حماس کے حامیوں کے خلاف کارروائیاں

جرمنی میں پولیس نے حماس کی حمایت میں متحرک فلسطینی یکجہتی گروپ کے خلاف کارروائی کی ہے۔ خبروں کے مطابق یہ گروپ جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈوئس برگ سے تعلق رکھتا ہےاور چھاپوں سے قبل صوبائی وزارتِ داخلہ نے اس گروپ کو کالعدم قرار دیا تھا۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ فلسطین سے یکجہتی میں یہود دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ گروپ پر پابندی درست وقت پر عائد کرکے بہتر قدم اٹھایا گیا ہے۔
دائیں بازو کی سیاسی پارٹیوں کا اتحاد ختم
یورپی یونین کی پارلیمان کے اندر موجود فرانس کی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کے ترجمان کے مطابق ان کی جماعت اب جرمنی کی سیاسی پارٹی ‘اے ایف ڈی’ کے ساتھ یورپی پارلیمان میں مزید اتحاد نہیں کرے گی۔ اے ایف ڈی کے ایک اہم راہنما کے جون میں منعقد ہونے والے انتخابات سے قبل نازی دَور سے قبل متنازع بیان دینے پر فرانس کی نیشنل ریلی جماعت نے ان سے دوری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جرمنی میں روس کے اثاثے منجمد

روس اور یوکرائن کے درمیان جاری جنگ کو دو سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے۔ اس دوران گاہے گاہے روسی اثاثوں کو منجمد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ برلن کی طرف سے جاری کردہ ایک خط کے مطابق اب تک منجمد روسی اثاثوں کی مالیت3.95 بلین یورو (4.28 بلین ڈالرز) ہے۔ یہ اثاثے ان شخصیات اور اداروں کے ہیں جن پر روس کے حملے کے بعد یورپی یونین کی طرف سے پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

غزہ میں ہزاروں افراد تا حال لاپتہ

غزہ میں اب تک ہزاروں فلسطینوں کی ہلاکت کی تصدیق کے باوجود ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کے بارہ خیال ہے کہ وہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبہ تلے دفن ہیں۔ جینوا کی ایک غیرسرکاری تنظیم یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر کے مطابق ایسے افراد کی تعداد اندازاً تیرہ ہزار ہے۔

توہین قرآن کا الزام، ہجوم کا معمر شخص پر تشدد

پاکستان میں سرگودھا شہر کے ایک علاقے مجاہد کالونی میں قرآنِ پاک جلانے کے الزام میں سینکڑوں مشتعل افراد نے نوید مسیح نامی شخص کے گھر کا گھیراؤ کیا اور جلانے کی کوشش کی۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کو سنبھالا۔ ذرائع کے مطابق سلطان مسیح کے گھر کی دیوار کے پاس بوسیدہ مقدّس اَوراق کا ڈبہ نصب ہے اور سلطان کے والد نوید مسیح پر الزام ہے کہ اس نے ڈبہ سےمقدّس اَوراق نکال کر انہیں آگ لگائی تاہم نوید نے اس کی تردید کی ہے۔ ڈنڈا بردار ہجوم مذہبی نعرے لگاتے ہوئے نوید مسیح پر تشدد کرتا رہا اور طبی امداد کے لیے پہنچنے والی ایمبولنس پر بھی حملہ کرکے شیشے توڑ دیئے۔

ایرانی صدر کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاکت

ایرانی مسلح جنرل اسٹاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 مئی 2024ءکو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں کسی بیرونی حملے کے شواہد نہیں ملے اور نہ ہی ملبہ سے کسی حملہ یا گولی مارے جانے کا ثبوت ملا ہے۔
اسرائیل رَفح میں فوجی آپریشن فوراً ختم کرے
انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے 15 ججوں نے متفقہ طور پر اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ رَفح میں جاری جنگ کو فوری طور پر روکے۔ یہ عدالتی حکم عالمی عدالت انصاف کے صدر نواف سلام نے پڑھ کر سنایا جس میں اسرائیل کو عدالتی حکم کی تعمیل کرکے رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرنے کاکہا گیا ہے۔ امدادی سامان کی ترسیل کے لئے رفح کی سرحد کھولنے اور غزہ میں تحقیقاتی ٹیموں کو رسائی دینے کا حکم بھی دیا گیا۔

پاپوا نیو گنی میں سینکڑوں ہلاکتیں

پاپوا نیو گنی میں 24 مئی 2024ء کو لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرنے والوں کی تعداد کا تخمینہ 670 لگایا جا رہا ہے۔ قبل ازیں ہلاکتوں کا اندازہ 100 لگایا گیا تھا۔ بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت مشن کے سربراہ سرہان اکٹوپراک (Serhan Aktoprak)کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ یمبلی گاؤں اور انگا کے صوبائی حکام کے اندازوں پر مبنی ہے۔ نئے تخمینے کے مطابق 150 سے زائد گھر ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ ابتدائی تخمینہ 60 گھروں کا لگایا گیا تھا۔ پاپوا نیو گنی (Papua-Neuguinea) ایک متنوع، ترقی پذیر ملک ہے جس میں 800 زبانیں بولی جاتی ہیں۔ 10 ملین آبادی والے اس ملک میں زیادہ تر افراد کھیتی باڑی پر گزر بسر کرتے ہیں۔

متعلقہ مضمون

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی

  • محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • مِٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے؟