مکرم احمد خان مجوکہ صاحب

لوکل امارت Gross-Gerau کے ایک دیرینہ خادم مکرم احمد خان مجوکہ صاحب ابن مکرم ملک شہادت مجوکہ صاحب مؤرخہ 25 اپریل 2022ء بعمر59سال بقضائے الٰہی وفات پاگئے، اناللہ واناالیہ راجعون۔

مرحوم مخلص اور فدائی احمدی تھے، بہت سی خوبیوں کے مالک تھے۔ ساری زندگی کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند اور جماعتی پروگراموں میں ذوق و شوق سے شامل ہوتے۔ احباب سے خوش اخلاقی اور مسکراتے چہرے کے ساتھ ملنا ان کا خاص وَصف تھا۔ وصیت کے بابرکت نظام میں شامل تھے۔

آپ دسمبر 1991ء میں جرمنی آئے۔ پاکستان میں قائد ضلع میانوالی جبکہ جرمنی ہجرت کے بعد بطور سیکرٹری مال حلقہ، صدر جماعت حلقہ گروس گیراؤ ویسٹ اور سیکرٹری وقفِ جدید لوکل امارت گروس گیراؤ خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ بوقت وفات بطور صدر حلقہ گروس گیراؤ ویسٹ خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔ مؤرخہ 27 اپریل 2022ء کو بعد نماز ظہر مکرم امیر صاحب جرمنی نے مرحوم کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی جس کے بعد گروس گیراؤ کے شمالی قبرستان میں تدفین ہوئی۔

مرحوم نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔

(منور احمد سیکرٹری امورِ عامہ لوکل امارت گروس گیراؤ)

عزیزم جاذب احمد خلیل

خاکسار کا بیٹا عزیزم جاذب احمد خلیل مؤرخہ 30 اپریل 2022ءکو بعمر 19 سال ٹریفک کے ایک حادثہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔

عزیزم واقفِ نَو تھا۔ خوش اخلاق، فرمانبردار، محنتی اور دوسروں کی مدد کا جذبہ رکھنے والا تھا۔

پسماندگان میں والدین اور ایک بڑی بہن سوگوار چھوڑے ہیں۔ (شکیل احمد۔ حلقہ مسجد نور فرانکفرٹ)

مکرمہ امینہ کرامت صاحبہ

محترمہ امینہ کرامت صاحبہ بنت مکرم محمد شریف صاحب مؤرخہ 21 مارچ 2022ء کو بعمر82 سال وفات پاگئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحومہ اپریل 2003ء میں جرمنی آئیں۔ مغلپورہ لاہور میں بطور جنرل سیکرٹری خدمت کی توفیق پائی۔ آپ صوم وصلوٰۃ کی پابند، نرم مزاج اور نیک خاتون تھیں۔ محلے کے متعدد بچوں کو قرآنِ کریم پڑھانے کی سعادت پائی۔

مرحومہ کی نماز جنازہ مؤرخہ 24 مارچ مسجد بیت العلیم Würzburg میں ادا کی گئی جس کے بعد Collenberg کے قبرستان میں تدفین ہوئی۔

مرحومہ نے پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں یادگار چھوڑے ہیں۔(مرزا انعام اللہ۔ جماعت Würzburg)

محترمہ امتہ الودود صفیہ صاحبہ

خاکسار کی والدہ محترمہ امۃالودود صفیہ صاحبہ بنت مکرم مولوی غلام احمد ارشد صاحب مؤرخہ 13 مئی 2022ء بروز جمعۃالمبارک طویل علالت کے بعدبعمر 83سال اپنے مولیٰ کے حضور حاضر ہوگئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔

مرحومہ کے نانا حضرت مولوی فضل الٰہی صاحب بھیرویؓ اور دادا حضرت نور محمد صاحب ملتانیؓ صحابی حضرت مسیح موعودتھے۔ آپ کے چھوٹے بھائی محترم ملک منصور احمد عمر صاحب مبلغ سلسلہ ہیں جنہیں جرمنی میں بھی بحیثیت امیر جماعت و مبلغ انچارج خدمت کی توفیق ملی۔ آپ مکرم نیاز احمد اعظم صاحب مرحوم کی اہلیہ تھیں جنہیں لمبا عرصہ مجلس انصاراللہ جرمنی میں بطور قائد مال خدمت کی توفیق ملی۔

مرحومہ موصیہ تھیں اور چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھیں، تحریکِ جدید میں مرحومین کی طرف سے بھی مالی قربانی پیش کرتی رہیں ۔ نمازوں اور تہجد کا التزام کرتیں۔ غریب رشتہ داروں اور غیروں کی مالی مدد کرتی تھیں۔

والدہ صاحبہ نے پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں۔ چوتھے بیٹے مکرم نعیم احمد صاحب کی چند سال قبل وفات ہوگئی تھی۔

مرحومہ کی نماز جنازہ مکرم امیر صاحب جرمنی نے مؤرخہ 15 مئی کو بیت السبوح فرانکفرٹ میں پڑھائی اور مؤرخہ17 مئی کو فرانکفرٹ کے جنوبی قبرستان میں تدفین ہوئی۔(فہیم احمد جماعت Maintal و کارکن شعبہ محاسب)

متعلقہ مضمون

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا