اسلام کی وسیع تعلیم کے لیے اس قدر وسیع سینہ کی ضرورت تھی جو ہر قسم کے علم کو سمجھ سکے، سمجھا سکے اور دنیا میں پھیلاسکے۔ رسول کریمﷺ کو جو علم ملا چونکہ وہ جامع ومانع تھا اس کے لئے بہرحال ایسے سینہ کی ضرورت تھی جو ہر علم کو اخذ کرلے اور اسے پھیلا کر کہیں کا کہیں لے جائے۔ ایک شخص ایسا ہوتا ہے جسے اتنا ہی علم ہوتا ہے جتنے الفاظ ہوتے ہیں مگر ایک شخص ایسا ہوتا ہے جو تھوڑے سے الفاظ سے بہت بڑا علم حاصل کرلیتاہے اور بات کو پھیلا کرکہیں کا کہیں لے جاتا ہے۔ اسی کو تفقہ کہتے ہیں جو ایک نہایت قیمتی چیز ہے۔
(تفسیرکبیر جلد 9 زیر آیت الم نشرح لک صدرک)
