مکرم محمود احمد صاحب
خاکسار کے والدِ محترم محمود احمد صاحب ابن مکرم محمدصادق صاحب مؤرخہ 19 جولائی 2023ء کو بعمر 76 سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مکرم محمود احمد صاحب پیدائشی احمدی تھے۔ آپ کا تعلق فیکٹری ایریا شاہدرہ لاہور پاکستان سے تھا۔ 2016ء میں جرمنی آ گئے۔ آپ صوم و صلوٰۃ کےپابند، خوش اخلاق، خدمت گزار اور بےلَوث محبت کرنے والے انسان تھے۔ تمام جماعتی پروگراموں میں با قاعدگی سے شامل ہوتے اور بچوں کو بھی ساتھ لے کر آتے۔
پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ ایک بیٹے مکرم سلمان محمود صاحب سویڈن میں ہیں۔ آپ کی نمازِ جنازہ مکرم امیر صاحب جماعت جرمنی نے مؤرخہ 21 جولائی کو پڑھائی اور تدفین 28 جولائی کو Göteborgمیں ہوئی۔
(مکرم ذیشان محمود صاحب، جماعت Betzdorf)
مکرم ذیشان رضا خان صاحب
خاکسار کے پھوپھی زاد بھائی مکرم ذیشان رضا خان صاحب ابن مکرم مبشر احمد خان صاحب 6 جولائی 2023ء کو بعمر 34سال وفات پاگئےہیں،انا للہ وانا الیہ راجعون۔آپ کے والدین کاتعلق ناصر آباد غربی ربوہ سے تھا۔ مر حوم کچھ عرصہ ہاسلٹ بیلجیئم میں رہائش پذیر رہے اور 2015 ءمیں جرمنی آئے۔آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، خدمت گزار، خلافت سے محبّت کرنے والے، موصی اور دوسروں کی ہر ممکن مدد کرنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ پسماندگان میں آپ کا ایک بیٹا میکائل خان اور اہلیہ حسنہ ظفر شامل ہیں۔ آپ کی نمازِ جنازہ مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے مؤرخہ 14 جولائی کو بیت السبوح فرانکفرٹ میں پڑھائی اور تدفین مؤرخہ 16 جولائی کو ربوہ میں ہوئی۔
(وحید خان، صدر حلقہ مسجد سبحان، میورفیلڈن والڈورف)
محترمہ رحمت پروین صاحبہ
خاکسار کی والدہ محترمہ رحمت پروین صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالرشید صاحب مورخہ 13 جولائی 2023ء کوبعمر 88 سال بقضائے الٰہی وفات پاگئی ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔آپ 12 دسمبر 1934ء کو قادیان میں پیدا ہوئیں۔مرحومہ حضرت میاں نانک صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی سب سے چھوٹی بیٹی اور حضرت فتح دین صاحب(کشمیری برادران)صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی تھیں۔ آپ صوم صلوۃ کی پابند اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتیں۔آپ کے پسماند گان میں 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کی نمازِ جنازہ مکرم رحمت اللہ صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ جرمنی نے مورخہ 14 جولائی کو بیت العزیز میں پڑھائی اور تدفین مورخہ 17 جولائی کو مقامی قبرستان میں ہوئی۔
(انس قدیر۔ Riedstadt)
مکرم نصیر احمد شاہد صاحب
سلسلہ کے معروف خادم اور خاکسار کے بھانجے مکرم نصیر احمد شاہد صاحب چند دن کی علالت کے بعد مؤرخہ 25 جولائی 2023ء کو ہنوفر(جرمنی) کے ایک مقامی ہسپتال میں اپنے مولائے حقیقی سے جا ملے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ آپ 6 اپریل 1956ء کو سندھ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم سندھ اور ربوہ سے حاصل کرنے کے بعد سرکاری محکمے میں ملازمت شروع کی۔ دوران ملازمت 3 مضامین میں ایم اے کیا اور LLB کی ڈگری بھی حاصل کی۔ بعدازاں 1988ء میں جرمنی منتقل ہوگئے جہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو بھرپور جماعتی خدمات کی توفیق بھی ملتی رہی۔ آپ نے بطور صدر جماعت، زونل قائد، ایڈیٹر رسالہ نورالدین جرمنی، مہتمم اطفال، نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور زعیم انصاراللہ کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ بوقت وفات ایک لمبے عرصہ سے بطور قاضی سلسلہ بھی خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔
آپ کا تعلق پاکستان کے ایک زمیندار خاندان سے تھا ۔آپ کے دادا حضرت چوہدری غلام حیدر صاحبؓ اور پڑدادا حضرت چوہدری مولا بخش صاحبؓ حضرت اقدس مسیح موعود کے صحابہ میں شامل تھے اور انہوں نے اندرون سندھ کی اوّلین جماعت کوٹ احمدیہ کی بنیاد رکھی۔ آپ کے دادا علاقے کے ایک معروف زمیندار تھے اور پنجاب سے سندھ آنے والے احباب کی سندھ میں آبادکاری میں ان کی کوششوں کا بہت عمل دخل رہا۔ آپ کے والد مکرم ڈاکٹر نذیر احمد ساجد صاحب پرنسپل طبّیہ کالج ربوہ کے طور پر خدمات سلسلہ بجا لاتے رہے، مرحوم ان کے سب بڑے بیٹے اور مکرم فریداحمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل غانا کے بڑے بھائی تھے۔ آپ نے سوگواران میں اپنی اہلیہ اور چار بہن بھائی پیچھے چھوڑے ہیں۔ (ڈاکٹر وسیم احمد، ہائیڈل برگ)

متعلقہ مضمون

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا

  • بلانےوالا ہے سب سے پیارا