مکرم عبدالکبریا بٹ صاحب

خاکسار کے خسر صاحب مکرم عبدالکبریا بٹ صاحب ابن مکرم صوفی عبدالکریم بٹ صاحب مورخہ 18 جنوری 2023ء کو بعمر 87 سال اپنے مولائے حقیقی سے جاملے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ آپ 1936ء میں قادیان میں مکرم عبد الکریم مرحوم کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ حضرت ماسٹر اللہ دتہ صاحب ؓصحابی کے پوتے تھے۔ آپ کی اہلیہ کی وفات 2016ء میں ہوئی اس کے بعد سے اپنے بچوں کے پاس رہے۔ آپ پاکستان گوجرانوالہ میں رہائش پزیر رہے۔ 1974ء کے فسادات میں آپ کے گھر اور کاروبار کو کافی نقصاں اٹھانا پڑا۔ آپ 1986ء میں جرمنی تشریف لائے۔ 1994تا 1995 آپ کو بطور صدر حلقہ نور مسجد کی خدمت کی توفیق بھی ملی۔ علاوہ ازیں آپ نیشنل عاملہ مجلس انصاراللہ میں بھی خدمت بجالاتے رہےلیکن بیمار رہنے کی وجہ سے 1997ء کے بعد زیادہ وقت گھر پر گزارا۔ علاوہ ازیں آپ کو 2018ء میں خاکسار کے ساتھ عمرہ کرنے کی بھی سعادت نصیب ہوئی۔ لواحقین میں آپ کے بچوں میں 5 بیٹیاں، ایک بیٹا،ایک پوتا، دو پوتیاں، 10نواسے اور 7 نواسیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔ تدفین مورخہ 24 جنوری بروز منگل 11:15پر زوڈ فریڈ ہوف فرینکفرٹ میں ہوئی۔
(انوارالدین سابق صدر جماعت احمدیہ گیزن)

مکرم ریاض احمد زاہد صاحب

خاکسار کے پھوپھی زاد بھائی اور مکرم برادرم آفتاب احمد صاحب جماعت مائنز کے برادر نسبتی مکرم ریاض احمد زاہد صاحب ابن صوفی عنایت اللہ صاحب مرحوم آف چک سکندر ضلع گجرات حال مقیم کیلیفورنیا امریکہ میں مؤرخہ 26 دسمبر 2022ء بعمر60 سال وفات پاگئے، انا للہ و اناالیہ راجعون۔
آپ ابتداء ہی سے سلسلہ کی خدمت پر معمور رہے، قائد مجلس چک سکندر، پھر قائد ضلع گجرات رہے۔ 1989 میں جب دشمن نے چک سکندرکے احمدی گھروں پر حملہ کیا تو اس کے نتیجہ میں ہمارے تین معصوم احمدی شہید ہوئے اس وقت آپ ہی قائد ضلع تھےاور آپ کے گھر کو دشمن نے خاص طور پر نشانہ بنا کر جلا کر راکھ کر دیا تھا، امریکہ منتقلی کےبعد بھی آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختلف شعبہ جات میں خدمت پر مامور رہے۔
داؤد احمد قمر۔قائد تربیت مجلس انصاراللہ جرمنی

مکرم ملک محمد ارشد صاحب

خاکسار کے بہنوئی مکرم ملک محمد ارشد صاحب ابن مکرم عبدالغفور صاحب مؤرخہ 27 دسمبر 2022ء کو بعمر67 سال بقضائےالٰہی سیالکوٹ پاکستان میں وفات پاگئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
آپ نہایت ملنسار اور خدمت کرنے والے وجود تھے۔ آپ چندوں کی ادائیگی اور دیگر تحریکات میں نمایاں حصہ لیتے تھےحالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں چاول سے بھرے ٹرک بھجوائے۔ ان کا چاول کا کاروبار تھا۔ ڈسکہ میں قائد مجلس بھی رہتے ہیں۔ آپ نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹے اور 3 بیٹیاں پوتے، پوتیاں، نواسےاور نواسیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ ایک بیٹا پاکستان میں ہے اور باقی تمام بچے لندن،جرمنی کینیڈا میں مقیم ہیں۔
(فلاح الدین خاں۔ Ginnheim فرانکفرٹ)

محترمہ ثریا بیگم صاحبہ

ہماری پیاری والدہ محترمہ ثریا بیگم صاحبہ زوجہ چودھری محمد اقبال خاں صاحب ساکن دھر کالیاں ضلع سیالکوٹ مؤرخہ 4 جنوری 2023ء کو وفات پاگئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ پیدائشی احمدی، موصیہ اور سابق امیر جماعت ضلع بہاولنگر رانا محمد خان صاحب کی ماموں زاد بہن تھیں۔ والد صاحب نے بیعت کرنے کی سعادت پائی جبکہ ان کا سارا خاندان غیر احمدی ہے۔ خاندان میں جب بھی کوئی پروگرام ہوتا تو میری والدہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا لیکن کبھی کمزوری نہ دکھاتیں اور بڑی جرأت و حوصلہ سے احمدیت کا دفاع کرتیں۔ آپ بد رسومات کے سخت خلاف تھیں اور اپنے سسرال والوں کو بد رسومات سے بچنے کی تاکید کرتی رہتی تھیں۔
حقوق اللہ اور حقوق العباد کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی کوشش کرتیں۔ آپ نے اپنی بھانجیوں کو ان کی والدہ کی وفات کے بعد ماں بن کر پالا اور کبھی کوئی کمی محسوس نہ ہونے دی۔ غریبوں کی مالی امداد اور شادی میں مددکرتیں۔ ایک مرتبہ تحریکِ جدید کے سیمینار میں اعلان ہوا تو آپ نے اپنا زیور پیش کردیا۔ آپ کا چھوٹا بیٹا عامر اقبال حفاظتِ خاص جبکہ بیٹی بطور سیکرٹری تربیت خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ (رانا طاہرمحمودسابق صدر جماعتTrebur)

مکرم ندیم احمد ظفر صاحب

مکرم ندیم احمد ظفر صاحب ابن مکرم رمضان احمد ظفرصاحب مرحوم (سابق اکاؤنٹنٹ روزنامہ الفضل) مؤرخہ 29 جنوری 2023ء کو بعمر57سال بقضائے الٰہی وفات پاگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ آپ ستمبر 1965ء میں پیدا ہوئے۔ چک نمبر 276 ر۔ب گوکھووال ضلع فیصل آباد پاکستان سے ہجرت کرکے 1992ء میں جرمنی آکر کاسل شہر میں رہائش پذیر رہے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے اور اپنی جماعت میں مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ سوگواران میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ دونوں بیٹے وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ مکرم وسیم احمد ظفر (ثانی) صاحب مربی سلسلہ ٹوگو اور مکرم حسیب احمد ظفر صاحب آف انگلینڈ کے بڑے بھائی تھے۔
مرحوم کی نمازِجنازہ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے یکم فروری کو بیت السبوح فرانکفرٹ میں پڑھائی جبکہ تدفین اگلے روز فرانکفرٹ کے جنوبی قبرستان میں ہوئی۔

 

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے ساتھ مغفرت کا سلوک کرتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرِجمیل سے نوازے، آمین

متعلقہ مضمون

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا