ماہ فروری 2024ء میں مجلس انصاراللہ جرمنی کے تحت جرمنی بھر میں منعقد ہونے والے مختلف پروگرامز کی مختصر رپورٹ ہدیہ قارئین ہے۔

میٹنگز

علاقہ جات بیت الجامع، ناصرباغ، Bayern, Hessen Mitte, Baden, Hessen Süd, Württemberg, Hessen Süd Ost, Rheinland Pfalz میں زعماء مجالس اور ممبران علاقائی عاملہ کے ساتھ میٹنگ اور مجلس انصاراللہ میں نئے شامل ہونے والے انصار کے ساتھ خوش آمدید پروگرام کرنے کی توفیق ملی۔ ان میٹنگز میں صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مکرم بشیر احمد ریحان صاحب، نائب صدر صاحب، نائب صدر صاحب صف دوم اور دیگر نیشنل عاملہ ممبران بھی شامل ہوئے اور زعماء مجالس کو مجلس انصاراللہ جرمنی کے سالانہ پروگرام کے متعلق بتایا اور ان پروگراموں پر عمل درآمد کے حوالے سے عہدیداران کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
ان پروگرامزمیں زعماء میٹنگز کے بعد انصاراللہ کی تنظیم میں نئے شامل ہونے والے انصار بھائیوں کے ساتھWelcome Programmes بھی منعقد ہوئے جن میں 98نئے انصار شامل ہوئے۔ اس موقع پر نائب صدر صاحب صف دوم نے نئے انصار بھائیوں کو انصاراللہ کی تنظیم کے قیام، نظام اور سالانہ پروگرام کے متعلق تفصیل سے بتایا اور خاص طور پر توجہ دلائی کہ انصاراللہ کا مطلب ہے، اللہ تعالیٰ کے مددگار، اور اللہ تعالیٰ کا مددگار بننے کا سب سے بہترین طریقہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنا ہے۔

احمدیہ لنگر

مجلس انصاراللہ جرمنی کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی کامیابی کے ساتھ احمدیہ لنگر اور احمدیہ موبائل لنگر کا مستقل بنیادوں پر اہتمام کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ ماہ فروری میں مجالس Raunheim Nord/ Süd, Rüsselsheim Süd, Wiesbaden West/ Nord میں موبائل لنگر کے ذریعہ 550سے زائدبےگھر افراد کو کھانا مہیا کرنےکی توفیق ملی۔ مقامی میڈیا میں بھی ان پروگرامز کی خبر دی گئی جس کی بدولت جرمن احباب تک جماعت کا پیغام پہنچا۔

شجر کاری مہم

مجلس انصاراللہ جرمنی ہر سال بڑی کامیابی کے ساتھ جرمنی کے مختلف شہروں میں شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کے تحت درخت لگاتی ہے، مؤرخہ 8 فروری کو مجلس Obertshausen میں پودا لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شہرکے لارڈ میئر Mr. Manuel Friedrich ایک جرمن مہمان کے ساتھ شامل ہوئے، اس تقریب میں ایک مقامی اخبار کی نمائندہ خاتون بھی شامل ہوئیں۔
تبلیغی سرگرمیاں
مجلس انصاراللہ جرمنی کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے باقاعدگی کے ساتھ جرمنی کے مختلف شہروں میں تبلیغی سٹال لگانے اور اسلام احمدیت کا پیغام جرمنی کےطول و عرض میں پہنچانے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں مؤرخہ 4 فروری کو Waiblingen میں انصار نے تبلیغی سٹال لگایا۔ مؤرخہ 14 فروری کو Wiesbaden میں تبلیغی سٹال لگایا گیا جس میں 50سے زائد مہمان تشریف لائے اور اسلام سے متعلق مختلف سوالات کئے۔ اسی روز Darmstadt میں انصار نے بڑے پوسٹرز اٹھا کر شہر میں ایک تبلیغی پروگرام کیا اور اسلام سے متعلق لوگو ں کے سوالات کے جوابات دئے۔
مجلس انصاراللہ جرمنی کے تبلیغی پروگرامز میں سے ایک پروگرام شہروں میں واقع چھوٹی اور بڑی لائبریریوں میں جماعتی کتب رکھوانا بھی ہے۔ اس سلسلہ میں مورخہ 14فروری کو Köln میں انصار نے شہر کی مختلف لائبریریوں میں جماعتی کتب رکھوائیں، اس کے علاوہ مجلس Düsseldorf, Ratingen, Köln Süd, Paderborn, Pulheim میں بھی انصار بھائیوں نے لا ئبریریوں میں کتب رکھوائیں۔
مؤرخہ 16 فروری کو Bad Homburg میں انصار نے مجلس خدام الاحمدیہ اور مقامی مربی صاحب کے ساتھ مل کر ایک واک کا اہتمام کیا جس میں تقریباً 200 جرمن احباب نے بھی حصہ لیا۔ یہ واک مرکزی ریلوےا سٹیشن سے شروع ہو کر شہر کے درمیانی علاقہ Kurhausvorplatz تک کی گئی۔ اس واک میں شاملین نے ایک بڑا بینرجس پرمحبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں لکھا ہوا تھا، اُٹھا رکھا تھا۔ اس واک کےذریعہ اسلام احمدیت کا پیغام ایک کثیر تعداد میں جرمن احباب تک پہنچا۔
مؤرخہ24 فروری کو علاقہ Westfalen کی مجلس Bochum اور علاقہ Bayern کی مجالس München اور Augsburg میں انصار نے تبلیغی سٹال لگائے اور بڑے بڑے پوسٹرز اٹھا کر ایک تبلیغی پروگرام کیاجن پر درج ذیل الفاظ لکھے تھے۔
‘‘مَیں ایک مسلمان ہوں کیا آپ کے کوئی سوالات ہیں؟’’
‘‘اسلام میں جبر نہیں’’۔ ‘‘اسلام ایک امن کا مذہب ہے’’۔ ‘‘محبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں’’
اس کے علاوہ شرکاء نے اسرائیل کے فلسطین میں مظالم کے خلاف بھی بینرز اٹھا رکھے تھےجن میں اپیل کی گئی تھی کہ اب یہ مظالم بند ہونے چاہئیں۔ ان پوسٹرز نے جرمن احباب کو اپنی طرف متوجہ کیا اور ان کے سوالات کے جوابات میں انصار کو جرمن احباب کے اسلام سے متعلق خدشات دور کرنے کا موقع میسر آیا۔ اسی طرح اسی روز مجلس Eppelheim اور Osnabrück کے انصار نے بھی تبلیغی سٹال لگایا۔

عمر رسیدہ انصار بھائیوں سے ملاقات

مجلس انصاراللہ جرمنی کے سالانہ پروگرامز میں سے ایک عمر رسیدہ انصار بھائی یا پھر ایسے انصار بھائی جو کسی بیماری کی وجہ سے گھروں سے نہیں نکل سکتے انہیں گھروں میں جا کر ملنا ہے۔ اس سلسلہ میں مؤرخہ 25 فروری کو علاقہ بیت الجامع کی مجلس بیت الواحد اوسٹ کے منتظم ایثار نے زعیم صاحب مجلس کے ساتھ مل کر ایک پروگرام بنایا اور 4 انصار بھائیوں کو گھروں میں جا کر ملے۔ اس موقع پر کچھ تحائف بھی ان انصار بھائیوں کو دیئے گئے۔

متعلقہ مضمون

  • جماعتی سرگرمیاں

  • مجلس انصاراللہ جرمنی کا 43واں سالانہ اجتماع

  • نیشنل وصیت سیمینار 2024ء

  • اسلام و قرآن نمائش