امسال مؤرخہ 19 اکتوبر تا 23 اکتوبر 2022ء فرانکفرٹ جرمنی میں 74واں میلہ کتب Frankfurt Buchmesse منعقد ہوا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا میلہ کتب ہے جس کی تاریخ پانچ سو سال پرانی ہے۔ جماعتِ احمدیہ اس میلہ میں “Verlag Der Islam” کے نام سے سٹال لگا کر شرکت کرتی ہے۔ اس مرتبہ میلہ کتب میں جماعتِ احمدیہ کی شرکت کے 50 سال بھی مکمل ہوئے۔ مؤرخہ22 اکتوبر 2022ء کو انتظامیہ کی جانب سے Frau Vladka Kupska نے اعزازی سند سےبھی نوازا جسے مکرم مبارک احمد تنویر صاحب سیکرٹری اشاعت و تصنیف جرمنی نے جماعت کے نمائندہ ہونے کی حیثیت سے وصول کیا۔ اس سے قبل 1997ء میں جماعت احمدیہ کے اس میلہ میں شرکت کے 25سال ہونے پر بھی سند دی گئی تھی۔
اس مرتبہ ‘‘گیسٹ آف آنر’’ کے طور پر سپین کی طرف سے King Felipe IV اور Queen Letizia مدعو تھے جبکہ کمپنیوں سے منسلک زائرین 93,000 اور 87,000 دیگر ادبی ذوق رکھنے والے زائرین نے شرکت کی۔ یہ تعداد پچھلے میلہ کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔ یوکرین کے صدر President Zelenskyy نے بھی اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ شرکت کی جس میں کتب اور شخصی آزادی کو فروغ دینےکی اپیل کی۔ اس طرح ایران کی موجودہ صورتحال اور یوکرین روسی تنازعات جیسے موضوعات لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ پہلے تین دن مختلف اشاعتی اداروں، کتب فروشوں، دانشوروں اور صحافیوں سے تبادلۂ خیال کے لئے میٹنگز جاری رہیں جبکہ آخری دو دن عام زائرین کو آنے کی دعوت دی گئی۔
میلہ کتب میں جماعت جرمنی کو غیر مسلم افراد سے وسیع روابط قائم کرنے کا موقع ملتا رہا۔ ہزاروں افراد جماعتی سٹال “Verlag Der Islam” پرآئےجن کو مختلف قسم کے تبلیغی پمفلٹ اور لٹریچر فراہم کیاگیا۔ مہمانو ں کے لئے اردو اور عربی میں خطاطی کا بھی انتظام تھا جس نے مہمانوں کی کثیر تعداد کو اپنی طرف کھینچا۔ بک فیئر کے بعد کئے گئے روابط پر مزید کام ہوتا ہے اور اس ذریعہ سے جماعتی کتب و لٹریچر کو وسیع پیمانہ پر پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
میلہ کتب کے دوران جماعتی سٹال پر وقتاً فوقتاً مختلف پروگرامز بھی رکھے گئے۔ مؤرخہ 22 اکتوبر 2022ء جماعتی ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب مربی سلسلہ اور مکرم سعید عارف صاحب مربی سلسلہ نےحضرت خلیفۃالمسیح الخامسکے خطاب “Welt aus den Fugen” یعنی (دنیا تباہی کے دہانے پر) کے اہم نکات پیش کیے جبکہ اگلے روز مکرم عبدالمنان واگس ہاؤزر صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کی کتاب ‘‘اسلام کا اقتصادی نظام’’ کا تعارف پیش کیا اور اسلام کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر روشنی ڈالی۔ دونوں پروگراموں کو یوٹیوب پر براہِ راست نشر بھی کیاگیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تبلیغ اسلام کے لئے کی جانےوالی ان مساعی کو ثمر آور بنائے، آمین۔

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء