جماعت احمدیہ جرمنی نے اپنے سو سال مکمل ہونے پر سال 2023ء کو شکرانے کے سال کے طور پر منایا۔ اس سلسلہ میں سال بھر مرکزی اور مقامی سطح پر مختلف پروگرام منعقد ہوتے رہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی سطح پر پہلا اجلاس 21 جنوری 2023ء کو منعقد کیا گیا تھا جبکہ دوسرا اجلاس مؤرخہ 3 دسمبر بروز اتوار مسجد بیت السبوح فرانکفرٹ میں ترتیب دیا گیا جس کی کارروائی جماعت احمدیہ جرمنی کے Youtube چینل پربراہِ راست نشر کی گئی۔ جرمنی بھر کی احمدیہ مساجد اور مقامی مراکز میں اجتماعی طور پر بھی اسے براہِ راست دیکھنے اور سننے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اجلاس کے لیے خوبصورت سٹیج بیت السبوح کے سپورٹس ہال میں بنایا گیا تھا اور حاضرین کے لئے کرسیاں رکھی گئی تھیں۔

اجلاس کی کارروائی کا آغاز بعد دوپہر اڑھائی بجے امیرجماعت جرمنی مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب کی صدارت میں قرآنِ کریم کی تلاوت سےہوا جو مکرم انس اللبابدی صاحب نے کی۔ آپ نے سورۃ الصف آیات 5تا 10 کی تلاوت کی جن کا جرمن ترجمہ مکرم سعید گیسلر صاحب اور اردو ترجمہ جرمنی میں سب سے طویل عرصہ تک خدمت کی توفیق پانے والے مبلغ سلسلہ مکرم لئیق احمد منیر صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعدمکرم سلمان طیّب صاحب اور مکرم مدبّر احمد خان صاحب نے میزبانی کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر ایم ٹی اے جرمنی کی تیارکردہ دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں جرمنی میں جماعت احمدیہ کے ابتدائی دَور کی تاریخ بیان کی گئی تھی۔ اس فلم میں بتایا گیاتھا کہ حضرت مسیح موعود کے زمانہ میں ہی جرمنی میں جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچ گیا تھا اور پاسنگ (میونخ) کی رہائشی خاتون کیرولا مین نے حضرت اقدس مسیح موعود کو عقیدت بھرا خط بھی تحریر کیا۔ بعد ازیں جرمنی میں اوّلین مبلغ کی آمد، برلن مسجد کے سنگِ بنیاد اور اس دَور کے حالات و واقعات کا ذکر تھا۔

پروگرام کے اگلے حصہ میں سانحہ لاہور 2010ء کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ اس فلم میں ان مخلصین احمدیت کے انٹرویوز دکھائے گئے تھے جو 28 مئی 2010ء کے روز ان مساجد میں موجود تھے جہاں دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا۔ ان احباب نے بتایا کہ اس روز کسی احمدی بچے، بوڑھے اور جوان نے نہ بزدلی دکھائی اور نہ ہی کسی شکوہ کا اظہار کیابلکہ سب ہی اس وقت درود شریف کا ورد کرتے ہوئے حالات کا مقابلہ کر رہے تھے۔ اور واقعہ کے بعد سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس کے فون نے شہداء کے خاندانوں کے دلوں کو ایسی تسلی دی جو کسی اور صورت مل نہ سکتی تھی۔ اور یہ نمونہ دنیا میں اس وقت صرف جماعت احمدیہ میں ہی مل سکتا ہے۔

پروگرام کے آخری حصہ میں جوبلی کے سال میں منعقد ہونے مختلف اہم جماعتی ایونٹس کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ اور خطبہ جمعہ یکم ستمبر 2023ء کے موقعہ پرحضور انور کا ارشاد سنایا گیا کہ جماعت احمدیہ جرمنی کا اگلی صدی کا ٹارگٹ کیاہونا چاہئے۔

اجلاس کے اختتام پر امیر صاحب جرمنی نے اپنے مختصر خطاب میں فرمایا کہ ہمیں عاجزی اختیار کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہےاورمسکراتے ہوئے چہروں کے ساتھ لوگوں کے دلوں کو فتح کرنا ہےاوراحمدیت کا پیغام دنیا تک پہنچانا ہے۔ جرمنی میں جماعت احمدیہ سے وابستہ افراد کی تعداد پچپن ہزار تک پہنچ چکی ہے، اور اب اس بڑھتی تعداد کی نسبت سے ہی ہمارے کاموں کی رفتار بھی بڑھنی چاہئے۔ اس سلسلہ میں ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہمارے کاموں میں سطحیت کا عنصر نہ آئے بلکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کو گہرائی میں جا کر ادا کرنا ہے۔ امیر صاحب نے حضرت مسیح موعود کے ایک مصرع ’’آسماں پر دعوت حق کے لئے اک جوش ہے‘‘کے متعلق فرمایا کہ یہ ہمیں تہجد کی ادائیگی کی طرف بلایا جا رہا ہےاور اس کی طرف ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ اس وقت جماعت احمدیہ کے پاس ہی صحیح علم اور نمونے ہیں۔ لاہور اوربرکینافاسو کے شہداء کی قربانیاں تبھی ممکن تھیں جب ان میں یقین کی کیفیت تھی اور یہ ہم نے بھی حاصل کرنا ہے۔ جرمنی میں فلائرز کی تقسیم کے ذریعہ تقریباً ہر فرد تک ہم جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا چکے ہیں لیکن اب ہم نے اس سے آگے بڑھناہے اور ان تک پہنچنا ہے اور ان کی مدد بھی کرنی ہے کیونکہ دنیا اس وقت مدد کے لئے پکار رہی ہے۔ اس سلسلہ میں سب احمدیوں کو اپنی گاڑیوں پرمحبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں کے سٹیکرز بھی لگانے چاہئیں تاکہ جماعت کا محبّت اور امن کا پیغام مزید پھیلے۔ امیر صاحب نے دعا کی طرف توجہ دلائی کہ ہمارا کوئی کام بھی دعا کے بغیر ممکن نہیں۔ اس لئے دعا کرتے ہوئے ہمیں آگے بڑھتے رہنا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب جرمنی نے دعا کروائی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس اجلاس کو ایم ٹی اے جرمنی کے یوٹیوب چینل کے توسط سے دیکھنے والے احباب کی تعداد بیس ہزار سے زائد جبکہ بیت السبوح میں حاضر احباب و خواتین کی تعداد 625 تھی۔

(رپورٹ: اویس احمد نوید،مربی سلسلہ)

(اخبار احمدیہ جرمنی، شمارہ جنوری 2024ء صفحہ 35)

 

متعلقہ مضمون

  • پروگرام 48 واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی 2024ء

  • جلسہ سالانہ کا ایک مقصد ’’زہد‘‘ اختیار کرنا ہے

  • جلسہ سالانہ کی اہمیت

  • ہدایات برائے جلسہ سالانہ جرمنی 2024ء