Bad Marienberg

جماعت احمدیہ Bad Marienberg کے ایک وفد کی صوبائی ممبر آف پارلیمنٹ محترمہ Jenny Groß (CDU) صاحبہ سے Montabaur میں مؤرخہ 16 جنوری 2023ء کو ملاقات ہوئی۔ جس میں جماعت احمدیہ کا تعارف اور شہر میں جماعت کی سماجی کاوشوں کے بارہ میں آگاہ کیا گیا۔ مکرم انصر احمد صاحب مربی سلسلہ، مکرم عاطف عزیز صاحب، مکرم مدبّر خواجہ صاحب اور خاکسار اس موقع پر موجود تھے۔ محترمہ Jenny Groß صاحبہ نے جماعت کی تعلیمی، سماجی، صحت اور فلاح و بہبود سے متعلقہ کاوشوں کو سراہا نیز جماعت کی سیاست دانوں کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے سے متعلق راہنمائی کی۔ نشست کے اختتام پر موصوفہ کو مؤرخہ 18 مارچ 2023ء کو ہونے والی جوبلی کی تقریب پر مدعو کیا گیا۔ (مظفر احمد خواجہ، سیکرٹری امورِ خارجیہ جماعت Bad Marienberg)

جماعت احمدیہ ایلوانگن

جماعت احمدیہ ایلوانگن کے ایک وفد نے صوبائی پارلیمنٹ ممبر FDP جناب Valentin Abelصاحب کے ساتھ مؤرخہ 9 دسمبر 2022ء کو ملاقات کی۔ اس وفد میں مکرم شارق افتخار صاحب مربی سلسلہ، مکرم عدنان محمد صاحب سیکرٹری تبلیغ، مکرم راحیل انجم صاحب قائد مجلس، مکرم خرّم احمد صاحب، مکرم سجّیل محمد صاحب، مکرم ریحان محمد صاحب، مکرم آ صف محمد صاحب اور ایک طفل عزیزم ظافر صاحب شامل تھے۔ یہ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں جماعت احمدیہ کے تعارف، پاکستان میں احمدیوں کو دَرپیش مسائل اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر بات چیت کرنے کا موقع ملا۔ نشست کے اختتام پر موصوف کو حضرت خلیفۃالمسیح الخامسکی ایک کتاب اور سووینئر کپ کا تحفہ دیا گیا جس پر موصوف نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور افرادِ جماعت کو پارلیمنٹ آنے کی دعوت دی۔ (مکرم عدنان محمد صاحب سیکرٹری تبلیغ Ellwangen)

سالِ نو کے آغاز پر نمازِ تہجد اور وقارِعمل

مجلس خدام الاحمدیہ کے زیرِ انتظام سال نَو کے آغاز پر حسبِ سابق تمام مجالس میں نماز تہجّد کا اہتمام کیا گیا۔ نماز فجر اور درس کے بعد شاملین کے لئے ناشتہ کا بھی انتظام تھا۔ بعدازاں خصوصی وقارِ عمل کیاگیاجس میں سالِ نَو کے استقبال کے لئے مقامی آبادی کی طرف سے کی جانے والی آتش بازی کے کوڑاکرکٹ کی صفائی کی گئی۔ یہ وقارِعمل کا پروگرام مقامی شہری انتظامیہ سے مل کر ترتیب دیاگیا اور مقامی سرکاری انتظامیہ نے ہی وقارِ عمل کی جگہ کا تعین بھی کیا۔ خدمت خلق کے اس کام کو جہاں مقامی شہری انتظامیہ اور شہریوں کی طرف سے سراہا گیا وہیں یہ وقارِعمل ذرائع ابلاغ پر جماعت کے تعارف اور تبلیغ میں بھی مددگار ثابت ہوا۔ مختلف اخبارات، ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر اس کی رپورٹس تصاویر اور وڈیوز نشر ہوتی رہیں۔ مساجد اورنماز سینٹرز میں ہونے والے اس پروگرام کی 241 مجالس سے موصولہ رپورٹس کے مطابق 4.579 خدام اور 1.200 اطفال نماز تہجّد میں شامل ہوئے۔ اسی طرح 1.265 خدام اور 443 اطفال نے نئے سال کے موقع پر حضورانورکی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھے۔ ناشتہ کے بعد اجتماعی وقار عمل میں کل 3.339 خدام اور 858 اطفال نے حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین کو جزائےخیر سے نوازے اور اس کے نیک نتائج اسلام اور احمدیت کے حق میں ظاہر فرمائے، آمین۔ (مکرم بسالت احمد صاحب، معتمد مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی)

نیشنل تبلیغ سیمیناردسمبر2022ء

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو 24 تا 26 دسمبر2022ء اپنا نیشنل تبلیغ سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرام Hanau کی مسجد بیت الواحد میں منعقد ہوا۔ نیشنل تبلیغ سیمینار میں کل 670خدام کو شامل ہونے کی توفیق ملی۔ اس سیمینار میں مندرجہ ذیل علمائےکرام نے لیکچر دیئے۔ مکرم مولانا عطاءالمجیب راشد صاحب مکرم منیر عودہ صاحب مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مربی سلسلہ و سیکرٹری اشاعت جرمنی مکرم اطہر زبیر صاحب انچارج Humanity-First جرمنی مکرم ڈاکٹر داؤد مجوکہ صاحب سیکرٹری صاحب امور خارجیہ جرمنی مکرم شرجیل خالد صاحب مربی سلسلہ جرمنی مکرم سعید عارف صاحب مربی سلسلہ جرمنی مکرم کامران احمد صاحب مربی سلسلہ مکرم عدیل خالد صاحب مربی سلسلہ جرمنی مکرم سعادت احمد صاحب سیکرٹری وقفِ نَو جرمنی (مکرم بسالت احمد صاحب، معتمد مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی)

نیشنل تربیتی کلاس دسمبر 2022ء

مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو 23 تا 28 دسمبر 2022ء کو اپنی اٹھارویں نیشنل تربیتی کلاس بمقام جامعہ احمدیہ جرمنی منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں 210 خدام شامل ہوئے جنہیں سات احزاب میں تقسیم کیا گیا۔ خدام کی تعلیم و تربیت میں راہنمائی اور مدد کے لئے طلباء جامعہ احمدیہ کو نگران مقرر کیا گیا جو کہ تربیتی کلاس کے دوران خدام کے ساتھ رہے اور دوستانہ ماحول میں خدام کی راہنمائی کی کوشش کرتے رہے۔ نیز خدام کونمازِ تہجد، تلاوتِ قرآنِ کریم اور تلقینِ عمل کے ساتھ ساتھ روزانہ ورزش کی ترغیب بھی دلاتے رہے۔ مربیانِ کرام نے تفسیر، کلام، تاریخِ اسلام، تاریخ احمدیت کےمضامین پڑھائے۔ اسی طرح ورزش کے لئے فٹبال، والی بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، تیراکی اور self defense سکھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔ تربیتی کلاس کی ہر شام بزرگان سلسلہ کے ساتھ خصوصی نشستیں منعقد ہوتی رہیں۔ جس میں حضور اقدس کی اجازت سے ایک نشست میں محترم عطاءالمجیب راشد صاحب نے شرکت کی دیگر نشستیں مکرم شمشاد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی اور مکرم اطہر زبیر صاحب انچارج Humanity-First جرمنی کے ساتھ ہوئیں۔ مؤرخہ 25 دسمبر کو جامعہ احمدیہ میں تمام خدام نے اکٹھے ہو کر حضورانورکا اختتامی خطاب برموقع جلسہ سالانہ قادیان 2022ء سنا۔ نیشنل تربیتی کلاس کے آخر پر تمام خدام کا امتحان لیا گیا۔ خدام کی تعلیم و تربیت کے لئے 11 اساتذہ اور 14 نگران مقرر تھے جنہوں نے خدام کی نہایت احسن رنگ میں راہنمائی کی۔ 28 دسمبر 2022ء کو نیشنل تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب ہوئی جس میں محترم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے شرکت کی۔ (مکرم بسالت احمد صاحب، معتمد مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی) نیشنل جوبلی اجلاس جماعت احمدیہ جرمنی مؤرخہ 21 جنوری 2023ء جماعت احمدیہ جرمنی کو نیشنل جوبلی اجلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ اجلاس بیت السبوح فرانکفرٹ میں منعقد ہوا جسے ایم ٹی اے کی یوٹیوب لائیوسٹریم پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ اس طرح سے جرمنی بھر کی جماعتوں نے اپنے اپنے ہاں رہتے ہوئے اس میں شرکت کی۔ اس اجلاس کا آغاز مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی کی صدارت میں ہوا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم مکرم محمد عمران بشارت صاحب نے کی۔ تلاوت کا جرمن ترجمہ عزیزم یونس یوسف صاحب متعلم جامعہ احمدیہ جرمنی جبکہ اردو ترجمہ مکرم سعادت احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نَو نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم سلمان طیّب صاحب (نگران پروگرامنگ) نے ایک دستاویزی پروگرام پیش کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح جماعت احمدیہ جرمنی ایک چھوٹے سے قصبہ قادیان سےنکل کر ساری دنیا میں پھیلی۔ جرمنی میں پہلے مبلغ مکرم مبارک علی صاحب بنگالی 1922ء میں آئے جنہوں نے 1923ءمیں برلن میں زمین خرید کر جرمنی میں پہلی احمدیہ مسجدکی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد مکرم حیدر علی ظفر صاحب سابق مشنری انچارج جرمنی سے جلسہ سالانہ جرمنی کی تاریخ کے بارہ میں دریافت کیا گیا تو آپ نے بتایا کہ آج ہم جرمنی کے جلسہ میں تقریباً پچاس ہزار افراد کی تعداد دیکھتے ہیں جبکہ ان جلسوں کی ابتداء جلسہ ہمبرگ 1975ء میں صرف 73 افراد سے ہوئی۔ مولانا سے گفتگو کے بعد جماعت احمدیہ جرمنی کی صد سالہ تاریخ کی 20 منٹ پر مشتمل ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں جرمن افراد کے تاثرات کو بھی شامل کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی سے اس پروگرام کے بارہ میں دریافت کیا گیا تو آپ نے کہا کہ ایم ٹی اے کی کاوش سے صد سالہ تاریخ کو 20 منٹ میں بند کیاگیاجس میں ہم نے کئی چہرے دیکھے ہیں۔ یہ سب وہ ہیں جنہوں نے جرمنی میں جماعت کے قیام کے دوران بےانتہاء کام کیا اور دن رات ایک کیے۔ کئی خلفاء نے جرمنی میں جماعت کی ترقی کے بارے میں الہامات اور پیشگوئیاں بیان فرمائی ہیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نے 1956ء میں ایک خواب دیکھی جس میں آپ نے دیکھا کہ ایک ٹیلی گرام ملا ہے جس میں ایک بہت معزز اور اہم شخص کے جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کی خبر دی گئی۔ اس کے بعد مکرم امیرصاحب جماعت احمدیہ جرمنی منبر پر تشریف لائے۔ آپ نے جماعت احمدیہ کی ترقی، مساجد کی تعمیر اور روحانیت میں ترقی کرنے سے متعلق تقریر کی۔ اس مبارک موقع پر مکرم امیرصاحب نے شعبہ جنرل سیکرٹری کی نئی ویب سائٹ https://info.ahmadiyya.de کا افتتاح کیا جس میں جماعت احمدیہ جرمنی کی تمام ویب سائٹس کو جوڑا گیا ہےاور ایک ہی جگہ پر تمام قسم کی معلومات کو یکجا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ (فیروز ادیب اکمل، مربی سلسلہ)

ہمبرگ میں صدسالہ جوبلی کی تقریب

مؤرخہ 25 جنوری 2023ء جماعت احمدیہ جرمنی کی صد سالہ جوبلی کی تقریب ہمبرگ ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں کل 160 مہمان شامل ہوئے۔ مکرم فضل احمد صاحب سیکرٹری امورِخارجیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے آغاز میں مکرم حنان باجوہ صاحب نے سورۃ البقرہ کی آیت نمبر178 کی تلاوت کی اور جرمن ترجمہ پیش کیا۔ بعدازاں جماعت احمدیہ ہمبرگ کا تعارف ایک پریزنٹیشن اور ویڈیو کے ذریعہ کروایا گیا۔ جس کے بعد درج ذیل مہمانوں اور نائب امیر جرمنی مکرم سعید گیسلر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جناب Thomas Ritzenhoff صاحب، (Bezirksamtsleiter Wandsbek) جناب Ekkehard Wysocki صاحب، (Bürgerbeauftragter SPD) جناب Michael Gwosdz صاحب، (Abgeordneter der Grünen) جناب Eckard Graage،صاحب (Bundestagsabgeordneter der CDU) جناب Niels Clausen صاحب (Vorsitzender der Buddhistischen Union Deutschland) محترمہ Inge Heyde صاحبہ (Vorsitzende der Herz-Kinder-Hilfe e.V.) محترمہ Heyde صاحبہ انچارج شعبہ امراضِ قلب بچگان نے Charity walk سے حاصل ہونے والے تین ہزار یورو عطیہ کرنے پر لوکل امیر مکرم شاہد محمود صاحب کا شکریہ ادا کیا اور یادگاری تختی لوکل امیر صاحب کو پیش کی۔ تقریب کی اختتامی دعا مکرم لئیق احمد منیر صاحب مربی سلسلہ نے کروائی۔ عشائیہ کے بعد مہمانوں کو حضرت خلیفۃالمسیح کے دنیا میں امن کے قیام کے لیے خطابات و مساعی پر مشتمل کتاب Die Weltkrise und der Weg zum Frieden اور ایک کپ تحفہ میں دیاگیا جس پر صد سالہ جوبلی کا علامتی نشان نقش تھا۔ مہمان رات ساڑھے دس بجے تک موجود رہے۔ پروگرام کی خبر Die Zeit اخبار اور ٹی وی چینلز RTL, NDR نے نشر کی۔ (طاہر محمود، نمائندہ اخبار احمدیہ جرمنی) Wittlich میں صدسالہ جوبلی کی تقریب جماعت احمدیہ Wittlich کو صد سالہ جماعت احمدیہ جرمنی جوبلی کی تقریب شعبہ امور خارجیہ کے تحت مؤرخہ 11 جنوری 2023کو منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں 43 مہمان شامل ہوئے۔ مدعوین میں شہر کی انتظامیہ کے افسران، فوج کے عہدیداران، پولیس کے منتظمینِ اعلیٰ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ پروگرام کا آغاز حسبِ روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم ڈاکٹر عاصم محمد طارق صاحب کے حصہ میں آئی اور جرمن ترجمہ رانا حسام جاوید صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ جرمنی کی صد سالہ تاریخ پر مشتمل ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ جس کے بعد مکرم عمران احمد ظفرصاحب نے جماعت wittlich کی سماجی خدمات کا تعارف کروایا۔ بعدازاں شہر کے مئیر جناب Joachim Rodenkirschصاحب، قومی اسمبلی کی ممبر محترمہ Lena Wernerصاحبہ، ممبر جرمن اسمبلی جنابPatrik Schniederصاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے اپنے اختتامی کلمات میں حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ اور جماعت احمدیہ کے مقاصد کے بارہ میں حاضرین کو آگاہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر کیک کاٹا گیا جس پر جرمنی کا جھنڈا اور 100کا ہندسہ سجایا گیا تھا۔اس پروگرام کومقامی اخبار Wittlicher Rundschau کی اشاعت مؤرخہ 21 جنوری 2023ء صفحہ 4 پر شائع کیا۔ سیکرٹری صاحب ضیافت قمرالزمان اوررانا جاوید اقبال صاحب نے مل کر ضیافت کا بندوبست یا۔ (جاوید اقبال ناصر، مربی سلسلہ جرمنی)

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش