مکرم بشیر احمد صاحب
خاکسار کے سسر محترم بشیر احمد صاحب ابن مکرم نبی بخش صاحب مؤرخہ 21 جون کو بعمر90سال فرانکفرٹ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔
آپ ضلع گورداسپور بھارت میں پیدا ہوئے اور تقسیمِ ہند و پاک کے بعد گھسیٹ پورہ ضلع فیصل آباد اور پھر کچھ عرصہ ربوہ میں مقیم رہے۔ 1998ء میں آپ جرمنی آکر Ginsheim-Gustavsburg اور بعد میں فرانکفرٹ Höchst میں خاکسار کے پاس مقیم رہے۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ مختلف جماعتی خدمات احسن طریق سے نبھاتے رہے۔
مرحوم نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں جو جرمنی میں مقیم ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ مؤرخہ23 جون کومکرم مبشر بٹ صاحب مربی سلسلہ نے Südfriedhof فرانکفرٹ میں پڑھائی جس کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ (چودھری تنویر احمد۔ حلقہHöchst)
محترمہ شاہدہ انور خان صاحبہ
میری پیاری بیٹی عزیزہ شاہدہ انور خان صاحبہ بنت مکرم انور علی خان صاحب بعمر 22 سال مورخہ 19 جون 2023ء کوجرمنی کے شہر گروس گیراؤ میں بقضائےالٰہی وفات پاگئیں،اناللہ وانا الیہ راجعون۔
بیٹی پیدائشی طور پر دل کے عارضہ میں مبتلا تھی مگر بہت صبر و ہمت کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کیا۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔ 15 سال کی عمر میں وصیت کرنے کی توفیق ملی۔ 2014ء میں جرمنی آئیں۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ مؤرخہ 23 جون کو مکرم باسل اسلم صاحب مربی سلسلہ نے ناصر باغ میں پڑھائی اور تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی۔ آپ نے3 بہنیں اور ایک بھائی پسماندگان میں یادگار چھوڑی ہیں۔
(نسیم اختر خان، گروس گیراؤ حلقہ Ost)
محترمہ شگفتہ مشتاق صاحبہ
خاکسار کی والدہ محترمہ شگفتہ مشتاق صاحبہ اہلیہ مکرم رانا مشتاق احمد صاحب مرحوم مؤرخہ 16 اپریل 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئی ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مرحومہ حضرت چودھری عبدالحمید صاحب کاٹھگڑھی صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی تھیں اور حضرت چودھری عبدالحق صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی بہو تھیں۔
آپ 1983ء سے ربوہ محلہ باب الابواب میں رہائش پذیر تھیں۔ آپ نے بڑی ہمت سے 28 سالہ بیوگی کا عرصہ گزارا اور چھ بچوں کی شادیاں کیں۔ آپ بہت ملنسار، خوش اخلاق، دوسروں کی مدد کرنے والی دین دار خاتون تھیں۔ اپنی وفات والے دن(25 رمضان المبارک) تک قرآن مجید کے تین دور مکمل کرچکی تھیں۔
آپ کی نمازِ جنازہ مکرم و محترم حافظ عبدالحلیم صاحب نے مورخہ 19 اپریل کو ربوہ باب الابواب میں پڑھائی۔ آپ موصیہ تھیں اور پیارے آقا کی اجازت سے بہشتی مقبرہ دارالفضل ربوہ میں تدفین ہوئی۔
(حافظہ نازیہ ندیم، ہاناؤ جرمنی)
مکرم محمد حنیف صاحب
خاکسار کے ماموں جان مکرم محمد حنیف صاحب ابن مکرم محمد شریف صاحب شہید (بورے والا) مؤرخہ 25 جون 2023ء کو بعمر62 سال Hofheim میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ 2011ء میں ربوہ سےجرمنی آئے۔ صوم و صلوۃ کے پابند تھے۔ مرحوم نے اپنے والد کی شہاد ت کے بعد اپنے بہن بھائیوں کی ذمہ داریوں کو خوب اسلوبی سے نبھایا ۔تبلیغِ اسلام کا شوق دل میں رکھتے تھے۔ جب بھی موقع ملتا تو جماعتی فلائرز کی تقسیم کرنے جاتے۔ آپ کی نمازِ جنازہ مکرم عبدالباسط طارق صاحب مربی سلسلہ نے ناصرباغ میں مؤرخہ 30 جون کو پڑھائی اور اسی روز تدفین گروس گیراؤ کے شمالی قبرستان میں ہوئی۔
(رفیق خالدصاحب۔ Worfelden)
مکرم احمد خان مجوکہ صاحب
ہمارے ایک بہت ہی پیارے اور مخلص دوست مکرم ملک احمد خان مجوکہ صاحب ابن مکرم ملک شہادت مجوکہ صاحب آف عمر آباد (ضلع خوشاب) ایک لمباعرصہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا رہنے کے بعد گروس گیراؤ (جرمنی) میں 25؍ اپریل 2022ء کو بعمر 59 سال بقضائے الٰہی وفات پاگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔
مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجدگزار، جماعتی پروگراموں میں ذوق و شوق سے شامل ہونے والے بہت خوش اخلاق، متحمل مزاج ، ملنسار اورنیک انسان تھے۔ پاکستان میں بطور قائد ضلع میانوالی اور جرمنی آنے پر اپنی لوکل جماعت کے سیکرٹری مال، سیکرٹری وقف جدید اور صدر حلقہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ مؤرخہ 27 اپریل 2022ء کو مکرم عبدالباسط طارق صاحب مربی سلسلہ نے ناصر باغ میں پڑھائی جس کے بعد گروس گیراؤ کے جنوبی قبرستان میں تدفین ہوئی۔ (صادق محمد طاہر، جماعت Mainz)

متعلقہ مضمون

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا