مجلس شوریٰ جماعت احمدیہ جرمنی 2022ء

جماعت احمدیہ جرمنی کی 40 ویں مجلس شوریٰ مؤرخہ 20 تا 22 مئی 2022ء بیت السبوح، فرانکفرٹ میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے474 نمائندگان جماعت نے شرکت کی سعادت پائی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دو سال کورونا وائرس کے باعث دیگر پروگراموں کی طرح مجلس شوریٰ بھی منعقد نہ ہو سکی تھی اور اس کی جگہ جرمنی بھر سے چالیس نمائندگان پر مشتمل ایک کمیٹی کے ایک روزہ اجلاس میں محض سالانہ بجٹ پر بحث کرکے منظوری کے لیے حضرت امیرالمومنین کی خدمت میں پیش کردیا جاتا رہا۔ امسال شوریٰ کی ایک خاصیت یہ تھی کہ اس شوریٰ کے اختتام پر حضرت خلیفۃالمسیح الخامسنے بیت الفتوح مورڈن، لندن، یوکے سے نظامِ شوریٰ کے مقاصد و افادیت اور ممبرانِ شوریٰ کی ذمہ داریوں کے متعلق یوکے، کینیڈا، امریکہ، جرمنی، بیلجیم اور گنی بساؤ کی مجالس مشاورت 2022ء کے نمائندگان سے انگریزی زبان میں براہِ راست خطاب فرمایا۔ یہ خطاب ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے توسّط سے پوری دنیا میں دیکھا اور سنا گیا۔

شوریٰ 2022ء کے لئے ایجنڈا

سب کمیٹی تربیت

الف: نئے ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ہے جس سے ہم بھی اور خاص طور پر ہماری نوجوان نسل متاثر ہوتی جارہی ہے۔ ان نئے مسائل سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی تقریبات اوراجلاسات کے طریق کار پر نظرِثانی کرنے اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ شوریٰ اس بارے میں لائحہ عمل تجویز کرے۔

ب: کوروناوبا کی وجہ سے ہمیں عبادات اور پروگراموں میں فعال شرکت کے حوالے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مجلس شوریٰ جماعت کی تعلیمی و تربیتی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس حوالہ سے جائزہ لے اور لائحہ عمل تجویز کرے۔

سالانہ بجٹ

ایجنڈے کی دوسری تجویز سالانہ بجٹ آمد و خرچ پر مشتمل تھی۔ چنانچہ اڑتیس ملین آٹھ لاکھ اٹھاون ہزار ایک سو پچاس یورو (38,858,150) کا تفصیلی بجٹ مجلس شوریٰ میں پیش کیا گیا اور اس پر مدّوار تفصیلی بحث کی گئی۔

امسال مجلس شوریٰ اپنے روایتی انداز میں منعقد ہوئی جس کا افتتاحی اجلاس مؤرخہ 20 مئی 2022ء بروز جمعہ کو پانچ بجے شام امیر جماعت جرمنی محترم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآنِ کریم اور اس کا جرمن و اردو ترجمہ مکرم مرتضیٰ منان صاحب مربی سلسلہ جرمنی نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب جرمنی نے افتتاحی تقریر کی جس میں آپ نے بعض انتظامی و تربیتی امور کی طرف توجہ دلائی اور اختتام پر دعا کروائی۔ اس کے بعد حسبِ پروگرام سیکرٹری مجلس شوریٰ مکرم محمدالیاس مجوکہ صاحب، جنرل سیکرٹری جرمنی نے رَدّشدہ تجاویز اور انہیں رَدّ کرنے کی وجوہات پیش کیں اور اس کے ساتھ ہی اس سال کا ایجنڈا پیش کیا۔ اس کے بعد سیکرٹری تربیت مکرم طاہر احمد صاحب مربی سلسلہ نے اب تک ہونے والی کاوشوں کی رپورٹ پیش کی۔

اس کے بعد سب کمیٹی تربیت کے صدر مکرم صداقت احمدصاحب مبلغ انچارج جرمنی مقرر ہوئے جبکہ آپ کے ساتھ نیشنل سیکرٹری تربیت مکرم طاہر احمد صاحب مربی سلسلہ موجود تھے۔ سب کمیٹی تربیت کے لئے 23نمائندگان اور 2 ممبرات لجنہ اماءاللہ کو منتخب کیاگیا۔

سب کمیٹی مال کے صدر مکرم عمر عزیز صاحب لوکل امیر ویزبادن مقرر ہوئے جبکہ آپ کے ساتھ نیشنل سیکرٹری مال طارق محمود صاحب موجود تھے۔ سب کمیٹی مال کے لئے 29 نمائندگان اور 2 ممبرات لجنہ اماءاللہ کو منتخب کیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس برخاست ہوا۔ تاہم سب کمیٹیوں کے اجلاسات کھانے کے بعد شروع ہوکر رات دیر تک جاری رہے۔

دوسرا روز

اگلے روز مؤرخہ 21 مئی 2022ء بروز ہفتہ مجلس شوریٰ کے دوسرے دن کا آغاز 09:30 بجے تلاوت قرآنِ کریم مع جرمن و اردو ترجمہ کے ساتھ ہوا جو مکرم سلمان شاہ صاحب مربی سلسلہ نے پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور پروگرام کے مطابق مکرم انس ملک صاحب نےڈیٹا پروٹیکشن (GDPR) کے حوالے سے ضروری معلومات تفصیل کے ساتھ پیش کیں۔

اس کے بعد خصوصی اجلاس کا آغاز ہوا جس میں گزشتہ پانچ سالوں کی مجالس شوریٰ کے تربیتی فیصلہ جات پر عمل درآمد کا جائزہ پیش ہوا۔ سب کمیٹی تربیت کی رپورٹ مکرم صداقت احمد صاحب مربی سلسلہ نے پیش کی۔ اسی طرح چند لوکل امراء اور صدران جماعت نے بھی عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹس پیش ہونے کے بعد بحث کی گئی۔

ظہر و عصر کی نماز کے بعد مکرم نیشنل امیرصاحب جرمنی نےریڈیو ویب چینل“Stimme des Islam’’ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر مکرم احسن فہیم بھٹی صاحب سیکرٹری سمعی بصری جرمنی بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد کیک کاٹا گیا اور مجلسِ شوریٰ کے نمائندگان میں تقسیم کیاگیا۔

اس کے بعد تیسرے اجلاس کا آغاز ہوا تو صدر صاحب سب کمیٹی مال میاں عمر عزیزصاحب نے سب کمیٹی کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد پہلے آمد پھر خرچ پر مدّ وار بحث ہوئی اور ممبران مجلس شوریٰ نے اپنی آراء دیں۔ بجٹ پر بحث دو وقفوں کے ساتھ رات ساڑھے دس بجے تک جاری رہی۔ بحث مکمل ہونے پر مغرب وعشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔

تیسرا روز

مؤرخہ22 مئی 2022ء بروز اتوار نیشنل امیر ومجلس عاملہ کا انتخاب تھا۔ اس کا آغاز یوکے سے آئے ہوئے مرکزی نمائندہ مکرم مرزا محمود احمد صاحب ہیڈ آف انٹرنل آڈٹ کی صدارت میں تلاوت قرآنِ کریم مع جرمن و اردو ترجمہ سے ہوا جو مکرم احمد کمال صاحب مربی سلسلہ و صدرخدام الاحمدیہ نے پیش کی۔ اس کے بعد صدر اجلاس نے انتخابات کے حوالہ سے تفصیلی پُر مغز خطاب کیا اور چند ضروری قواعد اور ہدایات کے متعلق نمائندگان کو آگاہ کیا۔ اِنتخابات کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا اور شام پانچ بجے مکمل ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ مجلس شوریٰ کا اختتام سیّدنا امیرالمومنین خلیفۃالمسیح الخامس کے خطاب سے ہوا۔ (اس خطاب کے چند نکات سرِورق کے اندرونی صفحہ پر پیش کیے جا رہے ہیں۔ ادارہ)

(محمد الیاس مجوکہ۔ سیکرٹری مجلس شوریٰ 2022ء)

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء