اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ تبلیغ جرمنی کو جرمن قوم میں مختلف ذرائع سے اسلام احمدیت کا پیغام پھیلانے کی توفیق مل رہی ہے اُن میں سے ایک ذریعہ اسلام وقرآن نمائش بھی ہے گزشتہ چند ماہ کے دوران منعقد ہونے والی نمائشوں کی رپورٹ بغرض دعا قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔

Eppertshausen

ہماری جماعت کو ایک بار پھر چار روزہ اسلام وقرآن نمائش لگانے کی توفیق ملی،الحمدللہ۔
اس چار روزہ نمائش کا افتتاح مورخہ 9؍اگست 2022ء کو ہوا۔ مکرم وجاہت احمد صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت قرآنِ کریم کے بعد نمائش کا مختصر تعارف پیش کیا۔ اس روز اخبار Offenbacher Post کے نمائندہ نے نمائش دیکھی اور محترم مربی صاحب کا انٹرویو لیا۔ اس اخبار نے اپنی 12 اگست 2022ء کی اشاعت میں ایک تفصیلی خبر بھی شائع کی۔
شام کے وقت تین ایسے مہمان تشریف لائے جنہوں نے تقریباً ایک گھنٹہ نمائش گاہ میں گزارا اور مربی صاحب سے معلومات حاصل کیں۔ ان میں سے ایک مہمان نے خود کو پناہ گزینوں کی مدد کے لئے وقف کیا ہوا تھا اور ایسے لوگوں کی تلاش میں تھا جو اسلام کے بارہ میں صحیح راہنمائی کرسکیں۔
(رپورٹ: صباح الدین۔ سیکرٹری تبلیغ)

Stockstadt

مؤرخہ 23 جولائی 2022ء کو جماعت Stockstadt کو جرمنی کے شہر Gernsheim میں ایک روزہ اسلام نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ صبح ساڑھے سات بجے مکرم سہیل ریاض صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ کی نگرانی میں مقامی اطفال، خدام اور انصار کی مدد سے نمائش گاہ کو صبح 9بجے تک زائرین کے لئے تیار کرلیا گیا۔ اس دن 2 پادریوں سمیت آٹھ جرمن احباب و خواتین نے نمائش کو دیکھا جنہیں مربی صاحب نے اسلام احمدیت کا تعارف کروایا اور سوالات کے تسلی بخش جوابات دئیے۔ نمائش میں آنے والے مہمانوں کے لیے ضیافت کا انتظام لجنہ اماءاللہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔
(رپورٹ:مکرم میاں اعجاز احمد صاحب سیکرٹری تبلیغ)

Groß Umstadt

ستمبر کا آخری ہفتہ اس علاقے میں ثقافتی ہفتہ کے طور پر منایا جاتا ہے اس موقع کی مناسبت سے شہری انتظامیہ کے تعاون سے ہماری جماعت کو ان ایام میں دو تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مؤرخہ 26ستمبرتا 30ستمبر تک پانچ روزہ اسلام نمائش اور مؤرخہ 29ستمبر2022ء کو اسی جگہ پرکونسل آف ریلیجن شہر باد کوئننگ کے تعاون کے ساتھ ایک مذاکرہ بعنوان ‘‘بین المذاہب رواداری’’ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نمائش کو ایک سو سے زائد جرمن مہمانوں نے دیکھا۔ جنہیں ڈیوٹی پر موجود خدام نے اسلام احمدیت کا تعارف کروایا اور لٹریچر فراہم کیا۔
مذاکرہ میں پروٹیسٹنٹ فرقے کی نمائندہ محترمہ Renate Köblerصاحبہ، کیتھولک چرچ سے تعلق رکھنے والےپادری جناب Jan. Mäurerصاحب، آرتھو ڈوکس چرچ سے تعلق رکھنے والے جناب Marios Nassos صاحب، اسلام کی نمائندگی میں جناب Abdulqadir Schabelصاحب، بدھ ازم کی طرف سے جناب Tung Huynh اور جماعت احمدیہ کی طرف سے مکرم عدیل احمد خالد صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ نے شرکت کی۔ ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس دلچسپ گفتگو کو سننے کے لئے60 افراد موجود تھے ان کے علاوہ مقامی مئیر جناب Muhnصاحب ہمہ وقت موجود رہے۔
(رپورٹ: مکرم شیراز خان صاحب سیکرٹری تبلیغ)

Immenhausen

ہماری جماعت کو مؤرخہ 16ستمبر 2022ء کو ایک روزہ اسلام نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ اس نمائش کی تشہیر کے لئے ممکنہ ذرائع کو استعمال کیا گیا۔ نمائش سے ایک روز قبل مقامی اخبار HNA نے ہماری نمائش کے متعلق مضمون شائع کیا۔ مقررہ تاریخ کو مقامی احباب جماعت نے نمائش لگانے میں مدد کی۔ ہماری اس نمائش کو 18جرمن احباب نے وزٹ کیا ان کے علاوہ ہمارے شہر کے مقامی مئیر اپنی اہلیہ کے ساتھ تشریف لائے۔ اسی طرح فائربریگیڈ کے کارکنان، سکول ٹیچر اور اہل محلہ نے شرکت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔
(رپورٹ: مکرم طارق ادریس صاحب سیکرٹری تبلیغ)

جماعت Viersen

ہماری جماعت کواللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلی بار مؤرخہ 28ستمبر سے 7؍اکتوبر 2022ء تک 10روزہ اسلام وقرآن نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش مقامی مئیر صاحب کی مدد سے ضلعی حکومتی دفاتروں کے داخلی دروازوں کے عین سامنے لگائی گئی۔ جہاں کثرت سے افسران اور عوام الناس کا گزر ہوتا ہے۔
اس نمائش کا افتتاح مقامی میئر محترمہ Sabine Anemüller صاحبہ نے کیا اس موقع پر دیگر افراد جماعت کے علاوہ مقامی مربی سلسلہ مکرم وفا محمد صاحب مئیر صاحب کے ساتھ موجود تھے۔ مقامی افراد جماعت کے علاوہ زائرین کو اسلام احمدیت کا صحیح رنگ میں تعارف کروانے کے لئے مکرم سہیل ریاض صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ بھی چند روز ہمارے ہاں قیام پذیر رہے۔
اللہ کے فضل سے تقریباً 130 ایسے مہمان تشریف لائے جنہوں نے اس نمائش میں دلچسپی لی اور سوالات کئے اس کے علاوہ تقریباً دوہزار ایسے افراد تھے جنہوں نے ہماری نمائش کو گزرتے ہوئے چند منٹو ں کے لئے ملاحظہ فرمایا۔ ہماری اس نمائش کو مختلف مذہب وملت سے تعلق رکھنے والے احباب نے وزٹ کیا جن میں سے فارسی، البانین، بیلجیئم، بنگالی اور جرمن لوگوں نے قرآن کریم کے تراجم کا مطالبہ کیا حتی المقدور مرکز کی مدد سے انہیں قرآن کریم کے تراجم بذریعہ ڈاک بھجوائے گئے۔
اس نمائش کی افتتاحی تقریب کی تصاویر چند مقامی آن لائن اخباروں نے خبر کے ساتھ شائع کیں مجموعی طور پر چار اخباروں میں خبریں شائع ہوئیں جس کے ذریعہ ہزاروں افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ اخباروں کے نام درج ذیل ہیں:
Pressreader RP online, Meine Woche, Rheinscher Spiegel
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی اس نمائش کے چرچے رہے۔ اللہ تعالیٰ جملہ کارکنان و معاونین کو جزائے خیر سے نوازے جنہوں نے مسلسل دس دن کسی نہ کسی رنگ میں خدمت کی توفیق پائی۔
(رپورٹ: مکرم ڈاکٹر غالب شیخ صاحب سیکرٹری تبلیغ)

Schwetzingen

جرمنی کے صوبہ Baden-Würrtemberg کے شہر Schwetzingen میں مؤرخہ 24 ستمبر تا 3 اکتوبر Interkulturelle Woche منایا گیا جس میں مختلف قسم کے پروگرامز کا انعقاد کیاگیا۔ خداتعالیٰ کے فضل سے Schwetzingen جماعت کو اس پروگرام میں مورخہ 30 ستمبر تا 02 اکتوبر2022ء AWO-Begegnungsstätte کے مقام پر قرآنِ مجید کی نمائش لگانے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔
Interkulturelle Woche کی افتتاحی تقریب میں مکرم نویل احمد شاد صاحب مربی سلسلہ نے اسلام کا تعارف کروایا اور مکرمہ فائزہ سلمان صاحبہ کو لجنہ اماءاللہ کا تعارف پیش کرنےکا موقع ملا۔ پروگرام میں قرآن کریم کی نمائش کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے معلوماتی پوسٹر لگائے گئے۔ شامل ہونے والے مہمانان کو بذریعہ ویڈیو قرآنِ کریم کی تلاوت سنائی گئی۔ اس پروگرام میں 28 غیر از جماعت مہمانان کے علاوہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہوئےجنہوں نے مختلف اخبارات اور ویب سائٹس پر اس پروگرام کی رپورٹنگ کی۔

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء