مؤرخہ 30 اکتوبر 2022کو مکرم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی کی زیرِصدارت مسجد بیت الواحد ہاناؤ میں شعبہ تعلیم القرآن و وقفِ عارضی جرمنی کے تحت تقریب تقسیم انعامات و اسناد منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد حضرت مسیح موعود کا منظوم کلام مع جرمن ترجمہ پیش کیا گیا۔ حفظ القرآن کلاس جرمنی کے پہلے دو حفاّظ تقریب کے آغاز میں سال 2022ء میں حفظ القرآن مکمل کرنے کی توفیق پانے والے دو حفاظ کرام عزیزم حافظ محمد ذکی اللہ ضیاء اور عزیزم حافظ محمد عثمان احمد صاحب کا تعارف خاکسار نے پیش کیا۔

حافظ محمد ذکی اللہ ضیاء

عزیزم محمد ذکی اللہ ضیاء ابن مکرم حافظ محمد ظفراللہ صاحب کو حفظ القرآن کلاس جرمنی سے پہلا حافظ قرآن ہونےکا اعزاز حاصل ہوا۔ 17 جولائی 2017ء کو بعمر9سال سات ماہ حفظ القرآن کلاس میں داخل ہوئے اور 06 مئی 2022 بعمر 14سال 5ماہ مکمل حفظ کی توفیق پائی۔ کل عرصہ حفظ کا 4 سال اور تقریباً 10 ماہ ہے۔ اپنے اسکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ حفظ کرتے رہے، بارک اللہ۔ تدریس کے فرائض مکرم حافظ اویس قمر صاحب،مکرم حافظ شاذل صاحب، مکرم تحسین رشید صاحب مربی سلسلہ، مکرم ارسلان سندھو صاحب مربی سلسلہ کو سرانجام دینے کی توفیق ملی۔ عزیزم انتظامی ہدایات، تعاون، میٹنگز، کلاسز میں حاضری اور ماہانہ رپورٹس بھیجنے کے لحاظ سے بھی مثالی طالب علم رہے۔

حافظ محمد عثمان احمد

عزیزم محمد عثمان احمد صاحب ابن مکرم فاروق احمد عمر صاحب 17 جولائی 2017ء بعمر 8 سال 9 ماہ حفظ القرآن کلاس جرمنی میں داخل ہوئے۔ اور 13 سال 7 ماہ کی عمر میں 18 جون 2022ء کو 4 سال اور تقریباً 11 ماہ میں سکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تکمیل حفظ القرآن کی توفیق پائی۔ عزیزم کے استاد مکرم حافظ ناصر احمد صاحب نے بڑی محنت اور لگن سے اس فریضہ کو سرانجام دیا۔ اسی طرح مکرم ارسلان سندھو صاحب نے بطور مقامی مربی سلسلہ مدد کی۔ ہر پروگرام، امتحانات، میٹنگز اور بروقت رپورٹس بھجوانے میں بھی باقاعدہ رہے۔ عزیزم کو حفظ القرآن کلاس جرمنی کے تحت دوسرے حافظ قرآن ہونے کا اعزاز نصیب ہوا۔ مکرم نیشنل امیر صاحب نے دونوں حفاظ کو انعام مع سرٹیفیکیٹ دئیے جس کے بعد مبلغ انچارج مکرم صداقت احمد صاحب نے قرآنِ کریم سیکھنے، سکھانے اور حفظ القرآن کی اہمیت و برکات کے موضوع پر مختصر تقریر کی۔ بعدازاں مکرم حشام احمد صاحب نے بذریعہ پریزنٹیشن کارکردگی نیشنل شعبہ تعلیم القرآن و وقفِ عارضی، حفظ القرآن کلاس اور معلّمین کلاسز کا تعارف اور امتحانات کی مندرجہ ذیل رپورٹ پیش کی۔ شعبہ تعلیم القرآن و وقف عارضی جرمنی کے زیرِانتظام جاری حفظ القرآن کلاس کے طلباء کے سالانہ امتحانات مؤرخہ 30 جولائی تا 02 اگست 2022ء جامعہ احمدیہ جرمنی میں ہوئے۔ ان میں 51 طلباء نے حفظ کردہ پاروں کا امتحان دیا۔ اسی طرح شعبہ کے زیرِانتظام اردو اور جرمن ترجمۃالقرآن معلّمین کلاسز اور ترتیل معلّمین کلاس کے طلباء نے بھی اپنے کورسز کے امتحانات دئیے۔ معلّمین کلاسز کے کل 59 طلباء نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔ 18 طلباء اردو ترجمۃالقرآن معلّمین کلاس اولیٰ نے اور 20 طلباء کلاس ثانیہ نے اپنے کورس کا امتحان پاس کیا۔ جرمن ترجمۃالقرآن معلّمین کلاس اولیٰ کے 11 اور ثانیہ کے 3 طلباء نے کورس کا امتحان پاس کیا ۔ اسی طرح 7 طلباء نے ترتیل القرآن معلّمین کلاس کا کورس مکمل کیا اور امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔ رپورٹ کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نےامتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء، معلّمین اور وقفِ عارضی میں مثالی کارکردگی دکھانے والی جماعتوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقسیمِ انعامات کے بعد امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں حفظ القرآن کی اہمیت اور شعبہ تعلیم القرآن و وقفِ عارضی کے تحت جاری حفظ القرآن کلاس جرمنی کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے مزید محنّت اور لگن سے قرآن کریم کی تعلیم پھیلانے کی تلقین کی تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش