جماعت احمدیہ جرمنی کو 23 تا 25 اگست 2024ء جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمدللہ۔ سیّدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس کےاس ارشاد کی روشنی میں کہ کوشش کریں کہ آئندہ جلسہ سالانہ ہال کی بجائے پنڈالوں میں کیا جائے، مناسب جگہ کی تلاش شروع کر دی گئی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے Mendig میں موجود ایک پرانے ائیرپورٹ (فی الوقت ائیر سکول) کی جگہ کرائے پر دستیاب ہوگئی جہاں امسال جلسہ سالانہ منعقد ہوگا۔
مسلمانوں کے اس قدر بڑے اجتماع کے متعلق سن کر نیز عالمی حالات اور بعض شدّت پسند مسلمانوں کی حرکات کی وجہ سے مقامی باشندوں نےشہری انتظامیہ سے اپنے تحفّظات کا اظہار کیا۔ لوگوں کی بےچینی اور پریشانی کو رفع کرنے کے لئے مقامی مئیر نے جماعت جرمنی سے درخواست کی کہ جلسہ سالانہ سے قبل مقامی افراد کو جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کا تعارف کروایا جائے۔ اس تناظر میں 16 جولائی 2024ء کو شام چھ بجے مقامِ جلسہ گاہ پر ایک معلوماتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ نیز اسی ہال میں 17 جولائی کو اسلام و قرآن نمائش لگائی گئی۔
پروگرام کے روز ائیرپورٹ کے ہینگر کو وقارِعمل کے ذریعہ اسلام و قرآن نمائش کے لئے تیار کیا گیا۔ جس میں جماعت کوبلنس اور Neuwied کے احباب کا خصوصی تعاون حاصل رہا۔ شام 6بجے جماعت احمدیہ کے تعارف پر مبنی ایک فیچر فلم دکھائی گئی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و جرمن ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت مکرم حبیب الرحمٰن ناصر صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ کے حصہ آئی۔ مکرم عطاءالوحید خان صاحب اسسٹنٹ نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کی مختصر غرض و غایت بیان کرنے کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب کا تعارف کرواتے ہوئے اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ مکرم امیر صاحب نےجلسہ سالانہ کی مختصر تاریخ اور جماعت احمدیہ میں اس کی اہمیت اجاگر کی۔
اس کے بعد مکرم محمد الیاس مجوکہ صاحب افسر جلسہ سالانہ نے جلسہ سالانہ کا مجموعی ڈھانچہ ڈیجیٹل نقشے کی مدد سے دکھایا نیز بتایا کہ اس جگہ کو جلسہ کے لئے مارکیز لگا کر تیار کرنے کے لئے تقریباً ایک ماہ کا وقت لگے گا اور ان سب کاموں کی تکمیل کے لئے تقریباً 8ہزار افراد حصہ لیں گے جو اپنے کاموں سے رُخصت لے کر جلسہ پر طوعی خدمت کرنے آتے ہیں۔ اسی طرح آپ نے بتایا کہ یہ علاقہ قدرتی خوبصورتی اور حسن رکھتا ہے لہٰذا امسال علیحدہ ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں تا یہاں موجود چرند پرند ہر لحاظ سے محفوظ رہیں۔
اس کے بعدسوالات کا سلسلہ شروع ہوا۔ مکرم عطاءالوحید خان صاحب نے سوالوں کے جوابات کے لئے مکرم امیر صاحب، مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ اور مکرم عدیل احمد خالد صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ ایک سوال کے جواب میں افسر صاحب جلسہ سالانہ نےبتایا کہ ہماری اپنی سیکیورٹی ہے جو جلسہ گاہ کے اندر اور باہر ڈیوٹی دیتی ہے۔ اگر رَش کی وجہ سے باہر سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل سامنے آئے تو ہماری ٹیمیں ضروری اشیاء یعنی پانی وغیرہ اور بچوں کو جوس پیش کریں گی اور ٹریفک کنٹرول کرنے میں مقامی پولیس کی مدد کریں گی۔ اس موقع پر ضلعی پولیس چیف اجازت لے کر کھڑے ہوئے اور کہا کہ میں لمبے عرصہ سے جماعت احمدیہ کو جانتا ہوں اور مختلف مساجدمیں پروگراموں میں شامل ہوتا رہا ہوں۔ آج تک جرمنی میں جہاں بھی جماعت احمدیہ نے اپنے جلسہ ہائے سالانہ منعقد کئے ہیں۔ ان علاقوں کی پولیس سے رپورٹ لی گئی ہے اور ہر جگہ سے مثبت رپورٹ ملی ہے۔ اور کوئی بھی ناخوشگوار واقع رپورٹ نہیں ہوا۔
اس پروگرام میں تین مئیرز صاحبان، 4 اخباری نمائندوں کے علاوہ تقریباً 35 افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس دوران بھی مقامی احباب گفتگو کرتے رہے اور بہت مثبت الفاظ میں اظہار خیال کیا اور اپنے خدشات دور ہونے کا اعتراف کیا۔ جرمن اخبارات Blick Aktuell اور Rhein Zeitung نے بہت مثبت انداز میں 19 جولائی کی اشاعت میں اس تقریب کے حوالہ سے خبر شائع کی۔
(مکرم صفوان احمد ملک صاحب، شعبہ تبلیغ جرمنی)
(اخبار احمدیہ جرمنی شمارہ اگست 2024ء صفحہ 22)