف سے کسی رؤیت ہلال کا انتظام ہے اور نہ ہی اس کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اس لئے ہم چاندنظر آنے کے واضح امکان کو سامنے رکھتے ہوئے روزے شروع کرتے ہیں اور عید کرتے ہیں۔ ہاں اگر ہمارا اندازہ غلط ہو اور چاند پہلے نظر آ جائے تو پھر عاقل بالغ گواہوں کی گواہی کے ساتھ، مومنوں کی گواہی کے ساتھ کہ انہوں نے چاند دیکھا ہے پہلے بھی رمضان شروع کیا جا سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ جو ایک چارٹ بن گیا ہے اس کے مطابق ہی رمضان شروع ہو۔ لیکن واضح طور پر چاندنظر آنا چاہئے۔ اس کی رؤیت ضروری ہے۔ لیکن یہ کہنا کہ ہم ضرور غیر احمدی مسلمانوں کے اعلان پر بغیر چاند دیکھے روزے شروع کر دیں اور عید کرلیں یہ چیز غلط ہے۔ حضرت مسیح موعود نے اس بات کو اپنی ایک کتاب سرمہ چشم آریہ میں بھی بیان فرمایا۔ حساب کتاب کو یا اندازے کو ردّ نہیں فرمایا۔ یہ بھی ایک سائنسی علم ہے لیکن رؤیت کی فوقیت بیان فرمائی ہے‘‘۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ 3؍ جون 2016ء مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل 24؍جون2016ءصفحہ5)

(اخبار احمدیہ جرمنی اپریل 2024ء صفحہ 14)

متعلقہ مضمون

  • رمضان المبارک اور فقہی اُمور

  • دوست رمضان کی برکات سے فائدہ اٹھائیں

  • کزنز کی باہمی شادی، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں

  • قربانی کی حکمت اور مسائل حضرت مسیح موعود کے ارشادات کی روشنی میں