اساتذہ اور طلباء کی بیت الحمد آمد

مؤرخہ 23 جنوری 2023ء کی صبح Reialschule Gillenfeld کے اساتذہ اور طلباء کا ایک وفد بیت الحمدWittlich آیا۔ خاکسا ر، مکرم صدر جماعت مکرم طاہر احمد ظفر صاحب اور سیکرٹری تربیت مکرم عمران احمد ظفر صاحب نے مسجد کے گیٹ پر ان کا استقبال کیا اور مسجد کا دَورہ کروایا۔ اس کے بعد سب طالبِ علم مع اساتذہ مسجد کے مردانہ ہال میں آکر بیٹھ گئے۔ خاکسار نے ان کے سوالات کے جوابات دیئے نیز اذان اور نماز کا طریق عملی طور پر بتایا۔ پھر مسجدکے نشیبی ہال میں جرمنی جماعت کی صد سالہ کارکردگی کی ویڈیو دکھائی گئی۔ مہمانوں کےچہروں پر پسندیدگی کے آثار نمایاں تھے۔ چائے کے وقفہ کے بعد اساتذہ کو جماعت کی کتب مہیا کی گئیں۔ اس کے بعدبیت الحمد کے دروازے پر ایک گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا کہ وہ ہمیں حضرت مسیح و مہدی معہود کا پیغام احسن رنگ میں پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔ (جاوید اقبال ناصر مربی سلسلہ جرمنی)

Bad Marienberg

مئیر باد مارین برگ کے ساتھ ملاقات:
23 جنوری 2023ء کو محترمہ Sabine Willwacher مئیر Bad Marienbergکے ساتھ ملاقات ہوئی اور امنِ عالم اور دنیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ ہمارے وہاں پہنچنے پر محترمہ Sabine صاحبہ نے اپنے دفتر میں ہمارا استقبال کیا۔ موصوفہ ہماری جماعت کو گزشتہ چند برسوں سے جانتی ہیں اور جماعت کے ساتھ خصوصی تعاون کرتی ہیں۔ ملاقات کے آخر پر محترمہ Sabine نے ہماری جماعت کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی جماعت کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ایسوسی ایشن کمیونٹی کے میئر سے ملاقات:

مؤرخہ 30 جنوری2023ء جماعت احمدیہ Bad Marienberg کی ایسوسی ایشن کمیونٹی کے میئر جناب Andreas Heidrich کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں جماعت کی طرف سے منعقد کئے جانے والے پروگرامز اور مستقبل کے پراجیکٹس وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موصوف کو جماعت احمدیہ Bad Marienbergکی جانب سے جماعت احمدیہ جرمنی کے صد سالہ جوبلی پروگرام پر بھی دعوت دی گئی اور تحائف بھی دیئے گئے۔ جناب Andreas Heidrich نے جماعت کی خدمات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
مؤرخہ 30 جنوری 2023ء کو جماعتبادمارین برگ کے علاقے Mengerskirchen کے میئر جنابThomas Scholz صاحب سے ان کے دفتر ملاقات ہوئی جس کے دوران موصوف کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا۔ خلافتِ احمدیہ کی امنِ عالم کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارہ آگاہ کیا گیا۔ میئر صاحب کو جماعتِ احمدیہ جرمنی کی صد سالہ جوبلی کی تقریب میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ موصوف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ ملاقات ہمارے باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرے گی اور وہ کوشش کریں گے کہ آئندہ جماعت کے ہونے والے پروگرامز میں ضرور شامل ہوں۔ اسی طرح انہوں نے جماعت کے ساتھ ہرممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔

گرودوارہ کا دورہ:

مؤرخہ31 جنوری 2023ء کو جماعت کے ایک وفد نے Koblenz میں موجود ایک گرودوارہ کا دورہ کیا۔ جس میں صدر جماعت مکرم عاطف عزیز صاحب، مکرم انصر احمد صاحب مربی سلسلہ اور مکرم مظفر خواجہ صاحب سیکرٹری امورِ خارجیہ شامل تھے۔ گرودوارہ پہنچنے پر جناب کشمیر سنگھ صاحب نے استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران مذاہب سے متعلقہ امور پر تبادلۂ خیالات ہوا۔ اختتام پر سکھ برادری کے افراد کو جماعتِ احمدیہ جرمنی کے صد سالہ جوبلی کے پروگرام میں دعوت دی گئی۔

تنظیم ریڈکراس کے نمائندگان سے ملاقات:

24 جنوری 2023ء جماعت احمدیہ باڈمارین برگ کی ریڈکراس (ہنگامی امداد کی تنظیم) Westerwaldشہرکے دو نمائندگان جناب Olaf Reineckصاحب اور جناب Frank Schäfer صاحب سے ملاقات ہوئی جس میں جماعت بادمارین برگ سے مکرم اوکلاء مأذن صاحب، مکرم راشد محمود صاحب اور مکرم مظفر احمد صاحب نے شرکت کی۔ نشست کے دوران اسلام احمدیت کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بتایا کہ حقوق العباد کی ادائیگی ہمارے مذہب کا حصہ ہے اور جماعت ہر ممکنہ کوشش کرتی ہے کہ لوگوں کی مدد کی جائے۔ جماعت کی کاوشوں کی تفصیل سن کر وہ بہت خوش ہوئے اور آئندہ ریڈکراس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا کہا تا کہ انسانیت کی خدمت زیادہ سے زیادہ کی جاسکے۔ ملاقات کے اختتام پر ہم نے امن کی علامت کے طور پر پھول پیش کئے اور جماعت باد مارین برگ کی طرف سے 18 مارچ 2023ء کو منعقد ہونے والی صد سالہ جوبلی تقریب میں شمولیت کی دعوت دی جس کو جناب Olaf Reineck صاحب اور جناب Frank Schäfer صاحب نے قبول کیا۔

Gummersbach

مؤرخہ 3 فروری 2023ء کو جماعت گمرزباخ کی طرف سے شہر Bergneustadt میں سیاست دانوں و دیگر شہریوں کو جماعت احمدیہ سے متعارف کروانے کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اخبارات کے مختلف نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
محترمہ Monika Siegfried Hagenow صاحبہ نے اخبار Kölnische Rundschau مؤرخہ 6 فروری اور اخبار Oberbergische Volkszeitung مؤرخہ 7 فروری کی اشاعت میں آرٹیکل شائع کئے جن میں انہوں نے لکھا:
جماعتِ احمدیہ جرمنی نے اپنی پہلی مسجد کی بنیاد برلن میں سو سال پہلے رکھی تھی اور اب جماعتِ احمدیہ صدسالہ جوبلی ‘‘محبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں’’ کے ماٹو سےمنا رہی ہے۔ جماعت احمدیہ کے مربی سلسلہ مکرم وفا محمد صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ وفاداری ہمارے مذہب کا حصہ ہے۔ مکرم محمد اسماعیل احمد صاحب صدر جماعت گمبرزباخ نے بتایا کہ ہماری جماعت 200 لوکل جماعتوں پر مشتمل ہےجن کے زیادہ تر افراد پاکستان سے مذہبی منافرت سے تنگ آکر جرمنی آباد ہوئے ہیں، جماعت گمرزباخ کے ترجمان مکرم عمیر کاظمی صاحب نے بتایا اسلامی ممالک ہمیں مسلمان نہیں سمجھتے اس لئے ہمیں ہر جگہ مخالفت کا سامنا ہے جبکہ اس کے بر عکس جماعتِ احمدیہ امن پسند جماعت ہے۔
موصوفہ نے مزید لکھا کہ ہمیں خون کا عطیہ کرنے، بےگھروں کو کھانا کھلانے، سیلاب زدگان کی مدد کرنے، درخت لگانے اور نئے سال کے موقع پر صفائی کرنے کی تصاویر دکھائی گئیں۔ شہر کی میئر محترمہ Helga Auerswaldصاحبہ اور ریاستی پارلیمنٹ کے ممبر جناب Marc Zimmermannصاحب نے گفتگو کے دوران کہا کہ اکثر اسلام کا غلط تاثر پیش کیا جاتا ہے اور میڈیا میں اسلام کی غلط شکل پیش کی جاتی ہے۔ بنڈس ٹاگ کے ممبر جناب Dr. Carsten Brodesserصاحب نے وعدہ کیا کہ وہ ہجرت کرکے آنے والے افراد کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
(محمد اسماعیل احمد۔ صدر جماعت Gummersbach )

Lübeck میں صدسالہ جوبلی کا پروگرام

امسال جماعت احمدیہ کے جرمنی میں سو سال مکمل ہونے پر صد سالہ جوبلی کے حوالے سےجرمنی بھر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ مؤرخہ 09 فروری 2023ء کو لیوبک میں بھی مسجد بیت العافیت میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کل80 افراد نے شرکت کی، الحمدللہ۔
لیوبک جرمنی کے جنوب میں ہمبرگ سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے۔ یہ اپنی قدیم عمارات اور پانچ چرچوں کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ اسی وجہ سے یہاں پر سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد و رَفت رہتی ہے۔ لیوبک میں سمندر ہونے کے باعث کاروباری حضرات کے لئے یہ ایک پر کشش شہر ہے۔ اس کی قدیم عمارات اپنی شکل میں اب تک موجود ہیں اور زیرِ استعمال بھی ہیں۔ لیوبک کی آبادی تقریبا ًدو لاکھ بیس ہزار لوگوں پر مشتمل ہے جن میں تقریباً 200 احمدی احباب ہیں۔
اس پروگرام میں لیوبک شہر کے مئیر کے علاوہ دو اور ملحق شہروں کے میئر بھی شامل ہوئے۔ اسی طرح لیوبک university کی پریزیڈنٹ، european hansemuseumکی پریذیڈنٹ، پروفیسر ز، ڈاکٹرزاور شہر کی دوسری اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
صد سالہ جوبلی کا پروگرام جماعتی روایات کے مطابق تلاوتِ قرآن ِکریم سے ہوا۔ بعد ازاں مختلف شہروں کے مئیرز نے جماعت احمدیہ کی کارکردگی کے موضوع پر تقریر کی۔ اسی طرح مکرم عطاءالکریم انصر صاحب مربی سلسلہ نے خاص طور پر اس زمانہ میں اپنے خالق کو پہچاننے کے موضوع پر تقریر کی۔
جماعت احمدیہ لیوبک کی جانب سے پروگرام میں مکرم عطاءالکریم انصر صاحب مربی سلسلہ اور صدر جماعت مکرم وسیم احمد صاحب نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

تاثرات:

لیوبک کے میئرJan Lindenau نے کہا:
مَیں یہاں آکربہت متاثر ہوا ہوں کیونکہ بہت زیادہ مہمان یہاں تشریف لائے ہیں اور سب کا جماعت کے ساتھ کسی نہ کسی رنگ میں تعلق ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت ِاحمدیہ شہر کے مختلف شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ آج کے پروگرام سے بھی یہ بات واضح ہے کہ جماعت ِاحمدیہ اپنے دروازے سب کے لئے ہمیشہ کھلے رکھتی ہے اور مَیں سمجھتا ہوں کہ یہ بہت اچھا عمل ہے۔ مَیں شہر کے باشندوں کو بھی آگاہ کروں گا کہ یہ جماعت ہمہ وقت مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔
موصوف نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئےمزید کہا کہ جب بھی جماعتِ احمدیہ کے سربراہ لیوبک شہر تشریف لائیں گے تو شہر کی انتظامیہ آپ کا بھر پور استقبال کرے گی اور آپ کو city hall میں دعوت دے گی۔
لیوبک یونیورسٹی کی صدر Prof. Dr. Gillessen-Kaesbach نے انٹرویو میں کہا:
مَیں نے آج کے پروگرام سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ مَیں سچ کہتی ہوں کہ مجھے اسلام کے اس فرقے کا علم نہیں تھا اور مجھے افسوس ہے کہ مَیں ابھی تک اس جماعت کو نہیں جانتی تھی۔ خاص طور پر جو آپ کا ماٹو ہے اگر ہر انسان اس ماٹو کے مطابق اپنی زندگی گزارتا تو ہم آج یقیناً ایک پر امن دنیا میں ہوتے۔ میں آئندہ جماعت احمدیہ سے رابطہ میں رہوں گی۔
Europäisches Hansemuseum کی صدر Dr. Sternfeld نے انٹرویو میں کہا:
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ نے مجھے اس پروگرام میں دعوت دی۔ مَیں اس مسجد اور جماعت احمدیہ کو نہیں جانتی تھی۔ جس طرح آپ کی جماعت کام کر رہی ہے اور جس پیغام کے ساتھ آپ اپنے آپ کو ظاہر کر رہے ہیں مجھے بہت حیرانی ہوئی۔ مَیں سمجھتی ہوں کہ اس قسم کےپروگرام معاشرہ کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مسیح موعود کا پیغام دنیا کی کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے،آمین۔

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش