یہ تفصیلی مضمون موجودہ و سابق صدران جماعت Florstadt کی طرف سے مہیا کی جانے والی معلومات اور مختلف اخبارات و رسائل میں شائع شدہ رپورٹس کی مدد سے مکرم محمد انیس دیالگڑھی صاحب ممبر تاریخ کمیٹی جرمنی نے مرتب کیا ہے۔ اگر کسی دوست کے علم میں مزید معلومات ہوں تو ان سے درخواست ہے کہ تاریخ کمیٹی جرمنی کو مطلع فرمائیں، جزاکم اللہ احسن الجزاء۔ (صدر تاریخ احمدیت کمیٹی جرمنی)

1998ء میں جماعت Friedberg کو تقسیم کرکے دو جماعتیں بنا دی گئیں۔ ایک Friedberg Süd اور دوسری Friedberg Nord۔

Friedberg Nord کی جماعت کا نام 2011ء میں Florstadt رکھ دیا گیا۔ 1998ء میں اس جماعت کے قیام کے وقت مکرم مظفر احمد بھٹی صاحب پہلے صدر جماعت منتخب ہوئے۔ 2000ء میں مکرم بن یامین بٹ صاحب اس کے صدر بنے۔ 2002ء میں بن یامین صاحب کے پاکستان چلے جانے کی وجہ سے مکرم رانا طاہر احمد صاحب صدر جماعت مقرر کئے گئے۔ 2003ء میں مکرم رانا طاہر احمد صاحب ہی صدر جماعت منتخب ہوئے اور 2009ء تک یہ خدمت انجام دیتے رہے۔

2009ء میں مکرم مرزا ادریس احمد صاحب صدر جماعت منتخب ہوئے۔ 2011ء میں جماعت کا نام Florstadt رکھ دیا گیا۔ 2012ء میں مکرم رانا طاہر احمد صاحب دوبارہ صدر جماعت منتخب ہوئے۔ 2016ء میں مکرم مظفر احمد بھٹی صاحب صدر جماعت منتخب کئے گئے جبکہ 2021ء میں مکرم انس احمد خان صاحب کا بطور صدر جماعت انتخاب ہوا اور تاحال وہی یہ خدمت انجام دے رہے ہیں۔

ابتدائی تجنید جماعت Florstadt کی معلومات کے مطابق 80/90 تھی جبکہ شعبہ مال کی طرف سے شائع کردہ 1998-99ء کے بجٹ میں پہلی بار اس جماعت کا نام درج کیا گیا اور کل تجنید 142 لکھی گئی جس میں9 انصار، 32 خدام،15 اطفال، 36 لجنہ ممبرات، 20 ناصرات اور 30 بچے شامل ہیں۔ موجودہ تجنید 160 ہے۔ جن میں 16 واقفات نَو اور 14 واقفین نَو شامل ہیں۔

مکرم صغیر احمد صاحب پہلے زعیم مجلس انصاراللہ اور مکرم تنویرانور صاحب پہلے قائد مجلس خدام الاحمدیہ مقرر ہوئے جبکہ مکرمہ درثمین طیّبہ صاحبہ پہلی صدر لجنہ اماءاللہ مقرر ہوئیں۔

مربیان سلسلہ میں سے مکرم ڈاکٹر عبدالغفار صاحب، مکرم مبارک احمد تنویر صاحب، مکرم مولانا حیدر علی ظفر صاحب، مکرم مقصود احمد علوی صاحب (معلّم)، مکرم شیخ عبدالحنان صاحب اور اب مکرم تحسین رشید صاحب اس جماعت کی تبلیغی اور تربیتی رہنمائی کرتے رہے۔

1996ء میں Haupstr.102 Friedberg پر ایک عمارت بطور نماز سنٹر حاصل کی گئی۔ اس نماز سنٹر کو دونوں جماعتیں استعمال کرتی رہیں۔ 2003ء میں Florstadt میں ایک دوسرا نماز سنٹر Faulgasse 15 پر حاصل کیا گیا۔

چونکہ شہر کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کافی اچھے تھے لہٰذا مسجد کی تعمیر کے حوالے سے کوششیں شروع کی گئیں اور جلد ہی شہر کے میئر کے تعاون سے ایک نہایت عمدہ پلاٹ انتہائی مناسب قیمت پر عین شہر کے وسط میں مل گیا جس پر مسجد کا سنگِ بنیاد سیّدنا حضرت امیرالمومنیننے 18 اکتوبر 2015ء کو رکھا اور 28 اگست 2023ء کو اس کا افتتاح فرمایا۔

تبلیغی مساعی

تبلیغی میدان میں بھی یہاں اچھی کوششیں کی گئیں۔ مختلف اقوام کے افراد کو احمدیت کا پیغام پہنچایا گیا۔ عرب احباب سے ایک میٹنگ کے موقع پر عراق کے مخلص باپ اور بیٹے نے بیعت کی۔ دونوں باپ بیٹا اب Friedberg میں رہتے ہیں اور ریجنل امیر صاحب کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

فلور شٹڈ اور اس کے گرد و نواح میں کئی بار فلائیرز تقسیم کرنے کا کام ہوا۔ اس طرح ہر سال باقاعدگی سے یکم جنوری کو شہر میں وقارِعمل کیا جاتا ہے جس کی خبر اخبارات کی زینت بنتی ہے۔ مقامی میئر اور دوسرے جرمن مہمان بھی اس میں حصہ لیتے ہیں اور جماعت کی اس خوبی کا تذکرہ کرتے ہیں۔ ایک جرمن نے میئر کے خلاف خط لکھا اور جماعت کے خلاف بھی باتیں کی۔ جس پر میئر نے جوابی خط لکھا اور لکھا کہ یہ جماعت نیک کاموں میں مدد کرنے میں سب سے آگے اور پُرامن اور محبّت کرنے والے لوگ ہیں۔

تین اکتوبر کے روز Tag der Offenen Tür کی تقریب بھی منعقد ہوتی ہے اور سارا دن مسجد (اس سے قبل نماز سنٹر) میں مہمانان تشریف لاتے ہیں اور اسلام کی تعلیم سے روشناس ہوتے ہیں۔

25 مارچ 2014ء کو پہلی بار اسلام نمائش لگائی گئی جو بہت کامیاب رہی۔ 4 ستمبر 2015ء کو دوسری نمائش شہر میں لگائی گئی۔

26 ستمبر 2015ء کو شہر میں یوم صفائی منایا گیا جس میں احباب جماعت نے بھر پور حصہ لیا۔ اگلے روز 27 ستمبر کو پناہ گزینوں کے لیے بار بی کیو کا انتظام کیا گیا۔ ایک بار ایک گرجے کی بھی وقارِعمل کرکے مدد کی گئی۔

جلسہ سیرت النبیﷺ، جلسہ یوم مسیح موعودؑ اور جلسہ مصلح موعودؓ کا بھی اس جماعت میں باقاعدہ انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان مواقع پر مرکزی نمائندے مکرم نیشنل امیر صاحب، مکرم مبلغ انچارج صاحب، مکرم سیکرٹری تربیت جرمنی، مکرم صدر صاحب انصاراللہ، مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ اور مکرم مقصود احمد علوی بھی تشریف لاتے رہے۔

شجرکاری کی مہم میں بھی اس جماعت نے حصہ لیا اور مؤرخہ 25 مارچ 2014ء کو مجلس انصاراللہ کی طرف سے شہر کےعین وسط میں پودا لگایا گیا۔

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ جنوری 2024ء صفحہ 31)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں