منور علی شاہد

 

ڈوئچے ویلے DW کے 70 سال مکمل
جرمنی کے سب سے پرانے اور بڑے نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے 70 سال مکمل ہونے پر جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کے لئے اس کے کردار کے ستر سال بھی ہیں۔ اس حوالے سے جرمن پارلیمان میں ایک یادگاری تقریب منعقد ہوئی جس میں جرمن چانسلر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ڈبلیو کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خطرات کے باوجود اس ادارے سے وابستہ صحافی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر جرمن چانسلر نے مبارکباد دینے کے علاوہ مزید کہا کہ ہمیں آزاد میڈیا کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایسے صحافیوں کی ضرورت ہے جو پوری دنیا میں الفاظ کی آزادی کے لئے مل کر کام کریں۔ یہ اَمر قابل ذکر ہے کہ ڈی ڈبلیو 32 زبانوں میں دنیا بھر کے لوگوں کو عالمی خبریں فراہم کرتا ہے اور اس کا آغاز 3 مئی 1953ء کو ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ ایک ریڈیو تھا۔
جرمنی کا تیز ترین ٹرینیں خریدنے کا منصوبہ
جرمنی کی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان مسافروں کو جدید اور تیز ترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے دو ارب یورو کی لاگت سے 73 تیز ترین ریل گاڑیاں خریدنے کے منصوبہ پر غور کر رہی ہے۔ ان میں سے کچھ ابتدائی طور پر برلن اور ایمسٹرڈم کے درمیان چلائی جائیں گی اور ان کی رفتار 230کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ کمپنی کے مطابق وہ سٹی ایکسپریس ریل گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ ان ریل گاڑیوں میں سے 56 ہسپانوی پیدواری کمپنی ٹیلگو(Telgo) کی تیار کردہ آئی سی ایل ماڈل ہوں گی۔
کینیا میں اجتماعی قبروں کی دریافت
کینیا میں ایک مذہبی فرقے کے ماننے والوں کی اجتماعی قبروں کی دریافت ہوئی ہےجن کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ مرنے والوں نے اپنے مذہبی راہنماؤں کے کہنے پر دنیاوی زندگی ترک کرنے اور بھوکا پیاسا رَہ کر موت کو گلے لگایا تھا۔ فاقہ کشی سے مرنے والے ان افراد کا تعلق گڈ نیوز انٹرنیشنل چرچ نامی فرقہ سے بتایا جاتا ہے۔ یہ فرقہ مشرقی کینیا کے جنگل میں رہتا ہے۔ کینیا کی ریڈ کراس تنظیم کے مطابق ابھی تک 200 افراد لاپتہ ہیں۔ کینیا کے وزیرِ داخلہ کے مطابق ملنے والی اجتماعی قبروں کے نزدیک واقع چرچوں سے تین زندہ افراد بھی ملے ہیں۔ خبروں کے مطابق گمراہ کن تعلیمات پھیلانے کے جرم میں مذہبی راہنما سمیت 14 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سیاحت کے میدان میں
سعودی عرب کی دوسری پوزیشن
دنیا میں سیاحت کے میدان میں ترقی کرنے والوں میں سعودی عرب دنیا میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ عالمی ادارہ سیاحت ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب دنیا کا دوسرا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا سیاحتی مقام بن گیا ہے اور سالِ رواں کے ابتدائی مہینوں میں 78 لاکھ سیاحوں نے سعودی عرب کا رُخ کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شعبہ سیاحت میں 2019ء میں سعودی عرب کا 25 واں نمبر تھا جبکہ 2022ء میں 11 واں نمبر تھا۔ ماہرین اس کا کریڈٹ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دے رہے ہیں۔
جرمنی کی یوکرائن کے لئے فوجی امداد
روس کے ساتھ جاری جنگ میں جرمنی کی طرف سے یوکرائن کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور مزید2.7 بلین یورو کی نئی فوجی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ امداد تین بلین امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔ یاد رہے کہ 24 فروری 2022ء سے روس اور یوکرائن کی جنگ جاری ہے اور اب تک جرمنی کی جانب سے دی جانی والی امداد میں یہ سب سے بڑا جنگی پیکج ہے۔

متعلقہ مضمون

  • ایک احمدی خاتون صحافی کی عدالتی کامیابی

  • ملکی و عالمی خبریں

  • عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کے احمدیوں کی قربانیاں

  • ملکی و عالمی خبریں