برائے سال 2023-24ء

جامعہ احمدیہ ایک دینی درسگاہ ہے جس کے قیام کی غرض حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے یہ بیان فرمائی ہے کہ ’’دین کے خادم پیدا ہوں‘‘اسی طرح فرمایا کہ ’’ یہاں سے واعظ اور علماء پیدا ہوں جو دنیا کی ہدایت کا ذریعہ بنیں‘‘۔ اسی مقصد کے پیش نظر 2008ء سے جرمنی میں بھی جامعہ احمدیہ قائم ہے،الحمدللہ۔

خلافت احمدیہ کی براہِ راست نگرانی میں اس ادارہ کو خداتعالیٰ کے فضل سے ہر سال مربیان کرام تیار کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس وقت جامعہ احمدیہ جرمنی میں محترم پرنسپل صاحب کے علاوہ 15 اساتذہ کرام تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور دو اساتذہ جز وقتی خدمت سرانجام دے رہےہیں۔

جامعہ احمدیہ جرمنی کا تدریسی سال دو سیمسٹرز پر مشتمل ہوتا ہے۔ سیمسٹر کے اختتام پر امتحانات ہوتے ہیں جبکہ آخری سال طالب علم کوپہلے سال سے لے کر چھٹے سال تک پڑھے ہوئے مکمل نصاب سے امتحان پاس کرنا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک مقررہ عنوان پر مقالہ لکھنا بھی لازم ہوتا ہے۔ جامعہ کی تدریس کے دوران علمی وعملی و روحانی تربیت کے علاوہ آخری سال میں طالب علم کو خود کھانا پکانے، گاڑی اور ہومیوپیتھی کے متعلق ابتدائی معلومات بھی دی جاتی ہیں۔ امتحان اور مقالہ میں پاس ہونے کے بعد حضورانور کی طرف سے مقررکردہ بورڈ طالب علم کا تفصیلی فائنل انٹرویو کرتا ہے۔ ان سب مراحل کو طے کرنے کے بعد طالب علم 30 جون کو جامعہ سے فارغ التحصیل ہو کر میدانِ عمل میں خدمت کے لئے مرکز میں حاضر ہو جاتا ہے۔

سات سالہ تدریس کے دوران طلبہ کی علمی، ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو اُبھارنے اور اجاگر کرنے کے لئے جامعہ احمدیہ جرمنی میں مجلسِ ارشاد، مجلس علمی اور مجلس العاب کے نام سے کمیٹیاں قائم ہیں۔ ان تمام کمیٹیوں کے صدر اور ممبران طلبہ میں سے منتخب ہوتے ہیں، جبکہ ایک استاد ان کی نگرانی کرتا ہے۔ نیز مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لئے طلبہ کو چار گروپوں دیانت، صداقت، قناعت اور امانت میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے درمیان سارا سال مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ سال 2023-24ء کے پروگراموں کی مختصر رپورٹ مندرجہ ذیل ہے۔

مجلس ارشاد

طلباء کی دینی اور دنیوی علم کی پیاس بجھانے نیز اس کی مزید جستجو پیدا کرنے کےلئے مجلس ارشاد کے تحت علمی و معلوماتی لیکچرز اور جلسہ جات منعقد کئے جاتے ہیں۔ علمی اور معلوماتی لیکچرز کے لئے علماء سلسلہ نیز مختلف دنیاوی علوم کے ماہرینِ فن کو مدعو کیا جاتا ہے۔ امسال منعقد ہونے والے علمی و معلوماتی لیکچرز میں مذہب اور ریاست میں تعلق، مسئلہ فلسطین مذہب اور سیاست کی روشنی میں، رمضان اور قیام نماز شامل ہیں۔ اسی طرح مکرم عبدالماجد طاہر صاحب، ایڈیشنل وکیل التبشیر لندن نے حضرت مسیح موعود اور خلفاءکرام کے ارشادات کی روشنی میں ‘‘واقفین زندگی اور مربیان کے کیا اوصاف ہونے چاہئیں؟’’ پر ایمان افروز لیکچر دیا۔

مجلس ارشاد کے تحت منعقد ہونے والے جلسہ جات میں جلسہ یوم پیشگوئی مصلح موعودؓ، جلسہ یوم مسیح موعودؑ، جلسہ یوم خلافت شامل ہیں نیز قرآن سیمینار، حمدیہ اور نعتیہ محافل کا بھی انعقاد کیا گیا۔

مجلس علمی

’’فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرَاتِ‘‘کے تحت طلبہ میں علمی مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لئے مجلس علمی کے تحت گروپس کے مابین مقابلہ جات منعقد کئے جاتے ہیں، تاہم طالب علم انفرادی طور پر بھی حصہ لے سکتا ہے۔ امسال مجلس علمی کے تحت ہونے والے مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، کسوٹی، مضمون نویسی، تقریر بزبان اردو، انگریزی، عربی اور جرمن شامل تھے۔ انہیں چاروں زبانوں میں تقریر فی البدیہہ کے مقابلہ جات بھی منعقد کروائے گئے۔ اسی طرح مقابلہ اذان، نظم، حفظ أدعیہ، پیغام رسانی، بیت بازی کے علاوہ ایک دلچسپ مقابلہ کوئز بھی کروایا گیا۔

مجلس العاب

حضورانور نے طلبہ جامعہ احمدیہ کے لئے ارشاد فرمایا:’’طلباء جامعہ احمدیہ کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ کوئی نہ کوئی گیم کھیلیں اور Exerciseکریں‘‘۔ حضورانور کے اس ارشاد کو مدِّنظر رکھتے ہوئے طلبہ جامعہ احمدیہ روزانہ کسی نہ کسی کھیل میں شامل ہوتے ہیں۔ اسی طرح دوران سال طلبہ کے آپس میں گروپس کی بنیاد پر یا کلاس وائز مختلف ورزشی مقابلہ جات منعقد کئے جاتے ہیں۔ دوران سال منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں فٹ بال لیگ، کرکٹ اور والی بال لیگ شامل ہیں۔ اسی طرح 7 کلومیٹرتیز پیدل چلنے کا مقابلہ اور 20 کلومیٹر کراس کنٹری ریس کروائی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض کھیلوں کے کوالیفائینگ میچیز بھی کروائے گئے۔

سال کے اختتام پر تین دن کے لئے سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال یہ سالانہ کھیلیں مؤرخہ یکم تا 03 مئی 2024ء منعقد ہوئیں۔ ان دنوں میں انفرادی اور اجتماعی یعنی گروپس کے مابین مقابلہ جات ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں نیزہ پھینکنا،گولہ پھینکنا، لمبی چھلانگ، دوڑ 100 میٹر، دوڑ 1000 میٹر، تھالی پھینکنا، ثابت قدمی، گاڑی کھینچنا، ٹائرفلپ، پنجہ آزمائی، کلائی پکڑنا، تین ٹانگ دوڑ، Strongman، Parkourاور جامعہ کی روایتی کھیل روک دوڑ شامل ہیں۔ گروپس کے مابین منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں رسہ کشی، کرکٹ،بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ریلے ریس، باسکٹ بال، والی بال، Vِlkerball اور فٹ بال شامل ہیں۔

تقریب تقسیم انعامات

ان علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے، نیز تدریسی سال 2022/23ء میں کلاسز میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے مؤرخہ 23 جون 2024ء کو جامعہ احمدیہ میں ایک پُروقار تقریب تقسیم انعامات کا انعقادکیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی تھے۔ تقریب کے آغاز میں تلاوت اور نظم کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ اور گروپس کو انعامات سے نوازا۔ اس سال علمی مقابلہ جات میں بہترین طالب علم ’’عزیزم فیاض احمد‘‘اور بہترین گروپ’’صداقت‘‘ قرار پایا اور ورزشی مقابلہ جات میں بہترین کھلاڑی ’’عزیزم یونس یوسف‘‘اور بہترین گروپ’’صداقت‘‘ ہی قرار پایا۔ اس کے بعدمحترم مہمان خصوصی نے تدریسی سال 2022-23ء میں کلاسز میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو شیلڈز سے نوازا۔ انعامات کی تقسیم کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب نے اپنی تقریر میں طلبہ اور بالخصوص امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو ہر میدان میں جماعتی خدمت کے لئے تیار رہنے کی نصیحت کی۔ محترم مہمان خصوصی کی نصائح کے بعد مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے بھی طلبہ کو روحانی اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین فرمائی۔ اس کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے مہمان خصوصی مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی اور دیگر مہمانان کرام کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اختتامی دُعا ہوئی۔ دُعا کے بعد تمام مہمانان کرام کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا جس کے ساتھ یہ تقریب بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ جولائی 2024ء صفحہ 35)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں