قادر مطلق خدا نے ازل سے ہی یہ مقدر کر چھوڑا تھا کہ مقصود کائنات، حضرت خاتم النبیینﷺ کے ذریعہ تکمیلِ دین اور تکمیل اشاعت دین آپ کے غلامِ صادق مسیح آخرالزماں کے ذریعہ ہوگی۔ چنانچہ مسیحِ پاکؑ کی بعثت کے ساتھ ہی ایسے محیرالعقول ذرائع ظہور پذیر ہونے لگے جن کا تصوّر بھی اس سے پہلے انسان نہیں کرسکتا تھا۔ اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے مسیحِ پاکؑ کو ایسے وسائل اور سلطانِ نصیر عطا فرمائے جو ان جدید ذرائع کو بروئےکار لاتے ہوئےہر لمحہ و ہر آن تکمیل اشاعت دین کا جھنڈا بلند سے بلند تر کرنے کے لیے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ انٹرنیٹ کی ایجاد کے ساتھ ‘‘مَیں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچائوں گا’’ کی بشارت کے نئے، انوکھے اور انمول مفاہیم روح کو گداز کئے دیتے ہیں۔حضرت امیرالمومنین کی دعائوں، توجہ اور راہنمائی کی برکت سےانٹر نیٹ کے ذریعہ ایسے ایسے علاقوں اور ملکوں میں بھی تکمیلِ اشاعت دین کا کام ہو رہا ہےجہاں اس راہ میں بہت سی روکیں حائل ہیں۔اس سلسلہ میں نہایت اہم اور تاریخی پیش رَفت مختلف زبانوں میں مندرجہ ذیل ویب سائٹس اور سوشل میڈیا چینلز جاری کرنے کی صورت میں ہوئی ہے:

فارسی:

ویب سائٹ: www.ehlefars.com
فیس بک کا صفحہ: ahmadiyyaPersian
یوٹیوب چینل: پیام احمدیہ

آذربائیجانی:

ویب سائٹ: www.ahmadiyya-az.com
فیس بک کا صفحہ:
Əhmədiyyə Müsəlman Cəmiyyəti
یوکرینین:
ویب سائٹ:islamahmadiyya-ua.com
فیس بک کا صفحہ:
AhmadiyyaMuslimJamaatUkrain
یوٹیوب چینل:
Голос Ісламу Ахмадія (Voice of Islam Ahmadiyya)

رشین:

رشین زبان میں مرکزی سطح پر جماعت کی ویب سائیٹ، فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینل اللہ کے فضل سے کام رہے ہیں۔ اب جرمنی سے Ахмадийская-Мусульманская-Община-Германии (Ahmadiyya Muslim Jama’at Germany) کے نام سےایک نئے Facebook پیج اور Голос Ислама Ахмадия Германия کے نام سے نئے youtube چینل کا آغاز ہو رہا ہے۔
ازبک:
ازبک زبان میں مرکزی سطح پر جماعت کی ویب سائیٹ، فیس بک پیج اور یوٹیوب چینل اللہ کے فضل سے کام کر رہے ہیں۔ اب جرمنی سے Аҳмадия-Мусулмон-Жамоати (Ahmadiyya Muslim Jama`at) کے نام سےایک نئے Facebook پیج اور IslomAhmadiya Ovozi Germaniya کے نام سے نئے youtube چینل کا آغاز ہو رہا ہے۔

چینی:

چینی زبان میں مرکزی سطح پر جماعت کی ویب سائیٹ اللہ کے فضل سے کام کر رہی ہے۔ اب جرمنی سے ایک Facebook پیج کا آغاز ہو رہا ہے۔
حضرت مسیح موعودؑ نے رشیا سے متعلق فرمایا کہ
‘‘مَیں اپنی جماعت کو رَشیا کے علاقہ میں ریت کی مانند دیکھتا ہوں’’ (تذکرہ صفحہ 691 ایڈیشن ہفتم)
الٰہی نوشتوں میں کسی علاقے، ملک اور سرزمین کا نام لے کر جس قدر پیشگوئیاں سر زمین رَشیا سے متعلق ہیں کسی اور ملک اور علاقہ سے متعلق نہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریباً وہ سب کی سب پیشگوئیاں اس آخری زمانہ سے متعلق ہیں۔خود حضرت مسیح موعودؑ کا تعلق اسی سرزمین سے ہے اورآپ کی مندرجہ بالا پیشگوئی کے علاوہ بھی کئی پیشگوئیاں اس سر زمین سے متعلق ہیں۔ جن میں سے ‘‘زار روس کا عصا میرے ہاتھوں میں دیا گیا’’ بھی ہے۔ اسی لئے حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی کتب اور اشتہارات بڑی کثرت کے ساتھ جن خاص ممالک اور علاقوں میں بھجوائے اور ان کا ذکر بھی اپنی تحریرات میں کیا ان میں بخارا کا بھی ذکر ملتا ہے۔ چنانچہ آپ کی زندگی میں ہی ایک خوش قسمت حضرت حاجی احمد صاحب آف بخارا کو ایمان لانے کی توفیق ملی جن کا ذکر آپؑ نے 313 اصحاب کی مطبوعہ فہرست میں 52ویں نمبر پردرج کیا ہے۔ یہ مبارک سلسلہ حضرت مسیح موعودؑ کی زندگی کے بعد، حضرت خلیفةالمسیح الاوّل اور حضرت مصلح ِموعودؓ کے دَور میں بھی جاری رہا۔ حضرت مصلح موعودؓ نے اپنے دَور میں پہلے مبلغ حضرت مولوی ظہور حسین صاحب مجاہد روس و بخارا کو بھجوایا۔ آپ نے اعلائےکلمةاللہ کے لیے جو بےمثال قربانیاں دیں وہ قیامت تک سنہری حروف میں چمکتی دَمکتی رہیں گی۔ اس کے بعد ایک لمبا جابرانہ دَور ہے جس کا اختتام حضرت خلیفةالمسیح الرابعؒ کے کشف Friday the 10th کے مطابق بیسویں صدی کے اہم ترین واقعے دیوار برلن کے ٹوٹنے سے ہوا۔ جس کے بارہ میں حضرت خلیفةالمسیح الرابعؒ نے فرمایا تھا کہ دیوار برلن رسولِ کریمﷺ کے لیے توڑی گئی ہے۔سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد ان علاقوں میں جماعت کی فتوحات کے ایک نئے دَور کا آغاز ہوتا ہے۔ خلفائے احمدیت کے ارشادات سے پتہ چلتا ہےاس نئے دَور کی فتوحات کا بہت گہرا تعلق جرمنی کے ساتھ بھی ہے۔ جس کا کچھ تذکرہ حضرت خلیفةالمسیح الخامس نے بھی 2008ء میں جامعہ احمدیہ جرمنی کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں یوں فرمایا:
‘‘میری اس طرف توجہ ہوئی کہ حضرت مصلح موعودؓ کی یہ خواہش تھی کہ برلن(Berlin) میں مسجد تعمیر کی جائے اور وہ خواہش اللہ تعالیٰ نے اس سال پوری کر دی۔ حضرت مصلح موعودؓ نے یہ فرمایا تھا کہ اس کی تعمیر کے ساتھ ہمیں یہ امید ہے کہ روس کے جو ممالک ہیں یا روس ہےاس طرف ہماری تبلیغ کے راستے کھلیں گے اور اس سال اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے رہا ہے کہ ان شاءاللہ تعالیٰ برلن کی مسجد کا بھی افتتاح ہوگا اور اس سال اللہ تعالیٰ آپ کو یہ توفیق بھی دے رہا ہے کہ جرمنی کی جماعت کو کہ یہاں جامعہ کا اجراء بھی ہو رہا ہے۔ اور یہ مبلغین جو تیار ہوں گے۔ یہ جرمن زبان جاننے والے بھی ہیں اور اردگرد کے ممالک سے بھی آئیں گے اور بعض اور ممالک کی زبانیں جاننے والے بھی۔ تو یہ لوگ پھر ان شاءاللہ تعالیٰ برلن کے راستے سے آگے روس جانے کے قابل بھی ہوسکتے ہیں اور ہوں گے۔ تو اس لحاظ سے بھی آپ کو تعلیم کی طرف خاص توجہ دینی چاہئے کہ آپ نے ہمسایہ ملکوں کو، روس کو اور دوسرے ملکوں کو بھی فتح کرنا ہے اور آنحضرتﷺ کے جھنڈے تلے لے کر آنا ہے اس لحاظ سے خاص کوشش سے اس طرف توجہ کریں۔
میں سمجھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کا یہ توارد ہے کہ مسجد کا بھی افتتاح ہوگا۔ اس سال ان شاءاللہ تعالیٰ جامعہ کا بھی افتتاح ہو گیا۔ مبلغین تیار ہوں گے جو ان شاءاللہ تعالیٰ یورپ میں اور روس کے ممالک میں پھیلنے والے ہوں گے’’۔
(روزنامہ الفضل ربوہ 4 ستمبر 2008ء)
خلفائے احمدیت کی ان خواہشات، ارشادات اور پیشگوئیوں کو ہم اپنی آنکھوں سے پورا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ اس وقت تک اسٹونیا، لٹویا، لیتھوینیا، آذربائیجان، آرمینیا، جارجیا اور مالدوویا، سابق سوویت یونین کے ان سات ممالک میں جماعت احمدیہ جرمنی کوجماعت کا پودا لگانے، جماعت کی رجسٹریشن کرانے، مشن قائم کرنے، مبلغین کو بلانے وغیرہ کے بنیادی کام کرنے کی توفیق ملی ہے۔ اور سابق سوویت یونین کے دس ممالک میں جامعہ احمدیہ جرمنی سے فارغ التحصیل مبلغین مصروف عمل ہیں یا ان کی تقرری ہو چکی ہے اور وہ میدان عمل میں پہنچنے کی تیاری میں ہیں۔ امسال ایک ایسا نوجوان (سیّد رمیض احمد بخاری) بھی جامعہ احمدیہ جرمنی سے فارغ التحصیل ہوا ہے جس کی پیدائش رَشیا کے علاقہ میں ہوئی اور نویں جماعت تک رشین سکولوں میں تعلیم حاصل کی۔ گویا اس کی پہلی زبان بھی رَشین ہے۔
ازبک زبان کے یوٹیوب چینل ‘‘وائس آف اسلام احمدیہ جرمنی’’ چینل کا آغاز 21 جولائی 2022ء کو کیا گیا تھا۔ اس پر پہلی ویڈیو 28 جولائی 2022ء کو اَپ لوڈ کی گئی تھی۔ اب تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے 23 ویڈیوز اس یوٹیوب چینل پر لگائی جاچکی ہیں۔ اس چینل کے آغاز کے بعد ابتدائی دو ماہ کے قلیل عرصہ میں 324 لوگ ہمارے چینل کوسبسکرائب کرچکے ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں کمینٹس بھی آچکے ہیں۔ اس طرح اب تک اس یوٹیوب چینل کے ذریعہ 50 ہزار سے زائد لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچ چکا ہے اور اس چینل پر آنے والے ازبک لوگوں کی تعداد میں لمحہ بہ لمحہ اضافہ ہورہا ہے،الحمدللہ۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جلسہ سالانہ جرمنی کی تمام کارروائی کا ازبک زبان میں رواں ترجمہ پیش کیا گیا۔ اسی طرح حضورانور کے خطبات جمعہ اور خطابات کا بھی ازبک زبان میں رواں ترجمہ شروع کردیا گیا ہے جو اس چینل پر ڈالے جا رہے ہیں۔ جس سے سینکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں،الحمدللہ۔
اس چینل کے بارے میں آنے والے تبصروں میں بہت سے لغو اور بےبنیاد اعتراضات بھی کئے جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ساتھ ساتھ اُن اعتراضات کے جوابات بھی دیئے جارہے ہیں۔
پچھلے سال سے رَشین زبان یوٹیوب اور فیس بُک کے ذریعہ تبلیغ و تعلیم کا کام جاری ہے اور اس ذریعہ سے خاص طور پر ان علاقوں میں تعلیم و تبلیغ کا کام ہو رہا ہے جہاں فی الحال بعض مجبوریوں اور احتیاطی ضرورتوں کے تحت عملی طور پر پہنچنا ممکن نہیں۔ اس وقت تک تیس ویڈیوز یوٹیوب پر موجود ہیں جبکہ مزید مواد ڈالا جا رہا ہے۔ انٹرنیٹ کے ذریعہ زیادہ فعّال کام کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ 2019ء میں حضورانور نے ازراہِ شفقت بیس سے زائد افراد پر مشتمل میڈیا ٹیم کی منظوری عطا فرمائی تھی۔ اس ٹیم کے کاموں میں مواد کا انتخاب، اس کا رَشین ترجمہ کرنا، ترجمہ کی چیکنگ اور ٹیکنکل سپورٹ شامل ہیں۔ الحمدللہ حضورانور کے تمام خطبات و خطابات کے تراجم کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح This Week with Huzur، ایم ٹی اے جرمنی کی طرف سے پیش کیا جانے والا پروگرام “بچوں کی دنیا” اور اسی طرح مختلف دستاویزی پروگرام کا رَشین ترجمہ بھی پیش کیا جاتا ہے۔
جماعت احمدیہ جرمنی کو یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ حضورانور رَشیا اور دیگر ریاستوں کی طرف جامعہ احمدیہ جرمنی سے فارغ التحصیل مربیان کو بھجوا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب مربیان کو مقبول خدمت کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء