مجلس انصاراللہ کے تنظیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی پروگراموں کی منصوبہ بندی اور ان پرعمل درآمد کے لئے ریفریشرکورسز کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع ہوجاتا ہے۔ سال 2024ء کی ابتداء بھی مجلس انصاراللہ جرمنی کی نیشنل مجلس عاملہ و ناظمین اعلیٰ علاقہ کے ایک مشترکہ ریفریشر کورس سے ہوئی جو 13 جنوری بروز ہفتہ مسجد مبارک ویزبادن میں منعقد ہوا۔ ریفریشر کورس کے معاً بعد ایک تقریب سپاس اور ایمان افروز واقعات پر مبنی تعارفی پروگرام منعقد ہوا۔

کارروائی نیشنل ریفریشر کورس

سالانہ ریفریشر کورس کا آغاز صبح سوا دس بجے مکرم بشیر احمد رہان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیرِصدارت ہوا۔ جس میں ممبران نیشنل مجلس عاملہ اور ناظمین اعلیٰ علاقہ نے نائب ناظمین اعلیٰ علاقہ کے ہمراہ شرکت کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جومکرم طاہر احمد گھمن صاحب ناظم اعلیٰ علاقہ بیت الجامع نے کی اور ساتھ اس کا اردو ترجمہ پڑھا۔ اس کا جرمن ترجمہ مکرم عثمان احمد صاحب معاون صدر نے پڑھا۔بعدازاں مکرم صدر صاحب مجلس نے اردو اور جرمن زبانوں میں عہد دہرایا۔ پروگرام میں شریک عہدیداران کی حاضری کا جائزہ لینے کے بعد مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب قائد عمومی کی پریزنٹیشن سے باقاعدہ ریفریشر کورس کا آغاز ہوا۔اس کے بعد تمام قائدین نیشنل عاملہ نے اپنے اپنے شعبہ کے لائحہ عمل 2024ء سے متعلق اپنی پریزنٹیشن پیش کی اور پوچھے گئے سوالات کے جوابا ت دیئے۔ ان میں ملٹی میڈیا کے شعبہ کی ٹیم بھی شامل تھی۔اس دوران حسب موقع مکرم بشیر احمد رہان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی وضاحت طلب امور پر روشنی ڈالتے رہے۔ شام کو دعا کے ساتھ یہ سالانہ ریفریشر کورس اختتام کو پہنچا۔

سابق صدر مجلس کے اعزاز میں تقریب

سابق صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مکرم مبارک احمد شاہد صاحب کے اعزاز میں الوداعی سپاس محفل نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مکرم بشیر احمد رہان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیرِصدارت شروع ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جو مکرم حافظ محمد ظفراللہ صاحب نائب صدر صف دوم نے کی اور اردو ترجمہ پڑھا۔تلاوت کا جرمن ترجمہ مکرم خواجہ رفیق احمد صاحب ایڈیشنل قائد ایثار نے پڑھا۔اس کے بعد حسب پروگرام مکرم ڈاکٹر وسیم احمد طاہر صاحب رکن خصوصی نے سابق صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کے لئے لکھا گیا سپاس نامہ پڑھا جس میں ان کے دور قیادت کی مخلصانہ کوششوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ یہی سپاس نامہ فریم کرواکر یادگار کے طور پر سابق صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ صدر صاحب انصاراللہ جرمنی کی درخواست پر مکرم مبارک احمد شاہد صاحب نےاپنے دَور صدارت میں بھرپور تعاون کرنے پر ممبران نیشنل عاملہ و تمام ناظمین اعلیٰ علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ مجلس انصاراللہ نئی قیادت کی راہنمائی میں مزید آگے بڑھے اور ترقیات حاصل کرے۔ اس کے بعد مکرم بشیر احمد رہان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے خدمت دین کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی درخواست پر مکرم حیدر علی ظفر صاحب مربی سلسلہ و رکن خصوصی نے شرکاء تقریب کو اپنی نصائح سے نوازا اور اختتامی دعا کرائی۔ یہ تقریب تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اس کے بعد تمام احباب کی خدمت میں ڈنر پیش کیا گیا۔

ڈنر کے بعد رات ساڑھے نو بجے تا بارہ بجے تک ایک تعارفی پروگرام منعقد ہوا جس میں شرکاء نے اپنے اپنے خاندان کا تعارف پیش کیا اور بزرگان کے ایمان افروز واقعات سنائے۔

(رپورٹ: منور علی شاہد)

(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ فروری 2024ء صفحہ 41)

متعلقہ مضمون

  • جلسہ گاہ میں ایک تعارفی پروگرام

  • پہلا جلسہ سالانہ جرمنی

  • جماعتِ احمدیہ جرمنی کے ایک جفا کش دیرینہ خادم

  • جماعتی سرگرمیاں